ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2024/ہفتہ 03
حج : مرکز اسلام کا سفر کے نام سے برٹش میوزیم لندن میں 15 اپریل 2012ء کو ایک نمائش منعقد ہوئی تھی۔ یہ دنیا میں پہلی ایسی نمائش تھی جس میں سفر حج کو تصویری اور تحریری شکل میں مفصل طور پر دکھایا گیا تھا۔ حج 5 ارکان اسلام میں سے پانچواں رکن ہے اور اس کی ادائیگی ماہ ذوالحجہ میں مکہ شہر میں ہوتی ہے۔ ہر سال مسلمان اس مہینے میں مکہ کی جانب سفر کرتے ہیں جسے سفر حج کہا جاتا ہے۔ اس تقریب میں اسی سفر کی نمائش کی گئی تھی۔ سفر حج کی اس تقریب میں دنیا کے مختلف ممالک اور مختلف زمانوں کے کپڑوں، مخطوطات، تاریخی دستاویز، تصاویر، اور آرٹ کی نمائش کی گئی تھی جس میں سفر حج، مکہ، ارکان حج اور خانہ کعبہ کو دکھایا گیا تھا۔ 200 سے زیادہ طرح کی چیزیں اس نمائش میں شامل کی گئی تھیں جنھیں 40 نجی اور سرکاری اداروں سے جمع کیا گیا تھا۔ اس تقریب کے سب سے بڑے شراکت دار ناصر داؤد خلیلی تھے۔ ناصر داوود خلیلی لندن میں مقیم ایک برطانوی-ایرانی اسکالر، کلکٹر، اور مخیر ہیں۔ وہ ایران میں پیدا ہوئے اور کوئنز کالج، سٹی یونیورسٹی آف نیو یارک اور اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن سٹڈیز، یونیورسٹی آف لندن میں تعلیم حاصل کی، وہ ایک برطانوی شہری ہیں۔