ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2021/ہفتہ 09
کوالا لمپور رسمی طور پر وفاقی علاقہ کوالا لمپور جسے مقامی طور پر اس کے مخفف کے ایل (KL) کے نام سے جانا جاتا ہے ملائیشیا کا قومی دار الحکومت اور سب سے بڑا شہر ہے۔ ملائیشیا کے عالمی شہر کے طور پر اس کا رقبہ 243 مربع کلومیٹر (94 مربع میٹر) اور 2016ء کے مطابق اس کی آبادی تقریباً 1.73 ملین تھی۔ کوالا لمپور عظمی جسے وادی کلانگ بھی کہا جاتا ہے ایک شہری علاقہ ہے جس کی آبادی 2017ء میں 7.25 ملین افراد تھی۔ آبادی اور اقتصادی ترقی دونوں میں یہ جنوب مشرقی ایشیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے میٹروپولیٹن علاقوں میں سے ایک ہے۔
کوالا لمپور ملائیشیا کا ثقافتی، مالیاتی اور اقتصادی مرکز ہے۔ یہاں پارلیمان ملائیشیا اور شاہ ملائشیا (یانگ دی پرتوان آگونگ) کی سرکاری رہائش گاہ استانا نگارا بھی موجود ہے۔ شہر میں پہلے ایگزیکٹو اور وفاقی حکومت کی عدلیہ کی شاخوں دفاتر بھی موجود تھے تاہم 1999ء کے آغاز میں یہ ملائیشیا کے وفاقی انتظامی مرکز پتراجایا منتقل کر دیے گئے ہیں۔ تاہم سیاسی اداروں کے بعض حصے اب بھی کوالا لمپور میں موجود ہیں۔ کوالا لمپور ملائیشیا کے تین وفاقی علاقہ جات میں سے ایک ہے۔