سرخ و سیاہ
سرخ و سیاہ (انگریزی: The Red and the Black، فرانسیسی: Le Rouge et le Noir) فرانسیسی ادیب ستاں دال کے شہرہ آفاق ناول LE ROUGE ET LE NOIR کا اردو ترجمہ ہے۔ یہ ناول پہلی مرتبہ 1830ء میں دو جلدوں میں شائع ہوا تھا۔[1] انگریزی میں یہ ناول THE RED AND THE BLACK کے نام سے شائع ہوا۔ بقول سمرسٹ ماہم: یہ دنیا کے دس بہترین ناولوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ممتاز نقاد مظفر علی سید نے اس ناول کو فرانسیسی بلکہ یورپی ادب کے پایۂ بلند کا تعارفیہ قرار دیا ہے۔ اردو اور انگریزی کے علاوہ اس ناول کا دنیا کی متعدد زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ اس ناول میں جوان پادری کی عشقیہ وارداتوں کے روپ میں دورِ حاضر کے انسان کے دل و دماغ کا عکس پیش کیا گیا ہے۔ ازرا پاونڈ کے مطابق اس ناول میں نثر نگاری کا مرتبہ شاعری کے مرتبے سے بھی بلند ہے۔[1] ممتاز ادیب نقاد اور مترجم محمد حسن عسکری نے 1962ء میں اس ناول کو مکتبہ جدید کے لیے ترجمہ کیا تھا۔ بعد میں یہ ترجمہ سنگ میل پبلی کیشنز لاہور سے شائع ہوا۔
سرخ و سیاہ | |
---|---|
(فرانسیسی میں: Le Rouge et le Noir) | |
مصنف | ستاں دال |
اصل زبان | فرانسیسی |
موضوع | منافق ، محبت |
ادبی صنف | نفسیاتی ناول ، تاریخی افسانہ |
تاریخ اشاعت | نومبر 1830 |
او سی ایل سی | 18684539 |
درستی - ترمیم |
ترجمے کا فن بہت ہی احتیاط اور جان کنی کا متقاضی ہوتا ہے۔ کسی ایک زبان سے دوسری زبان میں ترجمہ کرنے کے لیے مترجم کو الفاظ کے انتخاب کے لیے زبان میں مہارت اور خاص تکنیک کی ضرورت ہوتی ہے۔ چونکہ محمد حسن عسکری ترجمہ نگاری کے ہنر و فن میں ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک افسانہ نگار، محقق، نقاد اور فرانسیسی زبان سے واقف بھی تھے، اس لیے اس اردو ترجمہ میں طبع زاد تحریر کی سی روانی ہے۔ بقول احتشام حسین عسکری صاحب کے ترجمے میں اصل ناول کی ساری خوبیاں موجود ہیں۔
حوالہ جات
ترمیم- ^ ا ب Aldo Garzanti (1974) [1972]۔ Enciclopedia Garzanti della letteratura (بزبان الإيطالية)۔ Milan: Garzanti۔ صفحہ: 874