کامگر کمیت (کام گر کمیت / انگریزی: working mass) ایک ایسی کمیت یا مادے کا مجموعہ ہوتا ہے کہ جو کسی نظام میں اسراع پیدا کرنے کے لیے استعمال ہو۔ اس کو بعض اوقات تعامل کمیت (reaction mass) بھی لکھا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک پرتابہ محرکیہ (rocket engine) کے اندر احتراق کے عمل کے بعد دھکیلنے کی قوت پیدا کرنے والا مادہ پرتاب (rocket) کی کامگر کمیت کہلائے گا؛ پرتاب میں دسر یا propulsion کی قوت پیدا کرنے والا انجن زیادہ تر اندرونی احتراقی محرکیہ (internal combustion engine) کی قسم کا ہوتا ہے جس میں بلند درجۂ حرارت رکھنے والی کامگر کمیت پیدا کرنے کا نظام موجود ہوتا ہے یعنی ایندھن کو جلا کر یا عمل احتراق کے ذریعہ اس کا درجۂ حرارت اونچا کیا جاتا ہے اور پھر پیدا ہونے والی اس کامگر کمیت کو کسی نسبتا باریک یا تنگ دھانے (جسے دھانک (nozzle) کہتے ہیں) کے ذریعہ اخراج کا راستہ فراہم کیا جاتا ہے اور اس اخراج کے دوران حرارتی توانائی کے حرکی توانائی میں انتقال کی وجہ سے اسراع پیدا ہوتا ہے جو پرتاب کو دھکیلنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