ہشام بن عاص
ہشام بن العاص عمرو ابن العاص کے بھائی ہیں،
{{{نام}}} | |
---|---|
وفات | سانچہ:خلافت راشدہ |
محترم در | اسلام: اہلسنت وجماعت |
نسب |
|

نام ونسب ترميم
ہشام نام،ابومعیط کنیت، سلسلہ نسب یہ ہے،ہشام بن عاص بن وائل ابن ہاشم بن سعید بن سہم قرشی، اموی، مشہور صحابی عمروبن عاص فاتح مصر کے چھوٹے بھائی تھے۔[1]
اسلام وہجرت ترميم
خوش بختی اوربدبختی عمر کے تفاوت پر منحصر نہیں،گو ہشام عمروبن العاص سے عمر میں چھوٹے تھے؛لیکن ان کی قسمت ان سے زیادہ اوران کا بخت ان سے زیادہ بیدار تھا؛چنانچہ عمروبن العاص جب کفر میں تھے، اس وقت ہشام نے اسلام کو قبول کیا، اسلام کے بعد مہاجر قافلہ کے ساتھ حبشہ گئے،کچھ دنوں رہ کر آنحضرتﷺ کی ہجرت کی خبر سن کر مکہ واپس آئے، یہاں سے پھر مدینہ کا قصد کیا ؛لیکن باپ اوراہل خاندان نے قید کر دیا، عرصہ تک محصور رہے،غزوۂ خندق کے بعد موقع ملا تو مدینہ آئے۔[2]
غزوات ترميم
بدر، احد اورخندق وغیرہ کی لڑائیاں ان کے ایام اسیری میں ختم ہوچکی تھیں، البتہ خندق کے بعد جتنے معرکے پیش آئے سب میں داد شجاعت دی۔ [3]
عہد خلفاء ترميم
ہشام اس خاندان کے ممبر تھے،جو سپہ سالاری کے عہدہ جلیل کا حامل اوراپنی شجاعت وشہامت میں ممتاز تھا، اس لیے تلواروں کی چھاؤں میں ان کی نشوونما ہوئی تھی، آنحضرتﷺ کی وفات کے بعد حضرت ابوبکرؓ کے عہدِ خلافت میں ان کی تلوار کے جوہر چمکے،پھر عہدِ فاروقی میں شام کی مہم میں شریک ہوئے،ایک ہی دو معرکوں کے بعد اجنادین کا معرکہ پیش آیا، اس میں قبقلاء اورتذارق رومی سپہ سالار ایک لشکر جرار کے ساتھ اجنادین میں مسلمانوں کے مقابلہ میں آئے، جمادی الاولیٰ ۱۳ھ میں دونوں کا سخت مقابلہ ہوا، [4] مسلمانوں میں کچھ کمزوری پیدا ہوچلی تھی، ہشام ؓ نے دیکھا تو جوش میں آکر سر سے خود اتار کر پھینک دی اورللکار کر بولے مسلمانو! یہ غیر مختون تلوار کے سامنے نہیں ٹھہرسکتے جو میں کرتا ہوں وہی تم کرو، یہ کہہ کر رومیوں کی صفیں چیرتے ہوئے قلب لشکر میں گھستے چلے گئے اورمسلمانوں کو غیرت دلاتے جاتے تھے کہ مسلمانو! میں عاص بن وائل کا بیٹا ہشام ہوں میرے ساتھ آؤ، تم لوگ جنت سے بھاگتے ہو، اسی طرح للکارتے،شجاعت اوربہادری سے لڑتے مارتے شہید ہوئے،[5] حضرت عمرؓ کو شہادت کا علم ہوا تو فرمایا خدا ان پر اپنی رحمت نازل کرے، اسلام کے بہترین مددگار تھے۔ [6] ہشام کی شہادت کے بعد ایک مرتبہ چند قریشی خانہ کعبہ کے عقب میں بیٹھے ہوئے تھے کہ عمروبن العاصؓ طواف کرتے ہوئے گذرے،ان کو دیکھ کر لوگوں نے آپس میں سوال کیا کہ ہشامؓ افضل تھے،یا عمروبن العاصؓ،عمروبن العاصؓ نے اس کو سن لیا، طواف ختم کرنے کے بعد آکرپوچھا،تم لوگ کیا باتیں کرتے تھے،انہوں نے کہا،تمہارا اور تمہارے بھائی کا مقابلہ کررہے تھے کہ دونوں میں کون افضل ہے ،کہا میں تم کو ایک واقعہ سناتا ہوں اس سے فضیلت کا انداز ہوجائے گا، ہم اور وہ دونوں یرموک کی جنگ میں شریک ہوئے اور رات بھر شہادت کے لیے دست بدعا رہے، صبح ہوئی تو ان کی دعا کا ثمرہ مل گیا اور میری دعا نا مقبول ہوئی،اس سے تم فضیلت کا اندازہ کرلو۔ [7]
فضائل ترميم
اسلام کی پختگی کا آخری درجہ ایمان ہے،ہشامؓ کا اسلام اسی درجہ میں تھا،خود زبان نبوتﷺ نے اس کا اعتراف کیا ہے کہ ابن العاص مومنان یعنی ہشامؓ وعمرؓ۔ [8]
وفات ترميم
ہشام 13ھ میں غزوہ یرموک میں شہید ہوئے یعنی خلافت فاروقی میں۔[9]
حوالہ جات ترميم
- ↑ استیعاب:2/611
- ↑ مستدرک حاکم:3/240
- ↑ (مستدرک حاکم:۳/۲۴۰)
- ↑ (ابن اثیر :۲/۳۲۰)
- ↑ (مستدرک حاکم:۳/۲۴۰،شہادت کا ذکر ابن اثیر ،جلد۲،وفتوح البلدان بلاذری:۱۲۰ میں بھی ہے)
- ↑ (ابن سعد،جزو۴،ق۱،صفحہ:۱۴۳)
- ↑ (ابن سعد،جز۴،ق۱:۱۴۱،اس روایت میں اجنادین کے بجائے یرموک کا نام ہے،غالباً راوی سے سہو ہوگیا ہے، یا ان دونوں لڑائیوں کی قربت کی وجہ سے خود عمروبن العاصؓ کو اقتباس ہوگیا ورنہ اجنادین میں ان کی شہادت طے شدہ ہے)
- ↑ (مسند احمد بن حنبل:۲/۳۵۳)
- ↑ مرآۃ المناجیح شرح مشکوۃ المصابیح مفتی احمد یار خان نعیمی جلد8صفحہ609نعیمی کتب خانہ گجرات