تاج الاخبار
تاج الاخبار برطانوی راج میں 1975ء[1] میں ریاست رام پور سے جاری ہونے والا اردو زبان کا اخبار تھا۔ اس کے مدیر و بانی نواب رام پور نواب کلب علی خان کے استادِ سخن امیر مینائی تھے۔ وہ لکھنؤ میں کچھ عرصہ سحر سامری کی ادارت کر چکے تھے۔ امیر مینائی کے صاحب زادے حافظ محمد احمد قمر تاج الاخبار کے مہتمم تھے۔ اس اخبار کو ریاست رام پور سرپرستی حاصل تھی۔ 25 × 2 / 1-16 سینٹی میٹر کے 16صفحات پر مشتمل، دو کالمی اخبار تھا۔ اس کا کاغذعمدہ اور کتابت دیدہ زیب تھی۔ سر ورق کی تزئین گل بوٹوں سے کی گئی تھی۔ لوح کے اوپر ریاست رام پور کی سرکاری مہر کا نشان چھپتا تھا۔ لوح کے نیچے انگریزی میں دی تاج الاخبار لکھا ہوتا تھا اور پھر اس کے بعد اخبار کا فارسی قطعۂ تاریخ جو نقی غنی لکھا ہوا تھا، درج ہوتا تھا۔ سر ورق پر اخبار کے قواعد و ضوابط اشتہار شائع کیے جاتے تھے۔[2] اس اخبار میں خبریں خاصی تعداد میں شائع ہوتی تھیں۔ سیاسی، سماجی، انتظامی، ریاستی ، تعلیمی، فوجی، حادثاتی، انسانی دلچسپی غرض یہ کہ سبھی قسم کی خبروں کو جگہ دی جاتی تھی۔ خبریں بالعموم مختصر ہوتی تھیں۔ خبروں کی ادارت عمدگی اور مہارت سے کی جاتی تھی۔[3] اخبار کی پالیسی حکومت کی حمایت و تظیم تھی۔ حکومت پر تنقید اور نکتہ چینی سے گریز کیا جاتا تھا۔ اخبار عام طور پر جھگڑوں اور تنازعات میں اُلجھنے سے گریز کرتا تھا۔[4] تاج الاخبار میں اداریے تو نہیں ہوتے تھے البتہ مضامین با قاعدگی سے شائع ہوتے تھے۔ مضامین زیادہ تر زبان، تہذیب و اخلاق اور تاریخ وغیرہ کے موضوعات پر مشتمل ہوتے تھے۔[5]
ہیئت | براڈشیٹ |
---|---|
مالک | ریاست رام پور |
مدیر | امیر احمد مینائی |
آغاز | اگست 1875ء |
زبان | اردو |
صدر دفتر | ریاست رام پور، برطانوی ہندوستان |