کنفیوشس مت چین کا سب سے بڑا مقامی مذہب ہے۔ کنفیوشس مذہب 25 صدیوں کی مسلسل تاریخ رکھتا ہے۔ تقریباً دو ہزار سال تک حکمرانوں کا مذہب رہا ہے۔ کنفیوشین ازم کا نام مغربی اقوام کا دیا ہوا ہے، اس کا اصلی نام ”کنفیوشس کی تعلیمات“ ہے یا پھر اس کو روجیا (儒家) کہتے ہیں جس کے معنی ”علما کی تعلیم“ کے ہیں۔

کنفیوشس مذہب چین کا قدیم مذہب ہے، اس مذہب کی بنیاد کائنات کی پرستش پر ہے اور یہ پرستش کائنات کے اجزا اور مظاہر کی پرستش ہے۔

اس مذہب کا بانی علمائے مغرب کے دیے ہوئے نام کے مطابق چین کا مشہور حاکم کنفیوشس ہے جس کے متعلق بیان کیا جاتا ہے کہ وہ 471 قبل مسیح میں گذرا ہے۔ اس کا باپ شیولیان تھا جو ایک ضلع کا حاکم تھا، جس کی بڑھاپے کی اولاد کنفیوشس تھا۔

کنفیوشس مذہب صرف چین میں نہیں، بلکہ جاپان میں بھی مقبول ہے، جہاں کم از کم اس زمانے میں اس کے ایک سے دو کروڑ کے درمیان پیروکار موجود ہیں، جاپان کے سب سے بڑے مذہب شنتو کی سیاسی تعلیمات و نظریات پر بھی ان کا خاصا اثر ہے، یوں یہ مذہب کافی وسیع بھی ہے۔

موجودہ چین میں سوشلزم کی آمد کے بعد تمام مذاہب پر پابندی ہے، جن میں بطور خاص کنفیوشس مت، بدھ مت اور تاؤ مت ہے لیکن ان کے پیروکار پھر بھی کروڑوں میں ہیں۔

کنفیوشس چونکہ الہامی مذہب نہیں ہے لہذا ایک فرد کنفیوشسی ہوتے ہوئے بدھ بھی بن سکتا ہے، تاؤ بھی اور مسلم بھی۔

مقدس کتب ترمیم

اس مذہب کو اکثر مذہبِ کتب کہا گیا ہے۔ اس کی متعدد کتب میں سے لُن یو (Lun-yu) یعنی گلدستۂ تحریر اہم ترین ہے کیونکہ اس کے مطالعہ سے اس کی تعلیمات کا سمجھنا آسان ہے۔ یہ کنفیوشس کے ملفوظات کا مجموعہ ہے جو اس کے چند شاگردوں نے اس کی وفات کے بعد تالیف کیا۔ اس میں زندگی کے ہر پہلو کے حقائق کو عام فہم کہانیوں اور عمدہ تمثیلوں میں بیان کیا ہے۔ ایک اور کتاب کنفیوشس کی طرف منسوب ہوتی ہے اور یہ انتساب محل نظر ہے۔ اس کا نام ”علم عظیم“ (Great learning) ہے۔ ایک اور کتاب بنام اعتدال کا اصول (Doctrine of the Mean) کنفیوشس کے پوتے زیسی (Zisi) کے نام سے منسوب ہے لیکن حقیقتاً وہ لی چی (Li-Chi/Liji) اور مین شس (Mencious) کی کتابوں کا اکتیسواں باب ہے۔ ان کے علاوہ پانچ اور قدیم کتابیں ہیں جو قدیم روایات کے مطابق کنفیوشس کی ادارت میں لکھی گئیں ، وہ یہ ہیں:

  1. شو چنگ (Shu-ching) یعنی کتاب التواریخ: جو تاریخی دستاویزوں پر مشتمل ہے۔ پہلے سو تھیں لیکن اب صرف اٹھاون رہ گئی ہیں، جو 2400 ق م سے 800 ق م تک کے زمانہ پرمشتمل ہے۔
  2. شی چنگ (Shih-ching): اس میں تین سو پانچ نظمیں ہیں یہ 1200 ق م سے 700 ق م کے عرصہ میں لکھی گئیں۔
  3. لی چی (Li-Chi/Liji) رسموں کی کتاب، جس میں ان سب رسوم کا ذکر ہے جو مذہبی اور غیر مذہبی تہواروں پر ضروری ہیں۔
  4. یی چنگ (Yi-Ching) انقلابات کی کتاب۔
  5. چون چیو (Ch'un-ch'iu) خزاں اور بہار کی تاریخ، صوبہ لو کے 732 ق م سے 481 ق م تک کے واقعات، حادثات اور حالات کی تاریخ۔

حوالہ جات ترمیم