جھیل ایڈورڈ
جھیل ایڈورڈ (انگریزی: Lake Edward) افریقہ کی عظیم جھیلوں میں سے ایک ہے۔ یہ عظیم وادئ شق میں عوامی جمہوریہ کانگو اور یوگینڈا کے درمیان واقع ہے۔ اس کا شمالی ساحل خط استوا سے محض چند کلومیٹر جنوب میں ہے۔ 1888ء میں ہنری مورٹن اسٹینلے نے اس جھیل کا دورہ کیا اور اسے شہزادۂ ویلز البرٹ ایڈورڈ سے موسوم کیا۔ بعد ازاں اسے یوگینڈا کے آمر عیدی امین کے نام پر جھیل عیدی امین کا نام دیا گیا لیکن اب یہ دوبارہ جھیل ایڈورڈ کہلاتی ہے۔
جھیل ایڈورڈ میں نیاموگاسانی، ایشاشا، روتشورو اور رونڈی دریاؤں کا پانی گرتا ہے جبکہ شمال میں یہ دریائے سملیکی کے ذریعے جھیل البرٹ میں خالی ہوتی ہے۔ یہ کازنگا نہر کے ذریعے شمال مشرق میں جھیل جارج سے منسلک ہے۔
جھیل سطح سمندر سے 920 میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور زیادہ سے زیادہ 77 کلومیٹر طویل اور 40 کلومیٹر عریض ہے اور کل 2325 مربع کلومیٹر کے کل رقبے پر واقع ہے۔ اس لحاظ سے یہ بر اعظم کی 15 ویں سب سے بڑی جھیل ہے۔
جھیل کے ساحلوں پر بندروں، ہاتھیوں، مگر مچھوں اور ببر شیروں کی کافی آبادی ہے اور اس جنگلی حیات کو کانگو میں ویرونگا قومی پارک اور یوگینڈا میں ملکہ ایلزبتھ قومی پارک کے ذریعے تحفظ دیا گیا ہے۔
ویکی ذخائر پر جھیل ایڈورڈ سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |