معجون (انگریزی: Electuary)نیم منجمد دوائے مرکب کو کہتے ہیں جو شہد یا چینی کے قوام میں جڑی بوٹیوں یا ادویات کو باریک پیس کر قوام میں ملاکر تیار کی جاتی ہے  اور اس  کو حلوے کی مانند ملائم رکھا جاتاہے۔[1][2] معجون بنانے کا مقصد ادویاتی اجزاء کو  مریض کے استعمال کے لیے قابل قبول بنانا ہے۔معجون میں قند سیاہ یا چینی خشک ادویات سے تین گنا زیادہ وزن کی ہونا چاہئیں جبکہ کئی دواساز اس میں بعض دفعہ دو گنا زیادہ چینی کا قوام بھی استعمال کرکے معجون تیار کرتے ہیں۔معجون طب یونانی کے مرکبات میں سے ایک اہم ادویاتی مرکب ہے جو اپنی افادیت اور طبی خصوصیات کی بنا پر بہت اہمیت رکھتی ہے۔

قوام ترمیم

اگر معجون میں کوئی عرق شامل کرنا ہو تو قندسیاہ یا چینی کا قوام اس عرق میں کرنا چاہیے ورنہ پانی کے ساتھ قوام تیار کرنا چاہیے۔قوام کی مہارت ہی معجون کے بہتر بننے سے عبارت ہے۔قوام ایسا ہونا چاہیے کہ خشک ادویہ کے سفوف کو جذب کرنے کے بعد بھی حلوے کی طرح نرم رہے۔چینی یا مصری کا قوام بناتے وقت بحساب وزن چینی فی کلو میں ڈیڑھ پاؤ پانی شامل کرکے قوام تیار کرنا چاہیے۔

اگر معجون شہد میں بنانی ہو تو اس میں چینی یا قند سیاہ کا قوام بنانے کی ضرورت نہیں شہد کو چھان کر ہلکی آنچ پر جوش دیں اور شہد سے  پیدا جھاگ کو دور کرکے آگ سے نیچے اتار کر اس میں خشک ادویہ ڈال کر اچھی طرح گھوٹیں اور دوائی اس میں اچھی طرح شامل ہوکر حلوہ نما ہوجائے۔

اگر معجون کا قوام مصری،قند سیاہ، چینی یا شہد کے ہمراہ ترنجبین کو شامل کرکے بنانا ہو تو کسی مناسب عرق یا پانی میں ترنجبین کو اچھی طرح حل کرکے چھان لینا چاہیے تاکہ وہ تنکوں اور کانٹوں سے صاف ہوجائے اور محلول کو تھوڑی دیر رکھنے کے بعد نتھار لیں تاکہ اس میں موجود گرد مٹی یا ریت نیچے تہ میں بیٹھ جائے ۔

اگر معجون گڑ میں بنانی ہو تو گڑ کے ٹکڑے پانی میں حل کرکے آگ پر رکھیں جب گڑ پگھل جائے تو کپڑے سے چھان کر تھوڑی دیر کے بعد جب گرد تہ نشین ہوجائے تو صاف محلول لے کر شربت پکائیں جب قوام تیار ہو جائے تو آگ سے اتار کر ادویہ ملا کر معجون تیار کریں ۔

قوام میں ادویہ کا ملانا ترمیم

اگر معجون کے اندر مغزیات یا مربا جات ہوں تو پہلے مربا جات علاحدہ کرکے باریک پیس کر اور خشک ادویہ کو کوٹ چھان کر قوام میں ملانا چاہیے۔

اگر معجون کے اجزاء میں مصطگی رومی شامل ہوتو اس کو ادویہ کے ہمراہ ہرگز نہ پیسیں کیونکہ وہ کوٹنے سے نرم ہوکر باریک نہیں ہوتی بلکہ مصطگی کو کھرل میں ڈال کر نہایت ہلکے ہاتھ سے کھرل کریں اس ترکیب سے مصطگی نہایت باریک ہوجائے گی نیز اس کو قوام کے سرد ہونے پر ملائیں۔معجون کے قوام میں باریک شدہ ادویات اکٹھی یک لخت ہرگز نہ شامل کریں بلکہ تھوڑا تھوڑا ادویہ کا سفوف ملاتے جائیں اور چمچہ سے معجون کو ہلاتے رہیں تاکہ ادویہ خوب اچھی طرح ایک آمیزہ کی شکل اختیار کر لیں ۔

