وائٹ ہارس، یوکون

وائٹ ہارس (یوکون)
انتظامی تقسیم
متناسقات 60°43′00″N 135°03′00″W / 60.71667°N 135.05000°W / 60.71667; -135.05000
مزید معلومات
قابل ذکر
NTS نقشہ 105D11
GNBC رمز KABPC

وائٹ ہارس یوکون کی ریاست کا دار الحکومت ہے جو کینیڈا کا حصہ ہے۔ اس کی کل آبادی 2006 میں 20461 افراد تھی۔ وائٹ ہارس کل ریاست کی آبادی کا 75 فیصد رکھتا ہے اور تینوں کینیڈین ریاستوں میں سب سے بڑا شہر ہے۔ وائٹ ہارس اپنے قدرتی پارکوں اور خوبصورتی کی وجہ سے بہت مشہور ہے اور قومی سطح پر اس حوالے سے انعام بھی لے چکا ہے۔

جغرافیہ

ترمیم

وائٹ ہارس الاسکا ہائی وے پر تاریخی 918ویں سنگ میل پر واقع ہے۔ وائٹ پاس اور یوکون روٹ ریلوے یہاں ختم ہوتی ہے جو سکاگوے الاسکا سے آتی ہے۔ یہ ریلوے لائن اب بھی موجود ہے تاہم سکاگوے الاسکا سے چلنے والی ٹرین سیاحوں کے لیے وائٹ ہارس کے جنوب میں ہی رک جاتی ہے۔ کلونڈیک کی سونے کی دوڑ کے دوران یہ شہر سامان کی منتقلی کا اہم مرکز تھا۔ 1953 سے یہ شہر ریاست کا دار الخلافہ ہے۔ اس سے قبل ڈاسن شہر دار الخلافہ تھا۔ وائٹ ہارس پہاڑی معتدل خطے میں واقع ہے۔ یہ ٹنڈرا کی زمین کا علاقہ ہے اور آرکٹک کی نباتات یہاں ملتی ہیں۔ یہاں بوریل نوعیت کے جنگلات ہیں۔ شہر کا نام وائٹ ہارس دریا سے نکلا ہے جو کسی سفید گھوڑے کی ایال کی مانند دکھائی دیتا ہے۔ ایک اور کہانی کے مطابق ایک مقامی سردار کا نام وائٹ ہارس تھا جو اس دریا کو عبور کرتے ہوئے ڈوب گیا۔ 1958 میں بنائے جانے والے ڈیم کی جھیل میں یہ دریا جا کر ختم ہوتا ہے۔

وائٹ ہارس حکومتی شہر ہے اور یہاں یوکون کالج کا مرکزی کیمپس بھی ہے۔ ساڑھے چار کروڑ کینیڈین ڈالر سے یہاں 2007 کی کینیڈا واٹر گیمز کے لیے مرکز بنایا گیا ہے۔ وائٹ ہارس میں 1972، 1980، 1986، 1992 اور 2000 کی آرکٹک سرمائی کھیلیں منعقد ہوئی ہیں۔

ہمسائے

ترمیم

مرکزی وائٹ ہارس شہری حصے کے علاوہ شہر میں پورٹر کریک، ریور ڈیل، کریسٹ ویو، کاولے کریک، مارش لیک، کاپر رج، ویلی ویو، ہل کرسٹ اور تخینی اور کوان لن ڈن نامی مقامی آبادی کے چھوٹے شہر بھی اس کا حصہ ہیں۔

جغرافیہ اور موسم

ترمیم

زیادہ تر یوکون کی طرح وائٹ ہارس بھی خشک سب آرکٹک موسم رکھتا ہے۔ وائٹ ہارس میں سالانہ درجہ حرارت جولائی میں 21 ڈگری تک اور جنوری میں منفی 22 ڈگری تک روزانہ کی اوسط عام سی بات ہے۔ تاہم 1947 میں درجہ حرارت جون میں 34 ڈگری اور جنوری میں منفی 52 ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں سالانہ اوسطاً برف کی مقدار 145 سینٹی میٹر اور بارش کی مقدار 163 ملی میٹر رہتی ہے۔

کینیڈا کے محکمہ موسمیات کے مطابق وائٹ ہارس کو کینیڈا کا خشک ترین شہر کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ یہ شہر ساحلی پہاڑوں کے سائے میں ہے۔ حیرت انگیز طور پر وائٹ ہارس کو اس کے شدید درجہ حرارت کے باوجود کینیڈا کے معتدل ترین درجہ حرارت والے شہروں میں شمار کیا گیا۔

