جھیل البرٹ (افریقہ)

(جھیل البرٹ سے رجوع مکرر)

جھیل البرٹ (انگریزی: Lake Albert) افریقہ کی عظیم جھیلوں میں سے ایک ہے۔ یہ بر اعظم کی ساتویں سب سے بڑی جھیل ہے۔ اسے البرٹ نیانزا بھی کہا جاتا ہے جبکہ ماضی میں یہ جھیل موبوٹو سیسی سیکو کہلاتی تھی۔

جھیل البرٹ کا خلا سے منظر

یہ جھیل براعظم کے وسط میں یوگینڈا اور عوامی جمہوریہ کانگو (سابق زائر) کی سرحدوں پر واقع ہے۔ یہ عظیم وادی شق میں واقع جھیلوں کی قطار میں سب سے شمالی جھیل ہے۔ یہ تقریباً 160 کلومیٹر (100 میل) لمبی اور 30 کلومیٹر (19 میل) چوڑی ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ گہرائی 51 میٹر (168 فٹ) ہے۔ یہ سطح سمندر سے 619 میٹر (2030 فٹ) کی بلندی پر واقع ہے۔

جھیل البرٹ دریائے نیل کے بالائی پیچیدہ نظام کا حصہ ہے۔ اس جھیل میں پانی کا اہم ذریعہ وکٹوریا نیل، جو جنوب مشرق میں جھیل وکٹوریا سے نکلتا ہے اور دریائے سملیکی ہیں، جو جنوب مغرب میں جھیل ایڈورڈ سے نکلتا ہے۔ اس جھیل کے شمالی ترین حصے سے میں سے البرٹ نیل نکلتا ہے۔

جھیل کے جنوبی علاقوں میں، جہاں سملیکی اس میں داخل ہوتا ہے، دلدلی علاقہ واقع ہے۔

اس جھیل کو 1864ء میں سیموئل بیکر نے دریافت کیا تھا جو یہاں پہنچنے والے پہلے یورپی باشندے تھے۔ انھوں نے اسے شہزادہ البرٹ سے موسوم کیا۔