باب:مذہب/منتخب مذہب/4
شنتو جاپان کے ایک کثرت پرست مذہب کا نام ہے۔ شنتو چینی زبان کے دو الفاظ شن (神) اور تو (道) کا مرکب ہے۔ ”شن“ جو دراصل خدا کے لیے استعمال ہونے والی چینی اصطلاح ہے، اسی لفظ کو جاپانی میں کامی بھی کہا جاتا ہے، یعنی دونوں ادائیگیوں کے لیے ایک ہی چینی حرف ہے۔ ”تو“ کا مطلب راستہ یا راہ ہے۔
شنتو جاپان کا قومی مذہب ہے اور اسی قوم اور ملک تک محدود ہے۔ ہندو مت کی طرح اس کا کوئی بانی نہیں اور اس کا آغاز زمانہ قبل از تاریخ میں ہوا۔ یہ دونوں مذہب خاص قوموں کی فطرت کی عکاسی کرتے ہیں اور سماج اور ثقافت کا ہی ایک حصہ ہیں۔ ان کے دروازے دوسروں پر بند ہیں۔
جاپان کی ثقافت میں چینی اور کوریائی تاجروں اور پروہتوں کے ذریعہ بیرونی اثرات داخل ہوئے۔ 522ء میں چین سے مہایان بدھ مت جاپان میں متعارف ہوا۔ جاپان کے شہنشاہ کو بدھ مجسمہ اور کتب پیش کی گئیں۔ آخر کار آٹھویں صدی کے بعد شنتو مت اور بدھ مت ایک دوسرے میں مدغم ہو گئے اور شنتو مت کی جداگانہ حیثیت ختم ہو گئی۔ توکوگاوا کے عہد سے مذہبی مصلحین نے شنتو مت کو از سر نو زندہ کرنے کی کوشش کی۔ چنانچہ 1868ء میں جاپان میں قومی انقلاب رونما ہوا اور انھوں نے شنتو مت کو بیرونی اثرات سے پاک کر دیا۔