وائٹ ہارس کو موتیوں کی لڑی بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں رہائشی، صنعتی اور سروس کے علاقے ایک خاص ترتیب سے موجود ہیں اور ان کے درمیان اکثر پہاڑی علاقے ایسے ہی چھوڑ دیے گئے ہیں۔ الاسکا ہائی وے یہاں کی اہم ترین شاہ راہ ہے جس سے دیگر سب ڈیژنوں کو سڑکیں جاتی ہیں۔ ایک ایسی ہی شاخ کا نام ہائی وے 1 اے ہے جس کے بعد ٹو مائل ہل روڈ، فورتھ ایونیو، ریور ڈیل اور مارول انڈسٹریل علاقے آتے ہیں۔ دوسری شاخیں اسی طرح دیگر علاقوں کو جاتی ہیں۔

بنیادی ڈھانچہ

ترمیم

وائٹ ہارس میں ایرک نیلسن وائٹ ہارس کا بین الاقوامی ہوائی اڈا ہے جس کی باقاعدہ پروازیں وینکوور، کیلگری، ایڈمنٹن، فئیر بینکس ٹورنٹو اور فرینکفرٹ، جرمنی کو جاتی ہیں۔ تاہم جرمنی کے لیے پرواز صرف گرمیوں میں ہی ہوتی ہے۔1941 اور 42 میں اس ائیر پورٹ کو نارتھ ویسٹ سٹیجنگ روٹ کے طور پر بنایا گیا تھا اور یہاں دو پختہ رن وے ہیں۔ جنگ کے دور کا ایک ہینگر 1960 سے ائیر پورٹ کی عمارت کا کام دے رہ اہے اور اسے دسمبر 1985 میں موجودہ ٹرمینل سے بدلا گیا۔ اس نئے ٹرمینل کی توسیع 2010 میں مکمل ہوگی۔

زمینی طور پر وائٹ ہارس کو بہت ساری شاہ راہیں جاتی ہیں۔ ان میں بین الاقوامی الاسکا ہائی وے یوکون کو الاسکا، برٹش کولمبیا اور البرٹا ہائی وے نیٹ ورکس سے ملاتی ہے۔

وائٹ ہارس میں فی الوقت کوئی ایسی ریلوے لائن نہیں جو کام کر رہی ہو۔ شہر تک پہنچنے کے لیے وائٹ پاس اور یوکون روٹ کے راستوں کو استعمال کیا جاتا ہے جس کا ایک چھوٹا سا حصہ گرمیوں میں ٹرالی سروس کی صورت میں سیاحوں کے لیے کام کرتا ہے۔ وائٹ ہارس کے لیے آخری بار ٹرین اکتوبر 1982 میں چلائی گئی تھی۔ وائٹ پاس ریلوے نے معمول کی ٹرینیں سکاگوے، الاسکا سے کارکراس تک کے بہتر کلومیٹر کے ٹریک پر 2007 کے بہار میں چلائی تھیں تاہم اگست 2007 میں جھیل میں پانی کی سطح بلند ہونے پر اسے روکنا پڑا۔ ٹرانس کانٹی نینٹل ریل کے راستے کو بنانے کے لیے ایک اور ممکنہ راستہ موجود ہے جو وائٹ پاس سے ہو کر جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ایک رپورٹ منظور کی گئی ہے جس کی رو سے کارمیکس کو مرکز بنا کر چھوٹی لائن سے وائٹ ہارس اور پھر الاسکا تک ریل چلائی جا سکتی ہے۔

یوکون دریا کو عبور کیا جا سکتا ہے تاہم ابھی تک اس پر کوئی مسافر یا مال بردار کشتی سروس نہیں شروع کی گئی۔ وائٹ ہارس میں کئی ٹیکسی کی کمپنیاں ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کا اپنا ٹرانسپورٹ کا نظام بھی موجود ہے جو اتوار کو چھوڑ کر دیگر تمام دنوں میں صبح سے شام تک بسیں چلاتا ہے۔ شہر میں چھوٹی ٹرام کی کئی پٹڑیاں ہیں جو دریائے یوکون کے کنارے کو جاتی ہیں۔ یہ عموماً سیاحوں کے لیے مختص ہوتی ہیں۔

