حسین علی الوانی
مولانا حسین علی الوانی چودھویں صدی ہجری کے ممتاز عالم دین،مصلح،مفسر قرآن،داعئ توحید و سنت اور شیخ طریقت تھے۔[1][2][3]
حسین علی الوانی | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائش | 1860ء کی دہائی واں بھچراں |
عملی زندگی | |
استاذ | مولانا رشید احمد گنگوہی ، محمد مظہر نانوتوی ، احمد حسن کانپوری |
پیشہ | عالم |
درستی - ترمیم |
ولادت اور تعلیم
ترمیممولانا حسین علی الوانی 1283ھ / 1866ء یا 1867ء میں واں بھچراں ضلع میانوالی کے ایک زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں کے قریب موضع شادیہ اور بندیال میں مولانا سلطان محمود نامی سے حاصل کی بعض کتابیں اپنے والد ماجد سے پڑھیں۔ 1302ھ میں رشید احمد گنگوہی کے سامنے زانوئے تلمذ تہ کیا اور ان سے سندِ حدیث حاصل کی۔ کچھ عرصہ محمد مظہر نانوتوی سے تفسیر قرآن کا درس لیا۔ 1304ھ میں احمد حسن کانپوری سے منطق و فلسفہ کی تکمیل کرکے وطن لوٹے۔[4]
درس و تدریس
ترمیمواپس آکر انھوں نے اپنے قصبہ واں بھچراں میں تدریس کا آغاز کیا۔ ابتدا میں درسی کتب صرف و نحو فقہ وغیرہ فنون کی کتابیں پڑھائیں۔ دور دور سے طلبہ پڑھنے کے لیے آتے تھے۔[5]
آغاز تدریس قرآن
ترمیمپھر انھوں قرآن مجید کی تدریس کا آغاز کیا۔ وہ بڑے مدلل اور پرمغز طریقے سے تفسیر پڑھاتے تھے۔ ان کی تفسیری مہارت کا شہرہ دور دور تک پھیلا ہوا تھا۔[6] وہ نظم قرآن پر خصوصی توجہ دیتے اور قرآن کا مغز اور خلاصہ بیان کرتے۔ ان کے نزدیک قرآن کا اصل موضوع توحید ہے جس کی وضاحت ان کے شاگردوں نے اپنی بعض کتب میں کی ہے۔ ان کا یہ طریقہ تدریس ہم عصر علما سے منفرد حیثیت کا حامل رہا یہی وجہ ہے کہ ان کے پاس ایسے علما بھی تفسیر پڑھنے کے لیے آتے تھے جن کی زندگیاں درس و تدریس میں گذر چکی تھیں۔ ان کے اس سلسلہ تفسیر کو ان کے تلامذہ نے آگے بڑھایا اور بڑی حد تک کامیاب ہوئے۔
تبلیغی مساعی
ترمیمانھوں بیعت کرنے کے بعد عوام کی اصلاح کا آغاز کیا۔ پہلے معاشرے کا بغور مطالعہ کیا جو شرک و بدعت کے اندھیروں میں لپٹا ہوا تھا۔ بعض خانقاہوں میں خود جا کر بچشم خود بدعات کا مشاہدہ کیا۔ خانقاہی مسند نشینوں سے تبادلہ خیال کیا جو قرآن و سنت کے دلائل سن کر وقتی طور پر تو متاثر ہو جاتے لیکن مشرکانہ رسومات کو بالکلیہ ترک کر دینے میں انھیں اپنا مستقبل تاریک نظر آنے لگتا۔ زوال اقتدار کا اندیشہ انھیں تعلیم حق سے روک دیتا۔ جب وہ ان کی اصلاح سے مایوس ہوئے تو براہ راست عوام سے مخاطب ہو کر ان کی اصلاح کرنا چاہیی۔ انھوں نے دو اصلاحی شعبے قائم کیے ایک
- شعبہ درس و تعلیم
- شعبہ وعظ و تبلیغ
اکثر و بیش تر وہ اپنے شاگردوں کو ساتھ لے کر تبلیغ کے لیے نکل جاتے اور بڑے بڑے مجمعوں میں خود درس قرآن دیتے۔[6] مولانا کا اصل ذوق توحید تھا جو ان کے شاگردوں میں بھی کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ وہ جہاں جاتے اسی طرز پر توحید بیان کرتے۔ اسی بنا پر انھیں معاصرین متشدد کہا کرتے تھے۔
رد عمل
ترمیمرد عمل کے طور پر انھیں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے شرک و بدعت کی مخالفت میں ماریں کھائیں۔ جیلوں میں محبوس ہوئے۔ معاشرتی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کو شہر چھوڑ کر اپنی مزروعہ زمین پر آباد ہونا پڑا۔[7] دوسری جانب کئی لوگوں کی اصلاح ہوئی۔ شرک و بدعت سے توبہ تائب ہوکر توحید و سنت کے رکھوالے بنے۔
