عاصم علی قادری

پاکستانی کوئزر و مصنف

سید عاصم علی قادری (پیدائش: 7 جولائی، 1949ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف کوئزر، مصنف اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین ہیں۔

عاصم علی قادری

معلومات شخصیت
پیدائش (1949-07-07) جولائی 7, 1949 (عمر 75 برس)
کراچی، پاکستان
رہائش لندن   ویکی ڈیٹا پر (P551) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
قومیت پاکستان کا پرچمپاکستانی
عملی زندگی
تعليم بی ایس سی
مادر علمی ایس ایم سائنس کالج
پیشہ مصنف ،  کوئزر   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وجہ شہرت کوئزر، مصنف
کارہائے نمایاں
  • قائد اعظم معلومات کے آئینے میں
  • معلوماتِ نسواں
  • معلوماتِ قائد شہیدِ ملت لیاقت علی خان
  • کرکٹ کوئز

حالات زندگی

ترمیم

عاصم علی قادری 7 جولائی، 1949ء کو کراچی، پاکستان میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے وقت ان کے خاندان نے دہلی سے کراچی کا رخ کیا اور جہانگیر روڈ کے علاقے میں مستقل سکونت اختیار کی۔ اُن کے والد سید امیر علی قادری سرکاری ملازم تھے جو ایک بااصول اور مذہبی آدمی تھے۔ بطور باپ انتہائی شفیق لیکن تعلیم و تربیت کے معاملے میں انتہائی سخت تھے۔ ان کے والد امیر علی قادری انگریزی اخبارات خط کشیدہ کر کے بچوں کے حوالے کر دیتے، تاکہ لغت دیکھنے کی عادت پختہ ہو۔ مغرب کی نماز کے بعد بچے پڑھنے بیٹھ جاتے، یوں عشا کے بعد کھانا کھایا جاتا۔ عاصم علی قادری کے بہ قول والد ہی کی توجہ کے طفیل تمام بھائیوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔[1]

بچپن میں وہ کرکٹ کے شوقین تھے، جس کا بڑا سبب پڑوس میں مقیم کرکٹرز تھے، جن میں ایشین بریڈمین ظہیر عباس بھی شامل تھے۔ ظہیر عباس کے خاندان سے اُن کے بہت اچھے روابط تھے۔ اُن کے ساتھ نیٹ پریکٹس بھی کرتے رہے۔ ابتدا ہی سے ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے، تقریری مقابلوں میں حصہ لیا، اسکول کی اسکاؤٹس ٹیم میں شامل رہے۔ ہم نصابی سرگرمیوں میں دل چسپی کے باوجود کبھی پڑھائی سے جی نہیں چرایا۔ 1966ء میں انھوں نے سائنس میں میٹرک کیا۔ پھر ایس ایم سائنس کالج کراچی کا رخ کیا، جہاں سے 1972ء میں بی ایس سی کی سند حاصل کی۔ اسی دوران کالج کے پرنسپل کی تحریک پر انٹرکالجیٹ کوئز مقابلوں میں کالج کی نمائندگی کی۔ دورانِ تعلیم کالج کے مجلے کے میگزین سیکریٹری بھی رہے۔ گریجویشن کے بعد ماسٹرز میں داخلہ لے لیا تھا، تاہم والد کے مشورے پر اُس سے علاحدہ ہو کر عملی میدان میں قدم رکھا اور ایک نجی ٹیکسٹائل مل سے بطور لیب اسسٹنٹ وابستہ ہو گئے۔[1]

ملازمت ان کے شوق و مشاغل کی رکاوٹ نہیں بنی۔ اسی عرصے میں گوئٹے انسٹی ٹیوٹ سے جرمن زبان سیکھی، پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کی بنیاد رکھی اور پی ٹی وی کے مشہور پروگرام نیلام گھر میں موٹرسائیکل جیتی۔ نیلام گھر میں کامیابی کی خبر جب ٹیکسٹائل مل میں پھیلی تو مالک نے اُن سے ملاقات کی اور حوصلہ افزائی کے طور پر انھیں ایڈوانس ٹریننگ کے لیے یورپ بھیج دیا گیا۔ ان کا یورپ میں قیام کا زمانہ نو ماہ پر محیط رہا۔ ٹریننگ کم، سیاحت زیادہ کی۔ سوئزرلینڈ، اٹلی، جرمنی اور برطانیہ کی سیر و سیاحت کی۔ اس کے علاوہ پی ٹی وی کے پروگرام ٹی وی انسائیکلوپیڈیا سے بطور معاون محقق کے طور پر منسلک رہے۔ ریڈیو پاکستان سے بھی وابستگی رہی، وہاں کوئز پروگرام ذہانت شرط ہے کا انعقاد کیا۔[1]

ٹریننگ کے بعد 1980ء تک کراچی کی اسی مل میں کرتے رہے۔ پھر پرنٹنگ پریس کے کاروبار میں آ گئے۔ 1982ء میں شادی ہو گئی، جس کے بعد سماجی و ثقافتی سرگرمیوں میں کمی ضرور واقع ہوئی، لیکن معلومات عامہ کے میدان سے جُڑے رہے کہ یہی حوالہ اُن کی شناخت تھا۔ 1998ء میں برطانیہ منتقل ہو گئے اور لندن میں ذاتی کاروبار شروع کیا۔[1]

پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کی بنیاد

ترمیم

عاصم علی قادری نے مارچ 1974ء میں پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کی بنیاد رکھی، جس نے معلومات عامہ کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں اور ایک پوری نسل تیاری کی۔ اس سوسائٹی کے پہلے صدر قاسم سید اور پہلے جنرل سیکریٹری بدرالزماں بدر تھے۔ وہ اس سوسائٹی کے بانی چیئرمین تھے۔ قیام کے فوراً بعد اِس سوسائٹی نے انٹر اسکول اور انٹرکالجیٹ کوئز کے مختلف مقابلہ جات منعقد کروائے۔[1]

انعامات و اعزازات

ترمیم

19 نومبر، 1975ء میں عاصم علی قادری پاکستان ٹیلی ویژن مشہور زمانہ کوئز شو نیلام گھر کے فاتح ٹھہرے اور انعام میں موٹرسائیکل اپنے نام کی۔ اس کے علاوہ پی ٹی وی کے پروگرام شیشے کے گھر میں انعام سمیت انھوں نے کالج، ریڈیو اور ٹی وی کے لاتعداد انعامات حاصل کیے۔[1][2]

اس کے علاوہ انھوں نے مندرجہ ذیل ایوارڈز حاصل کیے:

  • 1997ء- انٹرنیشنل پریذیڈنٹ ایوارڈ (لائنز کلب پاکستان)
  • 2014ء-جوہر ایوارڈ (جوہر فاؤنڈیشن پاکستان)
  • 2012ء - ایکسیلینس ایوارڈ (سوشل اسٹوڈنٹس فورم پاکستان)
  • 2012ء -لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ (پاکستان کوئز سوسائٹی)
  • 2014ء - کامن ویلتھ ایوارڈ (کامن ویلتھ سوسائٹی آف پاکستان)

تصانیف

ترمیم
  • قائد اعظم معلومات کے آئینے میں (بہ اشتراک عقیل عباس جعفری)
  • معلومات نسواں
  • معلوماتِ قائد شہیدِ ملت لیاقت علی خان
  • کرکٹ کوئز

حوالہ جات

ترمیم