اسیک کول

مشرقی کرغزستان میں شمالی کوہ تیان شان میں واقع ایک جھیل

اسیک کول (کرغز: Ысык көл، روسی: Иссык-Куль، چینی:熱海) مشرقی کرغزستان میں شمالی کوہ تیان شان میں واقع ایک جھیل ہے۔ حالانکہ یہ برف سے ڈھکے پہاڑوں کے درمیان واقع ہے لیکن اس کے باوجود یہ کبھی نہیں جمتی۔ اس لیے اس کا نام کرغز زبان میں 'اسیک کول' ہے جس کا مطلب "گرم جھیل" ہے۔ یہ جھیل رامسر کنونشن کے تحت حیاتیاتی تنوع کے حساب سے عالمی سطح پر ایک اہم مقام شمار کی جاتی ہے۔

اسیک کول کے جنوبی ساحلوں کا منظر، پس منظر میں تیان شان کے پہاڑی سلسلے کی برفانی چوٹیاں نمایاں ہیں

اس جھیل کی لمبائی 182 کلومیٹر اور چوڑائی 60 کلومیٹر تک ہے۔ جھیل 6236 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس طرح یہ جھیل ٹیٹیکاکا/تیتی کاکا کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی پہاڑی جھیل ہے۔ یہ 1606 میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ گہرائی 668 میٹر اور اوسط گہرائی 270 میٹر ہے۔ قریبی پہاڑوں کے کئی چشمے، بشمول گرم چشمے اور پگھلی ہوئی برف سے اسے پانی ملتا ہے۔ جنوبی ساحلوں پر تیان شان کے خوبصورت پہاڑی سلسلے کی اونچی نیچی چوٹیاں اس جھیل کو انتہائی حسین منظر عطا کرتی ہیں۔ جھیل کا پانی تھوڑا سا نمکین ہے۔ اس کے پانی میں سالانہ 5 سینٹی میٹر کے حساب سے کمی واقع ہو رہی ہے۔

سوویت دور میں یہ ایک مشہور سیاحتی مقام تھی اور اس کے شمالی ساحلوں پر کئی اقامت گاہیں واقع تھیں۔ سوویت اتحاد کے خاتمے کے بعد یہاں کی اقامت گاہوں کی صنعت پر کڑا وقت آیا تاہم اب سیاحوں کی دوبارہ آمد کے باعث یہ علاقہ ایک مرتبہ پھر سیاحت کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

قرہ قول (Karakol)/قراقول کا شہر اسیک کول اوبلاست (یعنی صوبہ) کا انتظامی دار الحکومت ہے۔ یہ جھیل کے مشرقی کنارے پر واقع ہے اور اس جھیل اور ملحقہ علاقوں میں سیاحت کے خواہش مند افراد کے لیے ایک مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں کی لکڑی کی بنی ہوئی شاندار مسجد مقامی اویغور نسل کے افراد نے بغیر کیلوں کی تیار کی تھی۔

متعلقہ مضامین

ترمیم