کمیت
کسی جسم میں موجود مادے کی مقدار کو اس کی کمیت کہتے ہیں۔ اگرچہ عام طور پر کمیت اور وزن کو ہم معنی سمجھا جاتا ہے مگر ایسا نہیں ہے۔ وزن سے مراد وہ قوت ہوتی ہے جس سے زمین کسی مادی شے کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ کمیت کسی طبیعی جسم کی طبیعی خاصیت بھی ہے اور جب اس جسم پر قوت لگائی جائے تو اس کے اسراع میں مزاحمت کی پیمائش بھی ہے۔ کسی جسم کی کمیت اس کی دوسرے مادی اجسام کی طرف ثقلی کشش کی وضاحت کرتا ہے۔
علمِ طبیعیات میں کمیت وزن کی طرح نہیں ہے اگرچہ بعض اوقات کمیت کی وضاحت کے لیے کسی جسم کے وزن کی پیمائش عام ترازو کی بجائے کمانی دار ترازو سے پہلے سے معلوم کمیتوں سے موازانہ کر کے کی جاتی ہے۔ کسی جسم کا وزن زمین کی نسبت چاند پر کم ہوگا کیونکہ چاند کی کشش ثقل زمین کی نسبت کم ہے۔ لیکن ان کی کمیت ایک جیسی ہوگی اس کی وجہ یہ ہے کہ وزن صرف ایک قوت ہے جبکہ کمیت کسی جسم کی وہ خاصیت ہے جو (کششِ ثقل کے ساتھ) اس قوت کی طاقت کی وضاحت کرتا ہے۔ بین الاقوامی نظام اکائیات میں کمیت کی اکائی کلوگرام ہے اور اسے ایس آئی اکائی علامت kg سے ظاہر کیا جاتا ہے۔