نارنگ یا نارنگ منڈی پاکستان کا ایک شہر ہے جو صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں واقع ہے۔

شہر
نارنگ شہر کا ایک منظر
ملک پاکستان
صوبہپنجاب
ضلعشیخوپورہ
منطقۂ وقتپاکستان کا معیاری وقت (UTC+5)

یہ شہر رائس ملوں اور چاول کی منڈی کی وجہ سے پاکستان بھر میں مشہور ہے۔ ضلع شیخوپورہ کا قصبہ شیخوپورہ سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

تاریخ

ترمیم

مغل بادشاہ اکبر کے عہد سے قبل یہ گاؤں زراعت پیشہ قبیلہ کے نارنگ نامی بزرگ کے نام پر آباد ہوا۔ اکبر کے عہد میں ایک بزرگ میراں سیّد احمد مغل اعظم کی فوج کے ہمراہ لاہور آئے اور پھر وہاں سے یہاں آکر مقیم ہوئے۔ ان کی کوششوں سے یہاں چند لوگ مسلمان ہو گئے، پھر اردگرد سے جٹھول قوم کے افراد یہاں آبسے۔ انگریزی عہد تک یہ ایک گاؤں کی حیثیت رکھتا تھا۔

انتظامی حیثیت

ترمیم

انگریز عہد میں یہ ضلع سیالکوٹ کے تھانہ رعیہ اور تحصیل پسرور میں شامل تھا۔ 1922ء میں شیخوپورہ ضلع اور تھانہ سدھانوالی میں شامل ہوا۔

ریلوے اسٹیشن

ترمیم

1926ء میں اس علاقہ سے شاہدرہ نارووال ریلوے سیکشن کے درمیان پٹڑی بچھائی گئی، تو نارنگ میں ریلوے اسٹیشن قائم کیا گیا۔ اس طرح موجودہ نارنگ منڈی 1926ء سے آباد ہونا شروع ہوا۔ اردگرد کے دیہات کے لوگ یہاں آباد ہونا شروع ہوئے۔

تعلیمی ادارے

ترمیم

1930ء میں یہاں پرائمری اسکول جو نارنگ گاؤں میں شروع کیا گیا۔ 1934ء میں مڈل کا درجہ پاکر نارنگ منڈی منتقل ہوا۔ اسی عرصہ میں یہاں تھانہ بھی بنا دیا گیا۔ 1947ء میں یہاں کافی قتل و غارت گری ہوئی۔ 1950ء میں مڈل اسکول کو ہائی کا درجہ مل گیا۔ اب یہاں طلبہ و طالبات کے انٹر کالج اور ہائیر سیکنڈری اسکول، تھانہ ، ہسپتال ، غلہ منڈی ، دفتر زراعت موجود ہیں۔

پیدوار

ترمیم

چاول اور گندم یہاں کی اہم فصلیں ہیں۔ یہاں کا چاول اپنے ذائقے میں بہت مشہور ہے۔ یہاں چاول چھڑنے کے متعدد کارخانے بھی ہیں۔ ان میں بُٹر رائس ملز ایک بڑا صنعتی یونٹ ہے۔ یہاں کا چاول اندرون اور بیرون ملک پسند کیا جاتا ہے اور اس کی خرید وفروخت کی یہاں بہت بڑی منڈی ہے۔

تجارتی مراکز

ترمیم

ریل بازار، صدر بازار، چھتہ بازار ، غلہ منڈی اور سبزی منڈی یہاں کے کاروباری مراکز ہیں،

محلے

ترمیم

رفیق آباد، مسلم پارک، محمد پور، جنوبی اور شمالی، محلہ شیخاں دی مسجد، شرقی آبادی، فیروز پورہ، محلہ شریف پورہ ،محلہ مظفر آباد، ایف جے کالونی اور محلہ گرِڈ یہاں کی رہائشی بستیاں ہیں۔

مزارات

ترمیم

یہاں نہرے تہ، غلام قادر،پیر بخاری اور عظیم صوفی بزرگ حافظ محمد افضل فقیرؒ جیسے عظیم بزرگوں کے مزارات بھی ہیں۔

مشاہیر

ترمیم
  • معروف مسلم لیگی رہنما ملک برکت علی عتیق کا تعلق اسی قصبے سے تھا۔ آپ 1910ء میں پیدا ہوئے اور 1995ء میں وفات پائی۔ بلدیہ نارنگ منڈی کے چیئرمین بھی رہے۔
  • علم و ادب کے اعتبار سے معروف کالم نگار صحافی اظہر سہیل، صوفی محمد افضل فقیر کا تعلق بھی یہاں سے تھا۔ اظہر سہیل 1949ء میں پیدا ہوئے اور 1997ء میں انتقال کیا۔ایجنسیوں کی حکومت، پیر پگاڑا کی کہانی کچھ ان کی اور کچھ میری زبانی، سازشوں کا دور اور سندھ سے اوجڑی کیمپ تک آپ کی تصانیف ہیں۔
  • دینی و علمی شخصیت صوفی محمد افضل فقیر قریبی گائوں چک دھیدو میں 1936ء میں پیدا ہوئے اور 1994ء میں وفات پائی۔ جان جہاں، آب و رنگ، عطائے محمد، شاہیب الرحمہ اور پاس اعتبار آپ کی تصانیف ہیں۔
  • مولانا شمشاد سلفی (اہل حدیث عالم دین/ م 24 ستمبر 2022ء)

آبادی

ترمیم

نارنگ منڈی کی آبادی 1981ء میں 17081 اور 1998ء کی مردم شماری کے مطابق 31345 نفوس پر مشتمل تھی [1] 2017ء کی مردم شماری کے مطابق آبادی 45770 تھی،

حوالہ جات

ترمیم
  1. (کتاب ’’نگر نگر پنجاب:شہروں اور قصبات کا جغرافیائی، تاریخی، ثقافتی اور ادبی انسائیکلوپیڈیا‘‘ سے مقتبس)٭…٭…٭