ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2019/ہفتہ 42
بھارت کی تاریخ میں ہجومی تشدد کی وارداتیں عرصہ قدیم سے چلی آرہی ہیں جن کی وجوہات ہر دور میں مختلف رہیں۔ چونکہ بھارت کی سرزمین پر ایک ایسا تکثیری معاشرہ آباد رہا ہے جس میں ذات پات اور چھوت چھات کے نظام کو اہل مذہب کی پشت پناہی حاصل رہی، لہذا اعلیٰ ذات کے اشخاص یا شرفا چھوٹی اُمت کے افراد کو ان کی معمولی لغزشوں کی بنا پر بے جا تشدد کا نشانہ بناتے اور انہیں سخت زدوکوب کرتے۔ بسا اوقات یہ معمولی لغزشیں کوئی غلطی نہیں بلکہ ایک انسانی عمل ہوتا جس کی پاداش میں مبینہ ملزم کو پیٹ پیٹ کر ابدی نیند سلا دیا جاتا۔ ہجومی تشدد کی کچھ وجوہات قدیم زمانے سے چلی آ رہی ہیں اور بعض جدید دور میں سیاسی مفادات کے تحت سامنے آئی ہیں۔ قدیم وارداتوں میں توہمات یا سماجی روایتوں کے زیر اثر اور مخصوص انداز میں کسی گروہ کے تشدد پر اتر آنے کے واقعات ملتے ہیں جبکہ موجودہ دور میں بچوں کی چوری، سماجی نفرت، ناجائز جنسی تعلقات، مذہبی عداوت اور اسی قسم کی دیگر فرضی خبروں کی سماجی ذرائع ابلاغ پر نشر و اشاعت سے برپا ہونے والے تشدد کے واقعات زیادہ ہیں۔ نیز موجودہ دور کے بھارت میں مخصوص برادری کے افراد پر مزعومہ گاؤ کشی یا گایوں کی خرید و فروخت کا الزام عائد کرکے انہیں وحشیانہ ہجومی تشدد کے ذریعہ موت کے گھاٹ اتارنے کی سینکڑوں وارداتیں بھی سامنے آئی ہیں۔ اس قسم کے تشدد کا ایک انتہائی گھناؤنا اور غیر انسانی پہلو یہ بھی ہے کہ تشدد پر آمادہ ہجوم میں سے کچھ افراد اس پورے تشدد کی مکمل ویڈیو بناتے ہیں اور بعد میں انہیں سماجی ذرائع ابلاغ کے ذریعہ پورے بھارت میں نشر کرتے ہیں۔ خبروں کے مطابق بھارت میں نریندر مودی کی پہلی وزارت عظمیٰ کی تشکیل کے بعد ہجومی تشدد کی وارداتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