محب ہند (اخبار)

دہلی سے 1847 میں شائع ہونے والا اردو اخبار

محب ہند برطانوی راج میں دہلی سے شائع ہونے والا اردو زبان کا ایک ماہانہ علمی و ادبی اخبار تھا۔ یہ اخبار یکم ستمبر 1847ء کو ریاضی کے مشہور عالم اور محقق، دہلی کالج میں سائنس کے استاد ماسٹر رام چندر نے مطبع دہلی اردو اخبار سے جاری کیا۔ ابتدا میں اس کا نام خیر خواہِ ہند تھا لیکن بعد میں اس شمارے کا نام بدل کر محبِ ہند رکھ دیا گیا۔[1][2]

محب ہند
قسمماہانہ
بانیماسٹر رام چندر
ناشرمطبع دہلی اردو اخبار، مکان مولوی محمد باقر، دہلی
مدیرماسٹر رام چندر
آغازیکم ستمبر، 1847ء
زباناردو
اختتامیکم اگست، 1850ء
صدر دفتردہلی، برطانوی ہندوستان

تاریخ

ترمیم

ماسٹر رام چند اپنی بیدا مغزی، وسیع النظری جذبہ اشاعتِ علم کی وجہ سے فوائد الناظرین کی تنگ دامانی پر زیادہ عرصہ تک قناعت نہ کر سکے، کیوں کہ ان کی حب الوطنی، انسان دوستی اور حریتِ فکر انھیں ہر لحظہ متفکر اور بے قرار رکھتی تھی۔وہ سرکار کمپنی بہادر کی ثناخوانی، وفاداری اور اطاعت کے باوجود ہندوستان کی آزادی کے متمنی اور آرزو مند تھے اور اشاعتِ علم کو اس کا بہترین وسیلہ اور ذریعہ سمجھتے تھے۔ چنانچہ یکم ستمبر 1847ء کو خیر خواہِ ہند کے نام سے ایک علمی اور ادبی مصور ماہانہ اخبار یا رسالہ جاری کیا۔ اشاعت سے قبل شوق و طلب میں اضافہ کے لیے فوائد الناظرین میں اس اخبار کی تشہیر کی گئی۔ابتداً یہ رسالہ مولوی محمد باقر کے مطبع دہلی اردو اخبار میں پنڈت موتی لال پرنٹر کے اہتمام سے شائع ہوتا تھا۔ لیکن بعد میں مطبع العلوم میں چھپنے لگا۔ اس کی ایک روپیہ ماہانہ قیمت مقرر تھی۔[3]

نام کی تبدیلی

ترمیم

ابھی خیر خواہِ ہند کے دو شمارے ہی جاری ہوئے تھے کہ اہلِ نظر نے مدیر کو مطلع کیا کہ اس نام کا ایک رسالہ مرزاپور سے جاری ہے، چنانچہ مدیر نے نومبر 1847ء سے خیر خواہ ہند کا نام بدل کر محبِ ہند رکھ دیا۔ اس سلسلے میں فوائد الناظرین 18 اکتوبر 1847ء کے شمارے میں بعنوان تبدیلی نام رسالہ خیر خواہِ ہند کی رام چند نے یہ سطور لکھیں تھیں:

چوں کہ ہم کو اس امر کی بالکل اطلاع نہ تھی کہ کوئی اخبار خیر خواہِ ہند ہندوستان میں اجرا ہوتا ہے تو اس واسطے ہم نے اپنے رسالے کا نام خیر خواہ ہند رکھا تھا۔ اب معلوم ہوا ہے کہ ایک اخبار مسمی خیر خواہِ ہند مرزا پور میں جاری ہوتا ہے تو ہم کو مناسب نہیں ہے کہ ہم اپنے رسالے کا نام بھی خیر خواہِ ہند رکھیں۔ اس واسطے ہم نے نام اس رسالے کا تبدیل کیا اور بجائے خیر خواہِ ہند کے محبِ ہند رکھا۔واسطے اطلاع کے اس کے خریداروں کی خدمت میں گزارش کی۔ فقط۔[4]

مزید دیکھیے

ترمیم

حوالہ جات

ترمیم
  1. ڈاکٹر عبد السلام خورشید، صحافت: پاکستان و ہند میں، مجلس ترقی ادب لاہور، نومبر 2016ء، ص 137
  2. صدیق الرحمٰن قدوائی، ماسٹر رامچندر، شعبہ اردو، دہلی یونیورسٹی،اگست 1961ء، ص 66
  3. نادر علی خاں، اردو صحافت کی تاریخ، ایجوکیشنل بک ہاؤس، علی گڑھ، 1987ء، ص 188-189
  4. صدیق الرحمٰن قدوائی، ماسٹر رامچندر، شعبہ اردو، دہلی یونیورسٹی،اگست 1961ء، ص 66-67