شہر کا سڑکوں کا نظام کافی مناسب ہے تاہم رش کے دوران یہ کافی تنگ ہو جاتا ہے۔ اس پر بات کی جاتی رہتی ہے کہ اسے کیسے بہتر کیا جا سکے مثلاً ون وے سڑکیں بناناو غیر ہ۔ تاہم کئی جگہیں ایسی ہیں جو بہت تنگ ہوتی ہیں مثلاً ریور ڈیل سب ڈویژن میں ایک پل جو دو یک طرفہ لینوں پر مشتمل ہے۔ سڑکیں عموماً اچھی حالت میں ملتی ہیں۔

تعلیم

ترمیم

وائٹ ہارس میں یوکون کی حکومت کے زیر انتظام کئی اسکول ہیں اور یہاں یوکون کالج کا مین کیمپس بھی موجود ہے۔

ثقافت

ترمیم

سیاحوں کے لیے باعث کشش جگہوں میں مائلز کی کھائیاں، ایس ایس کلونڈیک سٹرن وہیلر، یوکون ٹرانسپورٹیشن کا عجائب گھر، میک برائڈ عجائب گھر، اولڈ لاگ چرچ عجائب گھر، برینجیا سینٹر، یوکون باغات، لاگ سکائی سکریپر، وائٹ ہارس فش لیڈر، یوکون وائلڈ لائف پریزرو، تاکھینی ہاٹ سپرنگز او ریوکون وزیٹر سینٹر شامل ہیں۔ وائٹ ہارس میں فنون لطیفہ کو اہمیت حاصل ہے اور یہاں سالانہ موسیقی کے کئی میلے ہوتے ہیں۔

کھیل اور تفریح

ترمیم

وائٹ ہارس کے پاس وائلڈرنس اور شمالی راکی پہاڑ یہاں کے باسیوں کو تفریح مہیا کرتے ہیں۔ یہاں کینیڈا کی سرمائی کھیلوں کے سلسلے میں 2007 میں کئی بڑے مقابلے بھی ہوئے۔ 2006 میں کینیڈین جونیئر فری سٹائل چیمپئن شپ اور آرکٹک کی سرمائی کھیلیں جو 1972، 1980، 1986، 1992 اور 2000 میں ہوئی تھیں۔

شہر کے اندر ٹریلوں کا بہت وسیع جال بچھا ہوا ہے جو 2007 میں کل ساڑھے آٹھ سو کلومیٹر سے زیادہ تھا۔ اس میں ٹرانس کینیڈا ٹریل بھی شامل ہے۔ ان ٹریلوں پر مشینی اور غیر مشینی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔

وائٹ ہارس ڈاؤن ٹاؤن کے باہر ہی وائٹ ہارس کیڈٹ سمر ٹرینگ سینٹر ہے جو ساری گرمیاں کیڈٹ کورس متعارف کراتا رہتا ہے۔ اکثر کورس چھ ہفتے کے ہوتے ہیں اور ان میں قائدانہ صلاحیتیوں کو نکھارا جاتا ہے۔

میڈیا

ترمیم

براڈ بینڈ انٹر نیٹ یہاں کئی مقامی اداروں سے ملتا ہے اور اس میں کیبل ٹی وی اور ٹیلی فون کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ مقامی طور پر ٹیلی فون سروس مہیا کرنے والی کمپنی نارتھ ویسٹل ہے۔

ٹیلی ویژن

ترمیم

وائٹ ہارس میں دو ٹی وی چینل ہیں جن میں سے ایک اشتہاری اور دوسرا کمیونٹی پوسٹ بورڈ کا کام کرتا ہے۔ درحقیقت یہ سلائیڈیں بدلتے رہتے ہیں اور پس منظر میں ریڈیو چلتا رہتا ہے۔ اسی طرح یہاں ایک کیبل ٹی وی کمپنی بھی ہے جو اکہتر اینالاگ چینل مہیا کرتی ہے۔ اس طرح یہاں کئی سیٹیلائٹ ٹی وی بھی موجود ہیں

پرنٹ

ترمیم

وائٹ ہارس میں دو اخبار چھپتے ہیں۔ وائٹ ہارس سٹار 1900 میں شروع ہوا۔ ابتدا میں ہفتہ وار، پھر ہفتے میں دو بار اور پھر 1960 میں ہفتے میں تین بار اور پھر 1980 سے 1983 تک ہفتے میں پانچ بار چھپتا رہا۔ ابھی یہ ہفتے میں تین بار چھپتا ہے۔ وائٹ ہارس میں مقامی دلچسپی کے میگزین بھی چھپتے ہیں۔

حوالہ جات

ترمیم