پرکاش کارات
پرکاش کارات بھارت کے مشہور سیاستدان ہیں۔ وہ مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سابق جنرل سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی پیدائش 19 اکتوبر 1947ء کو برما کی راجدھانی رنگون میں ہوئی۔ انھوں نے مدراس کرسچن کالج سے بی اے کرنے کے بعد ایڈنبرا یونیورسٹی سے سیاسیات میں ایم اے کیا۔ سن 1970ء میں انھیں نسلی تعصب کی مخالفت کرنے کے سبب یونیورسٹی سے نکال دیا گیا۔ اسی سال وہ مارکسی کمیونسٹ پارٹی میں شامل ہو گئے اور 73-1972 میں وہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین کے صدر منتخب ہوئے۔ سن 79-1974 تک وہ مارکس وادی سٹیوڈنٹ یونین ایس ایف آئی کے ملکی سطح پر صدر رہے۔ ایمرجنسی کے دوران وہ زیرزمین رہے۔ سن 1992ء سے سی پی ایم کی پالٹ بیورو کے رکن ہیں۔ انھوں نے خود کبھی انتخابات نہیں لڑے۔ وہ بھارت میں خاصے بااثر بائیں بازو کے رہنماء مانے جاتے ہیں۔ کارت بھارت - امریکا جوہری سمجھوتے کی مخالفت کے لیے ملک کی سیاست میں محور بن کر ابھرے اور اس معاملے پر انھوں نے یو پی اے حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لی تھی۔