آبنائے پالک
آبنائے پالک بھارت کی ریاست تمل ناڈو اور سری لنکا کے شمالی ترین حصوں کے درمیان واقع ایک آبنائے ہے۔ یہ خلیج بنگال کو خلیج پالک سے جوڑتی ہے جو جنوب مغرب میں خلیج منار سے منسلک ہے۔ یہ آبنائے 33 سے 50 میل (53 سے 80 کلومیٹر) چوڑی ہے۔ یہ آبنائے برطانوی راج کے دوران 1755ء سے 1763ء تک مدراس صوبے کے گورنر رہنے والے رابرٹ پالک سے موسوم ہے۔
آبنائے کے جنوبی حصے سنگستانوں سے بھرے ہوئے ہیں جنہیں مجموعی طور پر آدم کا پل کہتے ہیں۔ یہ بھارت کے جزیرے پمبن سے سری لنکن جزیرے منار تک پھیلے ہوئے ہیں۔
اتھلے و کم گہرے پانی اور سنگستان کے باعث بڑے جہازوں کے لیے اس آبنائے سے گذرنا مشکل ہے البتہ ماہی گیروں کی کشتیاں اور چھوٹے موٹے تجارتی جہاز صدیوں سے اس آبنائے سے گزرتے رہے ہیں۔ اس آبنائے میں جہاز رانی کے لیے ایک بڑی نہر بنانے کی تجاویز 1860ء میں برطانوی راج کے عہد سے پیش کی جاتی رہی ہیں۔ ان میں تازہ ترین تحقیق 2004ء میں ریاست تامل ناڈو کی طرف سے پیش کی گئی جو ماحولیاتی اثرات کے جائزے اور تکنیکی امکانات سے متعلق ہے۔
رودبار انگلستان کی طرح آبنائے پالک بھی طویل فاصلے تک تیراکی کرنے والے تیراکوں کے لیے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے۔