رالف رینڈلز سٹیورٹ
اس مضمون میں مزید حوالہ جات کی ضرورت ہے تاکہ مضمون میں تحریر کردہ معلومات کی تصدیق کی جاسکے۔ (October 2015) |
رالف رینڈلز اسٹیورٹ (15 اپریل 1890 – 6 نومبر 1993) [3] جنہیں عام طور پر آر آر اسٹیورٹ کہا جاتا ہے، ماہر نباتات اور گورڈن کالج (پاکستان) کے پرنسپل تھے۔
رالف رینڈلز سٹیورٹ | |
---|---|
(انگریزی میں: Ralph Randles Stewart) | |
معلومات شخصیت | |
پیدائش | 15 اپریل 1890ء [1] نیویارک شہر |
وفات | 6 نومبر 1993ء (103 سال)[1] دوارتے، کیلیفورنیا |
رہائش | اسلام آباد راولپنڈی (ستمبر 1911–جولائی 1914) راولپنڈی (1917–1960) |
شہریت | ریاستہائے متحدہ امریکا |
عملی زندگی | |
مقام_تدریس | گورنمنٹ گورڈن کالج یونیورسٹی آف مشی گن کولمبیا یونیورسٹی, نیویارک شہر |
ماہر حیاتیات مختصر نام | R.R.Stewart[2] |
مادر علمی | جامعہ کولمبیا جامعہ پنجاب |
تعلیمی اسناد | پی ایچ ڈی ، اعزازی ڈاکٹریٹ |
پیشہ | ماہر نباتیات |
شعبۂ عمل | نباتیات |
ملازمت | گورنمنٹ گورڈن کالج ، گورنمنٹ گورڈن کالج |
اعزازات | |
درستی - ترمیم |
تعلیم
ترمیمڈاکٹر اسٹیورٹ ہیبرون، نیویارک میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے اپنی بیچلرز اور پی ایچ ڈی کولمبیا یونیورسٹی، نیو یارک سے کیا۔ بعد میں انھوں نے D.Sc کی ڈگری حاصل کی۔ سنہ 1953ء میں پنجاب یونیورسٹی لاہور نے انھیں ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی سے نوازا اور بعد میں (1963ء میں) الما کالج، مشی گن، ریاستہائے متحدہ سے ایل ایل ڈی کی اعزازی ڈگری حاصل کی۔
کیریئر
ترمیمسنہ 1911ء میں کولمبیا یونیورسٹی سے کالج کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد، سر اسٹیورٹ نے راولپنڈی، پاکستان (جو اس وقت ہندوستان کا حصہ تھا) کے گورڈن کالج میں، یونائیٹڈ پریسبیٹیرین چرچ کے تحت، باٹنی اور حیوانیات کی تدریس کے لیے تین سالہ عہدہ قبول کیا۔ ستمبر، 1911ء سے جولائی، 1914ء تک، اس پوزیشن میں گزارنے کے بعد، وہ امریکا واپس چلے گئے اور سنہ 1914ء کے موسم خزاں میں کولمبیا یونی ورسٹی میں نباتیات میں گریجویٹ کی تعلیم حاصل کی۔ سنہ 1916ء میں انھوں نے پی ایچ ڈی مکمل کی۔ اور کولمبیا کی گریجویٹ طالبہ ازابیل کیرولین ڈارو سے شادی کی، جو ماہر نباتات جارج ایم ڈارو کی بہن ہے۔ واپسی پر انھوں نے گورڈن کالج میں، نباتیات کے پروفیسر (1917-1960) پرنسپل (1934-1954) کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ سنہ 1960ء میں گورڈن کالج سے ریٹائر ہونے کے بعد، وہ دوبارہ امریکا چلے گئے۔ انھوں نے یونیورسٹی آف مشی گن کے ہربیریئم میں ریسرچ ایسوسی ایٹ (1960–1981) کے طور پر عہدہ سنبھالا۔[4] اس وقت ان کے پاس پودوں کے 30,000 سے زیادہ نمونے تھے جو انھوں نے ہندوستان، کشمیر، ایران وغیرہ میں جمع کیے تھے۔
ایوارڈز
ترمیمتعلیمی اور نباتاتی کام کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں، ڈاکٹر اسٹیورٹ کو سنہ 1938ء میں قیصر ہند کا تمغا اور سنہ 1961ء میں حکومت پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ سن 1983 میں پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے غیر ملکی رکن کے طور پر جبکہ سنہ 1984ء میں امریکا کی سائنس کی ترقی کی ایسوسی ایشن کے رکن کے طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔
