ٹرانزیئنٹ وولٹیج سپریشن ڈائیوڈ

ٹرانزیئنٹ وولٹیج سپریشن ڈائیوڈ (transient-voltage-suppression diode) کو ٹی وی ایس (TVS)، ٹرانسل (transil) اور تھائیریکٹر (thyrector) بھی کہتے ہیں۔ یہ زینر ڈائیوڈ نما دو ٹانگوں (pins) والے سیمی کنڈکٹر سے بنے سادہ پُرزے ہوتے ہیں مگر زینر ڈائیوڈ کے برعکس نسبتاً زیادہ وولٹیج پر بھی کام کرتے ہیں۔ یہ دوسرے الیکٹرونی آلات کو لمحاتی زیادہ وولٹیج (voltage spike, surge, transient) سے بچاتے ہیں۔[1]
جب کسی الیکٹرونی آلے کو مہیا کی جانے والی بجلی میں ایک لمحے کے لیے وولٹیج بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے (جسے سرج کہتے ہیں) تو اسے نہ سرکٹ بریکر روک سکتے ہیں نہ اوور وولٹیج ریلے (over voltage relay) اور نہ ایس پی ڈی۔ اس وجہ سے برقی آلات کے جل جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ٹی وی ایس ڈائیوڈ ایسے موقع پر کام آتے ہیں اور برقی دباو (وولٹیج) کی شدت میں خاطر خواہ کمی کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے قیمتی برقی آلات کے وولٹیج کے لیے حساس (voltage sensitive) پُرزے خراب ہونے سے بچ جاتے ہیں۔
ٹی وی ایس ڈائیوڈ دو طرح کے ہوتے ہیں۔ پہلی قسم عام زینر ڈائیوڈ کی طرح زیادہ وولٹیج پر صرف ایک سمت میں کرنٹ گزرنے دیتی ہے (مثلاً 1.5KE350A) جبکہ دوسری قسم زیادہ وولٹیج پر ٹرائیک کی طرح دونوں سمتوں میں کرنٹ گزرنے دیتی ہے (مثلاً 1.5KE350CA) یعنی اے سی (آلٹرنیٹنگ کرنٹ) کے لیے بھی استعمال ہو سکتی ہے۔

ٹرانزیئنٹ وولٹیج سپریشن ڈائیوڈ
STMicroelectronics Transil TVS devices
قسمPassive
اصولِ کارavalanche breakdown
الیکٹرونک نشان
گھروں کو فراہم کی جانے والی بجلی میں اکثر غیر متوقع اور لمحاتی وولٹیج کی بڑی زیادتی کو سرج (surge) یا ٹرانزیئنٹ (transient) کہتے ہیں جنہیں ٹی وی ایس ڈائیوڈ بڑی حد تک روک لیتا ہے۔ ایسے سرج سرکٹ بریکر سے نہیں رکتے اور ٹی وی، کمپیوٹر، اڈاپٹر اور دیگر الیکٹرونی آلات کو خراب کر سکتے ہیں۔

ایسے آلات جو وولٹیج کی زیادتی سے بچاتے ہیں کلیمپنگ ڈیوائس (clamping device) کہلاتے ہیں۔
ویریسٹر بھی بجلی کے سرج (surge) کو روک لیتے ہیں لیکن ویریسٹر وقت گزرنے کے ساتھ کمزور ہوتے چلے جاتے ہیں۔ اس کے برعکس ٹی وی ایس ڈائیوڈ کی عمر ویریسٹر سے بہت زیادہ ہوتی ہے۔ جب وولٹیج میں زیادتی ہوتی ہے تو ٹی وی ایس ڈائیوڈ نینو سیکنڈ یا پیکو سیکنڈ میں فعال ہو جاتے ہیں جو وولٹیج کے لیے حساس آلات کو بچانے کے لیے بہت مددگار خوبی ہے۔[2]
اگر بجلی کے تاروں پر آسمانی بجلی گر جائے تو ٹی وی ایس ڈائیوڈ برقی آلات کو بچا نہیں سکتے۔ آسمانی بجلی سے بچاو کے لیے استعمال ہونے والے آلہ کو surge protection device (ایس پی ڈی) کہتے ہیں۔ لیکن یہ بہت زیادہ وولٹیج اور کرنٹ کے لیے بنے ہوتے ہیں اور ایک دفعہ فعال ہونے کے بعد بیکار ہو جاتے ہیں اور تبدیل کرنے پڑتے ہیں۔ یہ بھی غیر آسمانی بجلی والے سرج نہیں روک سکتے جنہیں ٹی وی ایس ڈائیوڈ روک لیتا ہے۔ ایسے غیر آسمانی بجلی والے سرج سے ٹی وی ایس ڈائیوڈ خراب نہیں ہوتا اور بدلنا نہیں پڑتا بشرطیکہ یہ سرج ایک ملی سیکینڈ میں ختم ہو جائے۔
ٹی وی ایس ڈائیوڈ کے ساتھ ہمیشہ سیریز میں سرکٹ بریکر استعمال کرنا چاہیے تاکہ اگر ٹی وی ایس ڈائیوڈ جل جائے تو سرکٹ بریکر کرنٹ کاٹ دے۔

مزید دیکھیے

ترمیم

حوالہ جات

ترمیم
  1. An Introduction to Transient Voltage Suppressors (TVS)
  2. Transient Voltage Suppression Diodes