رودبار انگلستان

بحیرہ
(رودباد انگلستان سے رجوع مکرر)

رودبار انگلستان یا انگلش چینل بحر اوقیانوس کا ایک حصہ ہے جو برطانیہ عظمی کو شمالی فرانس سے جدا اور بحیرہ شمال کو بحر اوقیانوس سے منسلک کرتا ہے۔ یہ 563 کلومیٹر (350 میل) طویل اور زیادہ سے زیادہ 240 کلومیٹر (150 میل) چوڑی ہے۔ آبنائے ڈوور اس کا سب سے کم چوڑا مقام ہے جو محض 34 کلومیٹر (21 میل) چوڑا ہے اور رودبار انگلستان کے مشرقی کنارے پر واقع ہے۔ رومی سلطنت کے دور میں یہ رودبار Oceanus Britannicus کہلاتی تھی اور 1549ء تک اسے بحیرہ برٹش کہا جاتا تھا۔

رودبار انگلستان کانقشہ

رودبار انگلستان کم گہری ہے جس کی گہرائی 120 میٹر سے 26 میٹر کے درمیان ہے۔

یہ رودبار انگلستان کی قدرتی محافظ ہے اور یہ کئی جنگوں کی شاہد رہ چکی ہے جن میں زمانہ جدید میں نپولین کی جنگیں، دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کی جارحیت اور زمانہ قدیم میں رومیوں کی فتح برطانیہ، 1066ء میں نارمن فتوحات اور 1588ء میں ہسپانوی ارماڈا شامل ہیں۔

برطانیہ اور فرانس کی جانب سے رودبار کے دونوں جانب واقع شہروں کے لیے کشتیوں اور جہازوں کے ذریعے سفری خدمات مہیا کی گئی ہیں جبکہ دونوں ممالک کے دار الحکومت لندن اور پیرس کے درمیان فاصلہ گھٹانے کے لیے رودبار انگلستان کے نیچے سے ایک سرنگ تعمیر کی گئی جسے "چینل ٹنل" یعنی "رودبار سرنگ" کہاجاتا ہے۔ یہ پہلی بار 1994ء میں کھولی گئی اور اس کے ذریعے پہلی مرتبہ برطانیہ سے کوئی ریل گاڑی فرانس پہنچی۔ پیرس، برسلز اور لندن آج کل یورو اسٹار نامی ریل گاڑی کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔

رودبار انگلستان آبنائے ڈوور کے مقام پر