سنہ 1972ء میں، ماہر نباتات یوجین ناصر نے افغانستان اور پاکستان کے پھولدار پودوں کی ایک نسل جس کا تعلق اپیاکائی Apiaceae خاندان سے ہے کے بارے میں ایک مقالہ شائع کیا اور اس کا نام اس نے ڈاکٹر رالف رینڈلز اسٹیورٹ کے اعزاز میں "اسٹیوارٹیلا" رکھا۔
سرگرمیاں
ترمیماُس وقت ہندوستان اور مغربی ہمالیہ کی نباتات اچھی طرح سے مشہور نہیں تھیں۔ سٹیورٹ نے پودے اکٹھا کرنے کے سفر کا آغاز کیا۔ وہ اکثر اپنی سائیکل پر، کشمیر اور مغربی تبت تک چلے جاتے۔ وہ ہر موسم گرما (1912-1959) میں بغیر کسی مالی امداد کے پودے اکٹھا کرتے رہے۔ سنہ 1960ء میں، جب اسٹیورٹ 70 سال کی عمر میں ریٹائر ہوئے، انھوں نے اپنے 50,000 سے زائد پودوں کے نمونوں کا مجموعہ، جسے اب اسٹیورٹ کلیکشن کہا جاتا ہے، گورڈن کالج (راولپنڈی) کے پروفیسر ای ناصر کو دیا۔ سٹیورٹ کلیکشن اسلام آباد میں حکومت پاکستان کے نیشنل ہربیریم میں جمع کر دیا گیا ہے، جو نباتیات کے طلبہ کے لیے ایک بہت ہی شاندار ورثہ ہے۔ سٹیورٹ پاکستان میں منظم نباتیات کے بانی تھا، جنھوں نے 50 سال سے زیادہ برصغیر پاک و ہند میں گزارے۔ انھوں نے شمالی وادی ہمالیہ، مغربی تبت، کشمیر، وادی کرم، بلوچستان کے نباتات اور مغربی پاکستان کی گھاس کے نباتات پر جامع رپورٹیں لکھیں۔ پھولدار پودوں کو اکٹھا کرنے کے علاوہ، سٹیورٹ نے کائی، پودوں کی بیماریوں کے نمونوں جیسے رسٹ، اسمٹ اور موٹی فنجائی کو جمع کرنے میں سائنسی تعاون کیا جو ان کے بعد پرڈو یونیورسٹی کے ڈاکٹر آرتھر اور ڈاکٹر کمنز کے ذریعہ مائیکولوجیا Mycologia میں شائع ہوا۔ ان کی سب سے اہم شراکت میں سے ایک پاکستان اور کشمیر کے پودوں کا کیٹلاگ کی تصنیف، "An Annotated Catalog of Vascular Plants of Pakistan and Kashmir (1972)" کے نام سے شائع ہوئی، جو پاکستان کی نباتات کے بارے میں دیگر تحریروں کے لیے ایک بنیاد کے طور پر کام کرتی ہے، جس میں ای ناصر اور ایس آئی علی (1970-1988)، ایس آئی علی اور وائی جے ناصر (1989–1991) اور ایس آئی علی اور ایم قیصر (1992) نے ترمیمات کیں۔
سٹیورٹ سنہ 1990ء میں گورڈن کالج کا دورہ کرنے اور جنوبی ایشیا کے پودوں کی زندگی پر بین الاقوامی سمپوزیم میں پریزنٹیشن دینے کے لیے پاکستان واپس آئے۔ اسٹیورٹ کی صد سالہ یادگاری کے لیے جامعہ کراچی کے شعبہ نباتیات میں سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ سٹیورٹ کی شرکت پلانٹ سائنسز میں ان کی دلچسپی اور پاکستان سے محبت کا مظہر ہے۔ 1982 میں، 91 سال کی عمر میں، سٹیورٹ نے ایک قسم کی یادداشت لکھی، فلورا آف پاکستان: ہسٹری اینڈ ایکسپلوریشن آف پلانٹس ان پاکستان اور ملحقہ علاقوں میں، جس میں وہ لکھتے ہیں؛
"نیو یارک شہر میں کولمبیا یونیورسٹی کے تازہ گریجویٹ کے طور پر... میں نے صرف 86 طلبہ کے ساتھ راولپنڈی کے ایک چھوٹے سے پریسبیٹیرین مشن کالج میں نباتیات اور حیوانیات میں لیکچر دینا شروع کیا۔ میری تین سال کی مدت تھی اور مجھے دوبارہ ہندوستان میں آنے کی امید نہیں تھی، میں نے سوچا کہ مشرق میں دو گرمیاں گزارنے کا سب سے دلچسپ طریقہ کیا ہو، ایک پتلے بجٹ پر (میری تنخواہ 600 ڈلر سالانہ تھی اور ہاسٹل میں ایک کمرہ)۔ سنہ 1911ء میں، چار نوجوانوں (دو امریکی، ایک بنگالی اور ایک سکاٹ) کے ساتھ جو موسم گرما کی مہم جوئی کی چھٹیاں گزارنا چاہتے تھے، ہم نے فیصلہ کیا کہ سنہ 1912ء کے موسم گرما کو استعمال کرنے کا ایک اچھا طریقہ کشمیر اور مغربی تبت (لداخ) میں پیدل سفر کرنا ہے۔ ہم میں سے دو لوگوں نے گورڈن کالج راولپنڈی میں سنہ 1890ء میں تعمیر ہونے والی کشمیر جانے والی کارٹ روڈ کے آغاز میں کافی قیمتی اور مشکل سے کام کیا تھا۔ ہم نے مری (2100 میٹر بلندی پر) کے قریب جھیکا گلی میں ہمالیہ کا پہلا سلسلہ عبور کیا، کوہالہ کے مقام پر دریائے جہلم پر اترے اور پھر 196 میل کا فاصلہ طے کر کے سری نگر تک دریا کے ساتھ چلے۔ ہمارے پاس تقریباً تین ماہ کی چھٹیاں تھیں اور ہم جولائی کے شروع میں اپنی پش بائیکس پر راولپنڈی سے روانہ ہوئے۔ یہ ابھی گھوڑوں اور بگھیوں کے دور میں تھا، بعد میں ماڈل-ٹی فورڈز اور بسیں زائرین کو کشمیر لے جانے لگیں۔ ہمارا باورچی اور سامان ایک گھوڑے والی، بغیر اسپرنگ والی گاڑی، جسے یکہ کہا جاتا تھا، میں سفر کرتے تھے۔ میں پارٹی میں واحد ماہر نباتات تھا۔ دوسرے تصویریں لینے اور نئے ملک کو دیکھنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔ ہم نے موسم گرما کشمیر اور لداخ میں گزارا اور مجھے اس سفر کا اتنا مزہ آیا کہ میں نے سنہ 1913ء کے موسم گرما میں ایک اور طویل مہم کا اہتمام کرنے کا عزم کر لیا۔ ہم پھر سے وادی کشمیر تک سائیکلوں پر سوار ہوئے اور پھر سے لداخ کے دار الحکومت لیہہ تک پیدل سفر کیا۔ کشمیر واپس جانے کی بجائے ہم نے لیہہ سے مشرق کا رخ کیا، روپشو کے میدانی علاقوں کو عبور کیا اور بارالاچہ پاس سے لاہول میں داخل ہوئے۔ روٹانگ لا کے ذریعے لاہول سے نکلے، کولو کا دورہ کیا اور پھر مزید مشرق کی طرف پیدل چل کر شملہ آیا اور وہاں سے ٹرین کے ذریعے گھر واپس آیا۔"
ذاتی زندگی
ترمیمستمبر، 1916ء میں، سٹیورٹ نے ازابیل کیرولین ڈارو (1888-1953) سے مڈل بیری، ورمونٹ میں شادی کی۔ ڈارو، جو ہیبرون، نیویارک میں بھی پیدا ہوئی، نے سنہ 1911ء میں مڈل بیری کالج سے گریجویشن کیا اور پھر مرزیفون کے اناطولیہ کالج میں یونائیٹڈ پریسبیٹیرین چرچ کی طرف سے میں 1911 سے 1914 تک سائنس پڑھاتی رہیں۔ وہ ماہر نباتات جارج ایم ڈارو کی بہن تھیں۔ جوڑے کی ملاقات سنہ 1915ء میں کولمبیا میں سائنس میں گریجویٹ ڈگری حاصل کرنے کے لیے ہوئی تھی، دونوں ہی بیرون ملک پڑھانے کے لیے واپس جانا چاہتے تھے۔ ان کی گورڈن کالج میں دو بیٹیاں تھیں، جین میکملن سٹیورٹ اینڈریوز (1919–1970)، سیالکوٹ میں پیدا ہوئی اور ایلن ریڈ سٹیورٹ ڈینیئلز (1921–1998)، جہلم میں پیدا ہوئی، اس کے بعد چھ پوتے اور چھ پڑپوتے ہیں۔ اسٹیورٹ کی پہلی بیوی، ازابیل (ڈارو) اسٹیورٹ کی موت کے بعد، انھوں نے 1954 میں وینفریڈ ہلادیا پورٹر (1896–1984) سے شادی کی۔
مزید دیکھیے
ترمیمحوالہ جات
ترمیم- ^ ا ب ایس این اے سی آرک آئی ڈی: https://snaccooperative.org/ark:/99166/w6j67jws — بنام: Ralph Randles Stewart — اخذ شدہ بتاریخ: 9 اکتوبر 2017
- ↑ IPNI author ID: https://www.ipni.org/a/27223-1
- ↑ S.I. Ali، A. Ghaffar (1994)۔ "DR. R. R. STEWART (1890-1993)"۔ Pakistan Botanical Society۔ اخذ شدہ بتاریخ 09 مئی 2008
- ↑ University of Michigan Herbarium