اسلام کے خلاف جنگ، اسلام پر جنگ یا اسلام پر حملہ عام طور پر اردو سے زیادہ انگریزی میں دیکھی جانے والی اصطلاحات ہیں جبکہ اردو میں عموماً اسلام پر تنقید کی اصطلاح دیکھنے میں آتی ہے لیکن چونکہ اسلام پر تنقید یا تنقید بر اسلام نسبتاً ایسے پہلو کی جانب مرکوز ہونے کا رجحان رکھتی ہے جس کو بین المذاہب موازنہ سے زیادہ قریب سمجھا جا سکتا ہے اور اس میں عام طور پر غیر مسلمین کی جانب سے اسلام پر ایسی بحث دیکھنے میں آتی ہے جو خاصی حد تک اپنا دائرہ مذہبیات تک محدود رکھے۔ اس کے برعکس اسلام پر جنگ ایک ایسی اصطلاح کا مفہوم اختیار کرچکی ہے جس میں انتقاد بر اسلام، مذہبیات سے آگے نکل کر اپنے حربی، سیاسی اور معاشرتی پہلو رکھتا ہے اسی وجہ سے اس دائرۃ المعارف پر ان دونوں موضوعات پر الگ صفحات مرتب کیے گئے ہیں۔ اگر اسلام پر جنگ کی تعریف بیان کرنے کی کوشش کی جائے تو اس کو یوں بیان کیا جا سکتا ہے کہ

ایک ایسی مہم یا پیش قدمی جس میں اسلام کو کمزور کرنے ، نقصان پہنچانے اور یا پھر صفحۂ ہستی سے مٹانے کا قصد شامل ہوتا ہے۔ اسلام پر جنگ کہلائی جانے والی اس مہم کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے تمام قسم کے ہتھکنڈے استعمال کیئے جاسکتے ہیں جن میں عسکری ، معاشی ، معاشرتی اور تقافتی شامل ہیں۔ اسلام پر کی جانے والی یہ یورش یا چڑھائی عام طور پر غیرمسلم (افراد ، اداروں اور یا پھر طاقتوں) کی جانب سے دیکھنے میں آتی ہے لیکن معاشی ، معاشرتی اور سیاسی مدارج پر اس میں مبینہ طور پر منافقین اور مسلمان ہوتے ہوئے بھی اسلام (کے بعض پہلوؤں) سے بغض رکھنے والے مسلمین بھی شامل ہوسکتے ہیں مزید یہ کہ اپنے تفرقے کو ناجیہ اور راست سمجھنے والے متعدد اسلامی تفرقے بازوں پر بھی اس طرح کا الزام عائِد کیا جاسکتا ہے؛ یہاں مضحکہ خیز بات یہ کہ اس آخری قسم کے افراد کی حرکات پر اسلام کو نقصان پہنچانے کا الزام عام طور پر دوسرے تفرقے بازوں کی جانب سے لگایا جاتا ہے جو خود اپنے تفرقے کو ناجیہ قرار دیتے ہیں۔

حوالہ جات

ترمیم