اگر معجون میں زعفران ،عنبر یا مشک جیسی خوشبودار ادویہ ملانی ہوں تو ان کو معجون کے سرد ہونے پر عرق کیوڑہ یا عرق  بید مشک میں حل کرکے ملانا چاہیے۔اگر معجون میں سچے موتی یا جواہرات  و حجریات ملانے ہوں تو ان کو کھرل میں عرق گلاب وغیرہ میں اچھی طرح نہایت باریک مثل غبار کرکے پھر ادویہ میں شامل کرنا چاہیے۔اگر معجون میں ورق طلا یا ورق نقرہ یعنی سونے یا چاندی کے ورق شامل کرنے ہوں تو ان کو قوام میں ادویہ ملانے کے جب معجون تیاری کے قریب ہو تو ایک ایک کرکے ڈالنا چاہیے اور معجون میں اچھی طرح شامل کردینا چاہیے۔

معجون کو استعمال کرنے کا طریقہ ترمیم

معجون کو اس کے اجزاء کے مزاج، مریض کے مزاج، مریض کی عمر اوروزن کے حساب سے ہمیشہ طبیب کی ہدایات کے مطابق استعمال میں لانا چاہیے۔بعض معاجین خالی پیٹ استعمال کرائی جاتی ہیں اور بعض معاجین بعد از غذا دن میں ایک سے دو مرتبہ پانی یا دودھ کے ساتھ استعمال کرائی جاتی ہیں۔بہت سے امراض میں اطباء معجون کو ہمراہ قہوہ استعمال کرنے کی ہدایات بھی دے سکتے ہیں۔

معجون کو محفوظ کرنا ترمیم

معجون کا ہمیشہ خراب رہنے یا اس میں اُلی وغیرہ لگنے کا اندیشہ رہتاہے تو ایسی صورت میں بحساب قوام کا وزن اگر قوام کا شربت پانچ لیٹر  ہو تو اس میں ایک تولہ ست لیموں تمام خشک ادویہ ڈالنے کے بعد قوام میں ڈال کر اچھی طرح ہلا کر یکجان کر لیں معجون ایک لمبا عرصہ تک محفوظ رکھا جاسکتاہے۔معجون کو ہمیشہ زیادہ درجہ حرارت والی جگہ سے دور رکھنا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے جہاں معجون کا مرتبان یا ڈبیاں رکھیں وہ جگہ ہوادار ہونی چاہیے۔

ظرفِ (برتن) معجون ترمیم

معجون کو دھات کے برتن میں رکھنے سے اس کے خراب ہونے کا اندیشہ رہتاہے اس لیے اسے ہمیشہ شیشہ یا چینی کے برتن میں رکھنا چاہیے۔معجون کو برتن میں منتقل کرنے سے پہلے شیشے کا مرتبان اچھی طرح دھلا ہوا صاف اور خشک ہونا چاہیے کیونکہ نمی کی موجودگی سے معجون کے خراب ہونے کا اندیشہ رہتاہے ۔

معجون کے فوائد ترمیم

معجون اپنے اجزاء کی بنا پر مختلف فوائد کی حامل ہو سکتی ہے ، معجون جلد ہضم ہونے والے دوا کی ایک قسم ہے جو باآسانی معدے تک پہنچ کر اپنے افعال سر انجام دے سکتی ہے۔بعض ادویاتی سفوف ذائقہ میں تلخ یا ناقابل قبول ہوتے ہیں لہذا ان کو چینی و شہد کے قوام میں معجون تیار کرکے مریض کے لیے قابل قبول بنائی جاتی ہے تاکہ وہ اس کو مٹھاس کیوجہ سے باآسانی استعمال کرسکے اگرچہ چند کڑوی یا ترش جڑی بوٹیوں کی معجون میں آمیزش سے معجون بدذائقہ بھی ہوتی ہے تاہم معجون کی مٹھاس کی وجہ کافی حد تک ہو مریض کے لیے قابل قبول ہوجاتی ہے۔

معجونوں کی اقسام ترمیم

معجونوں یا معاجین کی بہت سی اقسام ہیں  جو مختلف امراض کے علاج میں استعمال کی جاتی ہیں اور انھیں اقسام کی وجہ سے مختلف قسم کی معجونیں ہیں ،

معجون فلاسفہآرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ herbconcept.com (Error: unknown archive URL)

معجون جوگراج گوگل

معجون عشبہ

معجون آرد خرما

معجون اذراقی

معجون بلادر

معجون بہمنین

معجون مغلظ

معجون ثعلب

معجون جالینوس لولوی

معجون حجرالیہود

معجون سپاری پاک

معجون خبث الحدید

معجون سورنجان

معجون کلاں

معجون دبیدالورد

معجون کندر

معجون کلکلانج

معجون نجاح

معجون مروح الارواح

معجون نقرہ

معجون غاریقون

معجون موچرس

معجون نانخواہ

معجون ممسک

حوالہ جات ترمیم

  1. "مَعْجُون لفظ کے معانی"۔ ریختہ لغت 
  2. "عربی-اردو لغت میں معجون کے سب معنی اور تراجم"۔ المعانی 

مزید دیکھیے ترمیم