حنجری ابھار
حنجری ابھار (laryngeal prominence) جس کو عام طور پر انگریزی میں Adam’s apple بھی کہا جاتا ہے اصل میں انسانی گردن کی ایک خصلت یا خصوصیت ہے جو گردن میں سامنے کی جانب ایک ابھار کی صورت میں نظر آتی ہے۔ گردن کے سامنے دکھائی دینے والا یہ گومڑ یا آماس (lump) یا اٹھان (protursion)، سانس کی نالی کی ایک نرم ہڈی یعنی غضروف میں موجود ایک نوکدار مقام کی وجہ سے نمودار ہوتا ہے، سانس کی نالی کی اس نرم ہڈی کو درقی غضروف (thyroid cartilage) کہتے ہیں جو ہوائی راستے کا بالائی حصہ، حنجرہ (larynx) بنانے میں حصہ لیتی ہے۔ انگریزی اصطلاح Adam’s apple کا لفظی ترجمہ سیبِ آدم، تفاحتِ آدم اور یا پھر جوزۂ آدم کیا جا سکتا ہے ؛ کہا جاتا ہے کہ یہ اصطلاح اصل میں ایک عبرانی لفظ سے نکلی ہے جو حضرت آدم (ع) کے ممنوعہ پھل (عام خیال کے مطابق سیب) کھانے سے متعلق ہے جسے کھانے کی انھیں ممانعت کی گئی تھی اور روایت کے مطابق اس کا ایک نوالہ، حضرت آدم (ع) کے گلے میں پھنس گیا تھا، اس روایت یا قصے کا تعلق بائبل سے جوڑا جاتا ہے۔