اگوازو آبشار
اگوازو (انگریزی: Iguazu Falls) برازیل (20%) اور ارجنٹائن (80%) کی سرحد کے قریب دریائے اگوازو پر واقع ایک عظیم آبشار ہے۔ یہ اس مقام پر تشکیل پاتی ہے دریا اپنے پورے جوبن پر ہوتا ہے 262 میٹر کی بلندی سے گرنے والا پانی اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ اس سے ہر سیکنڈ میں اولمپک کھیلوں میں استعمال ہونے والے تیراکی کے کھیل میں استعمال ہونے والے 6 حوض بھرے جا سکتے ہیں۔
آبشاروں کا یہ عظیم نظام صرف 2.7 کلومیٹر کے رقبے پر تقریباً 270 آبشاروں پر مشتمل ہے۔ چند آبشاریں 82 میٹر (269 فٹ) تک بلند ہیں جبکہ اکثر آبشاروں کی اونچائی 64 میٹر (210 فٹ) ہے۔ 150 میٹر چوڑی اور 700 میٹر طویل انگریزی حرف "U" کی شکل کی ایک ڈھلان جسے شیطان کا حلق (انگریزی:Devil's Throat) کہا جاتا ہے، ان میں سب سے زیادہ متاثر کن ہے۔ اس سلسلے کی بیشتر آبشاریں ارجنٹائن میں واقع ہیں لیکن ان کا بہترین نظارہ برازیل کی جانب سے کیا جا سکتا ہے۔ یہ مشہور زمانہ نیاگرا آبشار سے کہیں زیادہ بڑی ہے اور اس کا مقابلہ صرف افریقا کی وکٹوریہ آبشار کر سکتی ہے جو زمبابوے اور زیمبیا کی سرحد پر واقع ہے۔
اس آبشار کے علاقے کو دونوں ممالک میں قومی پارک کا درجہ دیا گیا ہے جو برازیل اور ارجنٹائن دونوں میں اگوازو نیشنل پارک کہلاتے ہیں۔ دونوں پارک یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔
ویکی ذخائر پر اگوازو آبشار سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |