گلیشیر
موسم سرما میں برف باری کے بعد موسم گرما میں برف کا پگھلاؤ اور عمل تبخیر ساری برف کو ختم کرنے میں ناکام رہتا ہے۔ اس طرح سال بسال برف کی مقدار بڑھتی رہتی ہے۔ پگھلنے اور دوبارہ منجمد ہونے کی بنا پر برف سخت ہو جاتی ہے۔ نیز یہ دانے دار برف بن جاتی ہے۔ بالائی برف کے دباؤ سے تحتی برف سخت قلمی برف کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ یہ برف اس برف سے مختلف ہوتی ہے جو پانی کے منجمد ہونے سے تشکیل پاتی ہے، نیز اس کے ذرات کے درمیان ہوا مقید ہو جاتی ہے۔ اس لیے برف دودھیا رنگ کی ہو جاتی ہے۔ جب برف کی تہ خاصی دبیز ہو جاتی ہے تو اس کی نچلی تہیں ارضی حرارت کی بنا پر نرم رہتی ہیں اور پھسلنا شروع کر دیتی ہیں۔ اس طرح گلیشیر کی ابتدا ہوتی ہے۔
جب کسی طاس یا نشیبی وادی میں برف کا ایک وسیع ذخیرہ جمع ہو جائے تو اس ڈھیر میں سے زبان کی شکل کا ایک حصہ اوپری دباؤ کی بنا پر برآمد ہونے لگتا ہے جو آہستہ آہستہ سرکتے سرکتے اس انبار سے علاحدہ ہو کر ڈھلان کے ساتھ متحرک ہو جاتا ہے۔ اسے گلیشیر کہتے ہیں۔
گلیشیر کی جسامت و حرکت
ترمیمگلیشیر اگر جسامت میں بڑا ہے تو اس کی رفتار نہایت سست ہوتی ہے اور جتنی اس کی جسامت کم ہو گی اسے حرکت میں آسانی ہوتی ہے اور وہ تیز رفتاری سے حرکت کرتا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ سست رفتار گلیشیر کولوراڈو اور انٹارکٹیکا میں واقع ہیں۔ کولوراڈو میں ان کی رفتار یومیہ ایک فٹ اور انٹارکٹیکا میں تین فٹ ہے۔ سب سے زیادہ تیز رفتار گلیشیر گرین لینڈ میں ہیں۔ موسم گرما میں ان کی رفتار 60 فٹ یومیہ ہوتی ہے۔ انٹارکٹیکا میں دنیا کا سب سے بڑا گلیشیر ہے۔ یہ تین فٹ یومیہ سے بھی کم حرکت کرتا ہے۔ جبکہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے درمیان واقع سیاچن گلیشیر دنیا کا دوسرا سب سے بڑا گلیشیر ہے۔ موسم گرما میں گلیشیروں کی حرکت کی رفتار موسم سرما کے مقابلے میں زیادہ تیز ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں گلیشیر کے مختلف حصوں میں حرکت کی رفتار مختلف ہوتی ہے۔ اس کے اطرافی یا پہلوی حصے درمیانی حصے کے مقابلے میں سست رفتار ہوتے ہیں یعنی وسطی حصہ زیادہ تیز رفتار ہوتا ہے۔ گلیشیر سطح زمین پر عام طور پر پھسلتا ہوا چلتا ہے۔ اس کا بالائی حصہ زیریں حصے کی نسبت زیادہ تیز رفتار ہوتا ہے۔ نیز گلیشیر کی رفتار ڈھال کے مطابق سست یا تیز ہوتی ہے۔ درجہ حرارت بڑھنے سے اس کی رفتار تیز ہو جاتی ہے اور اسی طرح درجہ حرارت گرنے سے اس کی رفتار میں سستی آ جاتی ہے۔ اسی بنا پر موسم گرما میں گلیشیر زیادہ تیز رفتاری سے حرکت کرتے ہیں۔
گلیشیر کی اقسام
ترمیمگلیشیر کی تین بنیادی اقسام ہیں:
- تختہ یخ (Ice Sheet)
- کلاہ یخ (Ice Caps)
- براعظمی تختہ یخ (Continental Ice Sheet)
- کوہ پا گلیشیر (Peidmont Glaciers)
- وادی یا کوہی یا الپائنی گلیشیر (Valley, Mountain or Alpine Glacier)