ثابتہ کواکب (انگریزی: fixed stars؛ ثابتہ یعنی مُستحکم یا قائم اور کوکب یعنی ستارہ) ایسے اجرامِ فلکی ہیں جو رات میں دِکھنے والے دیگر اور ستاروں اور اجرام سے غیر مُتعلقہ طور پر حرکت کرتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں، چُنانچہ ثابتہ کواکب، سورج کے علاوہ، کسی بھی ایسے ستارے کو کہتے ہیں جو زمین کے اعتبار سے یوں دِکھے کہ باقی ستاروں سے غیر متعلقہ طور پر حرکت کرتا ہو۔ عموماً، ستارہ نُما اجرام (مثلاً سحابیہ جات) کو بھی کِسی زمانے میں ثابتہ کواکب ہی تصّور کیا جاتا رہا تھا۔

کیونکہ ثابتہ کواکب اپنی جگہ پر قائم رہتے ہیں، اس لیے قدیم زمانہ کے نجُومی چند ایسے کواکب یا ستاروں کے مجمع کو ایک تصویر کی مانند پیش کیا کرتے تھے تاکہ اِنکی نشان دہی فلکِ شب میں آسانی سے ہو سکے۔ اِن تصویروں میں سے چند کو آج ہم دائرۃ البروج کے دیگر مجمع النجوم کی طرح بھی پہچانتے ہیں۔ قدیم یونانی فلکیات میں ثابتہ کواکب کو زمین کے گِرد ایک گُنبد نُما چھت یا ایک عظیم کرہ پر نصب ٹمٹماتی روشنیوں کی طرح دیکھا جاتا تھا۔