گوہر والا (انگریزی: Gohar Wala) پاکستان کا ایک رہائشی علاقہ جو کہ پنجاب کے ضلع بھکر میں واقع ہے۔
یہ ضلع بھکر کی چار تحصیلوں میں سے سب سے بڑی تحصیل منکیرہ کا ایک گاؤں اور یونین کونسل ہے۔[1] یہاں کے باشندوں کی مادری زبان سرائیکی ہے۔ صحرائے تھل (جو کہ میانوالی ، بَھکَّر ، لَیَّہ ، جھنگ اور خوشاب پر مشتمل ہے) کا قابلِ کاشت رقبہ ہونے کے سبب یہاں کی سب سے بڑی فصل "چَنَّا" ہے۔ یہاں کے مقامی درختوں میں سے "جنڈ" سب سے اہم قدرتی درخت ہے۔ یہاں ایک سر سبز و شاداب قدرتی چراگاہ بھی ہے (جہاں بکثرت ببول اُگے ہوئے ہیں)۔ بھکر کی مشہور و معروف اور بڑی درگاہ مُرشِد آباد شَرِیف یہیں ہے۔ مجموعی طور پر یہ پُر امن علاقہ ہے۔ منکیرہ (سابقہ ریاست منکیرہ کا دارالسلطنت) اور حیدر آباد (تھل) کے بعد گوہر والا تحصیل منکیرہ کا تیسرا بڑا مذہبی ، سماجی ، سیاسی ، تہذیبی و ثقافتی اور جُغرافیائی اہمیت کا حامل مقام ہے۔
گوہر والا کی مجموعی آبادی 170 میٹر سطح سمندر سے بلندی پر واقع ہے۔ یہ بھکر سے مشرق کی سمت 50 کلومیٹر ؛ نُور پُور (تھل) سے مغرب کی جانب 40 کلومیٹر ؛ منکیرہ سے شمال مشرق کی طرف 40 کلومیٹر ؛ جب کہ دُلے والا سے جنوب مشرق کی سمت 25 کلومیٹر کی مُسافت پہ واقع ہے۔ یہ سراسر صحرائی علاقہ ہے۔ جسے ڈیزل ٹیوب ویل اور شمسی توانائی والے ٹیوب ویلوں کی مدد سے سبزے اور درختوں کی صورت میں آباد کیا جا رہا ہے۔ جس سے بے آب و گیاہ صحرا والی خصوصیات یہاں نہیں ہیں۔