کوشلیا (سنسکرت: कौशल्या‎) ایودھیا کے راجا دشرتھ کی تین رانیوں میں سے سب سے بڑی اور رام کی ماں تھی۔ یہ سلطنت کوشل کے راجا بھانو بھان کی لڑکی تھی جو راجا دشرتھ سے بیاہی گئی۔ انھیں کے لڑکے رام ہیں۔ جب رام کا اشومیدھ یگیہ مکمل ہو گیا تو ماں کا انتقال ہو گیا۔ اس نام کی اور بھی کچھ خواتین ہوئی ہیں جن میں ایک کرشن کی بیوی بھی تھیں۔ شانتنو کے بیٹے بچتر ویریہ کی بیوی امبالکا کا دوسرا نام بھی کوشلیا تھا اور پورو کی ایک بیوی اسی نام کی تھیں جن کے فرزند مشہور جنمے جئے تھے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سلطنتِ کوشل کی کنّیا ہونے کی وجہ سے ان خواتین کو کوشلیا کہتے تھے۔ جیسے مگدھ میں پیدا ہونے والی ماگدھی اور متھلا میں پیدا ہونے والی کو متھل کہتے ہیں۔ لیکن اس نام سے زیادہ مشہور رام کی والدہ ہیں جن کا ذکر راماین میں احترام کے ساتھ کیا گیا ہے۔ ایک اعلیٰ درجہ کا کردار رکھنے والی عورت ہونے کے اعتبار سے ان کی عظمت زبان زد عام ہے۔

کوشلیا رام کو جنم دیتے ہوئے

رام بن (جنگل) کو جانے سے پیشتر جب اپنی ماں کوشلیا سے اجازت لینے کے لیے جاتے ہیں تو کوشلیا کو حیرت ہوتی ہے جس دن ولی عہد بنایا جا رہا ہو اس دن جنگل میں جا کر رہنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ وہ بڑی ہمت سے اس قدر کہتی ہیں کہ اگر صرف باپ نے بن باس لینے کے لیے کہا ہے تو ماں کا حق باپ سے بھی زیادہ سمجھ کر میں کہتی ہوں کہ بن کو مت جاؤ۔ لیکن اگر باپ اور دوسری ماں دونوں نے ایسا کہا تو تمھارے لیے بن ہی سیکڑوں ایودھیا کے مانند ہے۔ بن کے دیوتا ہی تمھارے باپ اور بن کی دیویاں ہی تمھاری مائیں ہیں۔ صرف تمھاری عمر کے خیال سے میں روکنا چاہتی تھی۔ مگر اب ایودھیا میں تمھارا کوئی کام نہیں ہے۔ تم خوشی سے 14 سال تک جنگلوں میں رہنا اور اس بدنصیب ماں کو یاد کرتے رہنا۔[1]

حوالہ جات

ترمیم