تصانیف
ترمیمانھوں نے وعظ و تدریس کے علاوہ تصنیف و تالیف کے ذریعے بھی شرک و بدعت کے خاتمہ کے لیے بڑا کام کیا۔ آپ نے ہر موضوع پر کتابیں لکھیں جن میں:
- بلغة الحیران فی ربط آیات القرآن،
- تفسیر بے نظیر،
- تلخیص الطحاوی،
- تحریرات حدیث علی اصول التحقیق،
- تقریر الجنجوہی علی صحیح البخاری،
- تقریر الجنجوہی علی صحیح المسلم،
- برہان التسلیم،
- خلاصہ فتح التقدیر،
- تحفہ ابراہیمیہ اور
- حواشی فوائد عثمانی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
2008ء میں اول الذکر کتاب پر ڈاکٹر سراج الاسلام حنیف نے تحقیقی کام کر کے اسے دوبارہ شائع کیا جس سے کتاب کی افادیت مزید بڑھ گئی ہے۔تفسیر بے نظیر پر مولانا محمد حسین نیلوی نے بدر منیر کے نام سے تحقیقی حاشیہ لکھ کر شائع کیا۔ تحریرات حدیث پر شیخ نیلوی نے فتح المغیث کے نام سے حاشیہ اور تدوین نو کا آغاز کیا تھا لیکن ابھی صرف سو صفحات تک ہی کام مکمل ہو پایا تھا کہ شیخ نیلوی حوادث زمانہ کی نظر ہو گئے۔
بیعت
ترمیمآپ خواجہ محمد عثمان دامانی سے سلسلہ نقشبندیہ میں بیعت ہوئے اور خواجہ دامانی کے اصحاب خاص میں شمار ہوتے۔ اُن کی وفات کے بعد خواجہ سراج الدین کی طرف رجوع کیا اور ان ہی سے خلافت حاصل کی۔ بعد از اں آپ سلوک و تصوف کے اعلیٰ مقام پر فائز ہوئے اور متعدد ممتاز علما کو خلعت خلافت سے نوازا۔
تلامذہ
ترمیم- مولانا سراج الدین دامانی،
- مولانا غلام رسول انّہوئی،
- مولانا ولی الله انہوی،
- مولانا عبد العزیز سہالوی،
- مولانا نصیر الدین غورغشتوی،
- مولانا غلام الله خان،
- مولانا عبد الغنی جا جر و ی
- مولانا قاضی نور محمد،
- مولانا محمد امیر بندیالوی،
- مولانا قاضی شمس الدین،
- مولانا محمد سرفراز خان صفدر،
- مولانا سید عنایت الله شاہ بخاری،
- مولانا محمد طاہر پنج پیری،
- مولانا محمد شاہ جہلمی،
- مولانا عبد الرؤف بوچھالوی،
- مولانا محمد زمان سنگوالوی،
- مولانا یار محمد ملتانی،
- مولانا عبد الله بہلوی وغیرہ شامل ہیں
حوالہ جات
ترمیم- ↑ ماہنامہ ضیائے توحید سرگودھا،شمارہ:6،جولائی 2012ء،صفحہ 28
- ↑ Saifullah، Dr Hafiz Muhammad Shahbaz (2020-06-30)۔ "نظمِ قرآن:حسین علی الوانی کے افکار کا مطالعہ: Coherence in the Quran: A Study of the Thoughts of Ḥusain ʻAlī al-Wānī"۔ Al-Qamar (بزبان انگریزی): 275–282۔ ISSN 2664-4398
- ↑ محمد بلال، ڈاکٹر حافظ عبدالمجید (2020-06-30)۔ "Coherence trend in tafseer bulghtulheran written by sheikh Hussain Ali alwani."۔ Majallah-e-Talim o Tahqiq (بزبان انگریزی)۔ 2 (2)۔ ISSN 2618-1363
- ↑ مرشد کامل،مولانا خلیل احمد،صفحہ 10 و 11
- ↑ ایضا ص 12 و 13
- ^ ا ب ایضا ص 16
- ↑ ایضا ص 17
مزید پڑھیے
ترمیمآپ کے حالات زندگی پر کئی کتب شائع ہو چکی ہیں جن میں
- مولانا حسین علی حیات تعلیمات کردار از میاں محمد الیاس محمود
- ذکر الوانی،مرتب:میاں محمد الیاس محمود
- سوانح مولانا حسین علی الوانی از مولانا محمد یعقوب فیصل آبادی
- ناشرالقرآن از مولانا محمد حسین شاہ نیلوی
- مرشد کامل از مولانا خلیل احمد واں بچھروی
وغیرہ اہم تصور کی جاتی ہیں۔