انقلاب اکتوبر
انقلاب اکتوبر (روسی زبان: Октябрьская революция، اکتیابرساکایا ریوولیوشیا)، جسے سوویت انقلاب یا بالشویک انقلاب بھی کہا جاتا ہے، ایک سیاسی انقلاب تھا جو انقلاب روس کا ایک حصہ تھا۔ اِس کا آغاز جولین تقویم کے مطابق 25 اکتوبر 1917ء (7 نومبر 1917ء بمطابق گریگورین تقویم) کو پیٹروگراڈ میں ایک مسلح بغاوت سے ہوا۔ یہ فروری 1917ء کے انقلاب کے بعد انقلاب روس کا دوسرا مرحلہ تھا۔ انقلاب اکتوبر میں روس کی عبوری حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا اور تمام تر اقتدار سوویت دھڑوں نے حاصل کر لیا جس میں بالشویکوں کو برتری حاصل تھی۔ اس کے بعد روسی خانہ جنگی (1917ء تا 1922ء) کا آغاز ہوا اور 1922ء میں سوویت اتحاد (سوویت یونین) قائم ہوا۔
اس انقلاب کی قیادت ولادیمیر لینن کی زیر قیادت بالشویک گروہ نے کی جس نے پیٹروگراڈ میں اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے مسلح افواج کو منظم کیا۔ عسکری انقلابی جمعیت (Military Revolutionary Committee) کے زیر انتظام بالشویک سرخ نگہبانوں (Bolshevik Red Guards) نے 24 اکتوبر کو سرکاری عمارات پر قبضہ کرنا شروع کیا۔ 25 اکتوبر (جولین تقویم کے مطابق) قصرِ سرد پر قبضہ کر لیا گیا جو اُس وقت روسی دار الحکومت پیٹروگراڈکی عبوری حکومت کا مرکز تھا۔
کیونکہ یہ انقلاب گریگورین تقویم کے مطابق نومبر میں آیا تھا اسے لیے بسا اوقات اسے انقلاب نومبر بھی کہا جاتا ہے۔ 1927ء میں انقلاب کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر سوویت اتحاد نے انقلاب اکتوبر کو "عظیم اشتراکی انقلاب اکتوبر" کا نام دیا۔ ماہ اکتوبر کے واقعات کو بیان کرنے کے لیے بسا اوقات اسے "سرخ اکتوبر" بھی کہا جاتا ہے۔
انقلاب اکتوبر کے نتیجے میں روسی ریاست پارلیمانی سے اشتراکی نظام کی جانب منتقل ہو گئی۔ بالشویک مخالف دھڑوں (مثلاً سفید تحریک) اور فاتح اتحادیوں کی افواج نے خانہ جنگی کے دور میں حکومت کا تختہ الٹنے کی متعدد کوششیں کی لیکن ناکام رہیں۔ ریاستہائے متحدہ امریکا نے 1933ء تک سوویت حکومت کو تسلیم نہیں کیا جبکہ یورپی قوتوں نے 1920ء کی دہائی کے اوائل ہی میں سوویت اتحاد کو تسلیم کر لیا۔
7 نومبر، جو انقلاب اکتوبر کی اصل تاریخ ہے، سوویت اتحاد میں تعطیل کی حیثيت حاصل تھی جبکہ بیلاروس میں آج بھی اس روز تعطیل ہوتی ہے۔
انقلاب اکتوبر 1917ء روس میں پہلی اشتراکی حکومت کے قیام کا آغاز تھا جس کے بعد وہ اشتراکی جمہوریاؤں کے سوویت اتحاد میں بدل گیا اور 1991ء تک قائم رہا۔
متعلقہ مضامین
ترمیمویکی ذخائر پر انقلاب اکتوبر سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |