باب:مصر/Selected biography
جمال عبدالناصر (پیدائش: 15 جنوری 1918ء، وفات: 28 ستمبر 1970ء) 1954ء سے 1970ء میں اپنی وفات تک مصر کے صدر رہے۔ وہ عرب قوم پرستی اور نو آبادیاتی نظام کے خلاف اپنی پالیسی کے باعث مشہور ہوئے۔ عرب قوم پرستی انہی کے نام پر ناصر ازم کہلاتی ہے۔ ناصر اب بھی عرب دنیا میں عربوں کی عظمت اور آزادی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
وہ 15 جنوری 1918ء کو مصر کے شہر اسکندریہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محکمہ ڈاک خانہ میں کام کرتے تھے۔ وہ بچپن ہی سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے شوقین تھے اور محض 11 سال کی عمر میں ایک سیاسی مظاہرے میں شرکت کی جہاں پولیس کے لاٹھی چارج سے زخمی اور بعد ازاں گرفتار ہوئے۔
انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے دوران مصر کو برطانوی قبضے سے آزاد کرانے کے لیے محوری طاقتوں خصوصاً اطالویوں سے رابطہ کیا تاہم منصوبے میں ناکام رہے۔ انہوں نے فوج میں ہم خیال افراد کا ایک گروہ تشکیل دیا جو حركة الضباط الأحرار کہلایا۔
اسی گروہ نے 23 جولائی 1952ء کو بغاوت کرتے ہوئے حکومتی دفاتر، ریڈیو اسٹیشنوں، تھانوں اور قاہرہ میں فوج کے صدر دفتر پر قبضہ کرلیا۔ اس بغاوت کے نتیجے میں 1948ء کی عرب اسرائیل جنگ کے ہیرو جنرل محمد نجیب مصر کے صدر بن گئے۔