چارلس ولیم فورمن ایک امریکی پریسبیٹیرین خادم دین، مشنری، اور رنگ محل مشن اسکول اور لاہور میں واقع نجی یونیورسٹی فورمن کرسچین کالج کے بانی تھے۔

چارلس ولیم فورمن کینٹکی کے علاقہ واشنگٹن سے آدھ میل باہر 3 مارچ 1821ء کے روز پیدا ہوئے۔ اُن کے آباؤ اجداد 1645ء میں بشپ لاڈ کے مظالم سے تنگ آکر انگلستان سے امریکا نقل مکانی کر گئے تھے۔ یہاں کے ڈچ حکام نے اُن کے آباؤ اجداد کی خوش آمدید کی اور لونگ آئی لینڈ میں اُن کو جاگیر بھی عطا کی۔ پس چارلس ولیم کے آباؤ اجداد ابتدا ہی سے آزادی کی فضا میں رہتے تھے۔ چارلس ولیم امریکا کی جنگ آزادی سے محبت رکھنے کے لیے مشہور تھے اور گردونواح کے لوگ اُن کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے اگرچہ وہ مذہبی امور اور دین داری کی پروا نہیں کرتے تھے۔

جب چارلس ولیم پندرہ سال کے ہوئے تو اُن کا بڑا بھائی اپنے ساتھ پادری مکابوئے کو گھر لایا۔ پادری مکابوئے واشنگٹن کی پریسبیٹیرین کلیسیا کا پاسبان تھا۔ اثنائے گفتگو میں اُن کے ایک اور بھائی نے حقارت آمیز لہجہ میں سیدنا مسیح کا ذکر کیا۔ چارلس ولیم کو یہ بات بڑی ناگوار معلوم ہوئی کہ ایک مہمان کے جذبات کو ٹھیس لگائی جائے۔ جب اُنہوں نے اپنے مہمان کے چہرے کی طرف نظر کی تو وہاں غصہ کے آثار پانے کی بجائے رنج اور دکھ لکھا دیکھا۔ اُنھوں نے دل میں خیال کیا کہ یہ شخص ضرور مسیح سے پیار کرتا ہے۔ اس واقعہ نے اُن کے دل کو بڑا متاثر کیا اور پانچ سال کے بعد اُنھوں نے اسی گاؤں کے گرجا میں بپتسمہ پایا۔ وہ لکھتے ہیں "میں یہ محسوس کرتا تھا کہ بپتسمہ محض ایمان کا اقرار ہی نہیں بلکہ اس امر کا نشان ہے کہ ہم نے اپنی زندگی کو سیدنا مسیح کی مرضی کے تابع کردیا ہے تاکہ ہم مسیح کے لیے اپنی زندگی کاٹیں"۔