چغتائی
چغتائی ایک قبیلہ بھی ہے اور ایک زبان بھی۔ قبیلہ چغتائی منگولوں کے قبیلے قیات بورجگین کی شاخ ہے جو چنگیز خان کے دوسرے بیٹے چغتائی خان کی اولاد ہے۔ وسطی ایشیا اور ہندوستان میں حکومت کرنے والا تیموری شاہی خاندان (جسے عام طور پر مغلیہ خاندان کہا جاتا ہے) قبیلہ بورجگین سے نہیں بلکہ قبیلہ برلاس سے تھا اور تیموری سلاطین چنگیز خان کی اولاد میں سے نہیں تھے لیکن ان کا خاندان چغتائی خاندان کہلایا۔ اس کی وجہ ان کی زبان چغتائی تُرک (Chagatai Turkic) تھی جو ترکی زبان کے کئی لہجوں میں سے ایک لہجہ ہے جو قارلوق لہجے سے تعلق رکھتی ہے اور اب ازبک زبان کی شکل میں موجود ہے۔ اس زبان کی وجہ سے امیر تیمور اور ظہیر الدین بابر، چغتائی ترک کہلائے۔ اس لیے ان بادشاہوں کی اولادیں بھی چغتائی ہی کہلواتی ہیں۔ چغتائی خاندان کے لوگ وسطی ایشیا کے ممالک ازبکستان اور ترکمانستان وغیرہ اور جنوبی ایشیا کے ممالک ہندوستان ،پاکستان، جموں و کشمیر اور افغانستان میں بھی موجود ہیں۔