ایسگناٹ
ایسگناٹ (Assignat) کا تلفظ اے سِگ ناٹ ہے۔ یہ 1789 سے 1796 کے درمیان فرانس میں جاری کی جانے والی کاغذی کرنسی تھی جو بُری طرح ناکامی کا شکار ہوئی تھی۔
فرانس
ترمیمفرانس کی حکومت جب کنگال ہو گئی تو 2 نومبر 1789 کو فرانس کی نئی انقلابی نیشنل اسمبلی نے کیتھولک چرچ کی ساری جائیدادوں پر قبضہ کر لیا اور اسے قومی ملکیت قرار دیا۔ اس کے بعد حکومت نے چرچ کے ان اثاثوں کی ضمانت پر حکومتی بونڈ (قرضے) جاری کیے جن پر پہلے سال سود بھی ملا۔ شروع میں تو حکومت کو قرضوں میں کمی کرنے میں خاطر خواہ کامیابی بھی ملی مگر بہت زیادہ نوٹ چھپنے کی وجہ سے جلد ہی افراط زر (انفلیشن) اور پھر ہائپر انفلیشن کی وجہ سے اس کرنسی کی قیمت لگ بھگ صفر ہو کر رہ گئی۔
دوسرے ممالک نے بھی موقع کا خوب فائیدہ اٹھایا۔ برطانیہ، بیلجیئم اور سوئیزرلینڈ نے بڑے پیمانے پر فرانسیسی جعلی کرنسی چھاپی۔ صرف لندن میں سترہ ادارے، جن میں 400 لوگ کام کرتے تھے، جعلی فرانسیسی ایسگناٹ چھاپنے میں مصروف تھے۔ انھوں نے فرانس کے مقابلے میں دگنا جعلی نوٹ چھاپ کر فرانس بھجوا دیے۔
غذا کی شدید قلت کی وجہ سے فرانس میں بد ترین فسادات پھوٹ پڑے۔ جنگوں نے صورت حال کو مزید خراب کیا۔
اسمبلی نے ایسے قانون منظور کیے جن کے تحت دکان دار کا گاہک سے یہ دریافت کرنا کہ وہ ادائیگی ہارڈ کرنسی میں کرے گا یا کاغذی کرنسی میں، ایک سنگین ترین جرم قرار دیا گیا جس کی سزا گردن زدنی بھی ہو سکتی تھی۔ چالاک لوگوں نے بڑے بڑے قرضے لے کر جائیدادیں خرید لیں کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ایسگناٹ کی قیمت جلد ہی بہت گر جائے گی۔ اور جب یہ واقعی گری تو قرض اتارنا نہایت آسان ہو گیا۔ اس طرح سیدھے سادھے عوام کا خطیر سرمائیہ ان چند لوگوں کو منتقل ہو گیا جو جانتے تھے کہ کیا ہونے والا ہے۔[1]
21 جنوری 1793 کو بادشاہ لوئس سولہویں کو سزائے موت دی گئی۔
حکومتی وعدے کے مطابق 40 ارب لیور مالیت کے کاغذی ایسگناٹ کی چھپائی کی حد مکمل ہونے پر 19 فروری 1796ء کو پرنٹنگ پریس اور اس کی پلیٹیں توڑ دی گئیں۔ لیکن صرف ایک مہینے بعد ایک نئی کاغذی کرنسی Mandats territoriaux جاری کی گئی۔[2] یہ نئی کرنسی چھ ماہ میں ناکام ہو گئی۔[3] 1799 کو نپولین اقتدار میں آیا۔ 1803 میں نپولین نے فرانس میں سونے کی کرنسی فرانک دوبارہ نافذ کر دی جس کے بعد معاشی صورت حال میں بہتری آنی شروع ہو گئی۔
اندازہ لگایا جاتا ہے کہ 1789 میں فرانس میں چرچ کی آمدنی 15 کروڑ لیور سے زیادہ تھی۔ لگ بھگ 6 فیصد زمینوں کا مالک بھی چرچ تھا۔ بے شمار عمارتیں، اسکول ہسپتال اور ادارے بھی چرچ کے زیر اثر تھے۔ اس علاوہ چرچ کو زرعی آمدنی کا دس فیصد (tithe) عطیہ کیا جاتا تھا جس پر چرچ کوئی ٹیکس ادا نہیں کرتا تھا۔[4]
روس
ترمیمروس میں ایسگناٹ کو ایسگناٹسیا (assignatsia) کہا جاتا تھا جس کا مطلب "بینک نوٹ" تھا۔ روس میں یہ کرنسی 1769 سے پہلی جنوری 1849 تک استعمال ہوئی۔ اس کا فرانسیسی اسگناٹ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
اٹلی
ترمیمفرانس کی انقلابی فوجوں نے اٹلی میں بھی 1798 سے 1799 تک اسگناٹ جاری کیے۔
مزید دیکھیے
ترمیمحوالہ جات
ترمیم- ↑ It's 1790 All Over Again
- ↑ Nelson White (1995)۔ "The French Revolution and the Politics of Government Finance, 1770-1815"۔ The Journal of Economic History۔ 55 (2): 246–47۔ JSTOR 2123552
- ↑ Mandats territoriaux
- ↑ The French Revolution and the Catholic Church