ترمیم کاری
مختصر تعارف


وضع قطع
مواد کی ترتیب و تہذیب


ویکی روابط
صفحوں کو باہم مربوط کریں


محفوظ کریں
اپنی تبدیلیوں کو شائع کریں


نئے مضامین بنائیں
نیا مضمون لکھیں


خلاصہ
حاصل کردہ معلومات پر ایک نظر





ویکیپیڈیا میں اس وقت محض 214830 مضامین موجود ہیں جو دنیا جہاں کے کروڑوں موضوعات کے بحر بیکراں کے سامنے محض چند قطروں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ نیز ان مضامین میں بڑی تعداد ایسی بھی ہے جن میں مواد کی حالت بے حد خستہ ہے۔ عموماً نئے صارفین پہلے سے موجود مضامین میں اضافہ و ترمیم کے ذریعہ اپنے ویکی سفر کا آغاز کرتے اور ویکی اسلوب نگارش سے واقفیت کے بعد بتدریج نئے مضامین کو تحریر یا ترجمہ کرنے کی طرف بڑھتے ہیں۔ اسی روایت کے پیش نظر گذشتہ صفحات میں ہم نے مضامین میں ترمیم و اضافہ پر گفتگو کی اور اب نئے مضامین تحریر کرنے کا طریقہ بتائیں گے۔


اگر آپ نیا مضمون تحریر کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے مطلوبہ موضوع کو درج ذیل تین شرائط پر جانچ لیں:

معروفیت

کیا آپ کا موضوع معروف و مشہور ہے؟ خیال رکھیں کہ ویکیپیڈیا میں کسی ادارے، تنظیم، تحریک، شخصیت یا دیگر موضوعات پر علاحدہ مضمون لکھنے کے لیے ان کا اہم اور معروف ہونا لازمی ہے۔ خصوصاً شخصیات کی معروفیت خاصا حساس معاملہ ہے۔ چنانچہ جن شخصیات پر آپ مضامین لکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں ان کا آزاد ذرائع مثلاً اخبارات میں معروف ہونا ضروری ہے۔

معتبر مراجع

کیا آپ کے مندرجات کے معتبر اور قابل تصدیق مراجع موجود ہیں؟ مضمون لکھنے سے قبل بہتر ہے کہ آپ موضوع سے متعلق آزاد، معتبر اور قابل تصدیق مراجع کو اکٹھا کر لیں اور مضمون میں حسب موقع ان کے حوالے نقل کریں۔ یہی حوالے قارئین کی نگاہ میں ویکیپیڈیا کے مضامین کو معتمد اور درست ٹھہراتے اور ان کی صداقت کے ضامن ہوتے ہیں۔

مفاد کا تصادم

کیا آپ کا کوئی مفاد وابستہ ہے؟ اصولاً یہ ضروری ہے کہ آپ اپنی سوانح عمری، اپنی کمپنی یا ادارے یا جن لوگوں کے لیے آپ کام کرتے ہیں ان کے متعلق مضامین تحریر کرنے سے کلیتاً اجتناب برتیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان موضوعات پر لکھنے کے دوران میں آپ معتدل نقطۂ نظر کو برقرار اور تعصب سے گریزاں نہیں رہ پائیں گے۔ تاہم آپ دوسرے صارفین سے ان موضوعات پر لکھنے کی درخواست کر سکتے ہیں اور انھیں معتبر و قابل تصدیق حوالے فراہم کر سکتے ہیں۔


نیا صفحہ کہاں بنائیں

بہتر ہے کہ آپ اپنے چند ابتدائی مضامین مسودہ کی شکل میں تیار کریں (بطور نمونہ اس مسودہ کو دیکھیں)۔ مسودہ میں بتدریج مضمون مکمل، اس کی خامیاں دور اور تہذیب و تنقیح کر سکتے ہیں۔ جب مضمون مکمل اور نُک سے سُک تک درست ہو جائے تو اسے مضمون کی شکل میں شائع کر دیں۔


ساحر تخلیق

اس ساحر تخلیق مضمون کی مدد سے آپ مذکورہ تمام مراحل سے از خود گذر کر نیا مضمون تخلیق کر سکتے ہیں۔