عثمان دان فودیو (1754ء تا 1817ء) انیسویں صدی کے اوائل میں نائجیریا کے مسلمانوں میں غیر اسلامی اثرات کو ختم کرکے حقیقی اسلامی تعلیمات کے احیاء کے لیے ایک تحریک کا آغاز کرنے والے عالم اور مصلح تھے جن کی تحریک عام طور پر فولانی جہاد کے نام سے مشہور ہے۔

عثمان دان فودیو
Usman dan Fodio
سوکوٹو سلطان امیر المومنین، امامہ، الخلیفہ الامیر المومنین
1803–1815
جانشینمشرقی علاقے (سوکوٹو):
محمد بیلو, بیٹا
مغربی علاقے (گوانڈو):
عبدالہی دان فودیو، بھائی۔
بیویاں
  • میمونہ
  • عائشہ
  • حوضاو
  • ہدیزہ
نسل23 بچے، بشمول:
محمد بیلو
نانا اسماو
ابو بکر اتیکو
شاہی خاندانسوکوٹو خلافت
والدمحمدو فودیو
پیدائش1754
گوبیر
وفات1817
سوکوٹو
تدفینہوبارے، سوکوٹو [1]

عثمان نے فقہ مالکی کی ابتدائی تعلیم اپنے وطن ہی میں حاصل کی۔ ان میں شروع ہی سے دین سے محبت اور اسلام کے لیے کام کرنے کا جذبہ پایا جاتا تھا۔ ابھی ان کی عمر صرف بیس سال تھی کہ انھوں نے اپنے استاد الحاج جبریل بن عمر کے ساتھ مل کر غیر مسلموں میں اسلام کی تبلیغ شروع کردی۔ 1776ء میں میں عثمان حج کے لیے مکہ معظمہ پہنچے اور وہاں قیام کے دوران حجاز کے علما سے مزید تعلیم حاصل کی۔

ان کا اس زمانے میں ان علما سے بھی تعلق ہوا جو نجدی عالم دین محمد بن عبدالوہاب کے خیالات سے متاثر تھے۔ عثمان جب حجاز سے واپس وطن آئے تو ان کے دل میں اسلام کا ایک نیا جوش اور جذبہ کام کر رہا تھا۔ اب انھوں نے غیر مسلموں میں تبلیغ کرنے سے پہلے خود مسلمانوں کے عقائد اور اعمال کی اصلاح کی طرف توجہ دی۔ انھوں نے ان مسلمانوں کی حمایت بھی کی جو غیر مسلم ہاوسا حکمرانوں کے ظلم کا شکار بن رہے تھے۔ ان کی ان کوششوں کی وجہ سے ریاست گوبیر کے غیر مسلم حکمران سے ان کا تصادم ہو گیا۔ فروری 1804ء میں جب عثمان دان فودیو نے گوبیر کے حکمران کے خلاف جہاد کا اعلان کیا تو تمام مسلمان ان کے علم تلے جمع ہو گئے لیکن ان کی سب سے زیادہ مدد فولانیوں نے کی جن کے درمیان عثمان رہتے تھے اور جو عثمان کے اخلاق، کردار اور تعلیمات سے سب سے زيادہ متاثر تھے۔ جنگ کا یہ سلسلہ چھ سال تک جاری رہا۔ اس مدت میں نہ صرف گوبیر کی ریاست پر فولانی مسلمانوں کا قبضہ ہو گیا بلکہ انھوں نے دوسری تمام ہاوسا ریاستوں کو بھی فتح کر لیا۔ 1810ء تک یہ جہاد ختم ہو گیا اور دریائے بینو اور نائجر تک شمالی نائجیریا کا تمام علاقہ مسلمانوں کے قبضے میں آ گیا۔ شمال مشرق میں صرف بورنو کی مسلم ریاست فولانی اثر سے آزاد رہی۔

1817ء میں عثمان کا انتقال ہو گیا۔ انھیں سوکوٹو میں دفن کیا گیا جہاں ان کا مقبرہ آج بھی زیارت گاہِ عام ہے۔ مغربی افریقہ اور نائجیریا کے مسلمان عثمان دان فودیو کو اپنے وقت کا مجدد اور قطب سمجھتے ہیں۔

بانی سلطنت ہونے کے علاوہ عثمان ایک عظیم مصلح اور عالم دین بھی تھے۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف تھے جن میں "احیاء السنۃ و اخماد البدعۃ" ان کی سب سے اہم کتاب ہے۔ یہ بڑی فکر انگیز کتاب ہے۔ مغربی افریقہ میں اس کتاب نے وہی کام کیا جو جزیرۃ العرب میں محمد بن عبد الوہاب کی "کتاب التوحید" اور بر صغیر پاکستان و ہندوستان میں اسماعیل شہید کی "تقویۃ الایمان" اور "صراط مستقیم" نے کیا۔ یہ کتاب 1962ء میں قاہرہ سے شائع ہو چکی ہے اور اس کا ایک نسخہ ادارۂ تحقیقات اسلامی، اسلام آباد میں موجود ہے۔

عثمان دان فودیو کی تحریک کو عام طور پر فولانی جہاد کہا جاتا ہے لیکن یہ قبائلی تحریک نہیں تھی۔ اس میں شک نہیں کہ فولانی باشندے اس تحریک کے روح رواں تھے لیکن تحریک اصلاح فولانیوں تک محدود نہیں تھی۔ ہاوسا مسلمان بھی اس تحریک میں شامل تھے جبکہ غیر مسلم فولانیوں نے عثمان دان فودیو سے جنگ کی۔ یہ درحقیقت ایک اصلاحی اور اسلامی تحریک تھی۔

عثمانی دان فودیو کے بعد ان کے بڑے صاحبزادے سلطان محمد بلو (1817ء تا 1837ء) ان کے جانشیں رہے۔ ان کے دور میں فولانی سلطنت اپنے نقطۂ عروج پر پہنچ گئی۔

حوالہ جات ترمیم