مولانا سید ضیاء الدین شاہ سلطان پوری عالم با عمل ، فقیہ العصر اور سید حسین الدین شاہ کے والد ہیں۔

ولادت

ترمیم

سید ضیاء الدین ابن سید حمید شاہ قریباً 1312ھ/1894ء میں سلطان پور ضلع اٹک میں پیدا ہوئے۔آپ کا خاندان علم و فضل اور تقویٰ و پرہیز گار ی میں مشہور و معروف تھا ۔

تعلیم و تربیت

ترمیم

آپ نے تعلیم کا آغاز اپنے والد گرامی مولانا سید حمید شاہ سے کیا اس کے بعد تعلیم مولانا احمد دین (والد ماجد استاذ الاساتذہ مولانا محب النبی ) سے حاصل کی ۔ ترکیب پڑھنے کے لیے موضع شاہراں ( ضلع اٹک) میں صرف و نحو کے مشہور آفاق اساتذہ کی خدمت میں حاضر ہوئے بعد ازاں مختلف اساتذہ سے استفادہ کرتے ہوئے اہل سنت کے مایہ ناز فاضل مشتاق احمد کانپوری ابن مولانا احمد حسن کانپوری کی خدمت میں اجمیر شریر حاضر ہوئے او معقول و منقول کی منتہی کتب کادرس لیا، دورہ حدیث شریف دہلی میں جامعہ امینیہ میں پڑھا ۔ مولاناسید ضیاء الدین پیر مہر علی شاہ گولڑوی کے مخلص مریدین میں سے تھے ، بار ہا سیال شریف کے سفر میں آپ پیر صاحب کے ہم سفر رہے ۔

درس و تدریس

ترمیم

مولانا سید ضیاء الدین نے فراغت کے بعد 1336ھ میں سلطان پور میں اپنے دادا کے دور سے جاری درس و تدریس کے سلسلہ کو ترقی دیتے ہوئے دار العلوم حمیدیہ کے نام سے دینی مدرسہ قائم کیا اور وصال سے دو تین سال پہلے تک علوم دینیہ کا درس فی سبیل اللہ دیتے رہے۔ ویسے تو تمام علوم میں دسترس رکھتے تھے لیکن فقہ، اصول فقہ اور میراث میں خاص طور پر ید طولیٰ رکھتے تھے ۔ استاذ الا ساتذہ مولانا محب النبی ان کی زندگی میں فرمایا کرتے تھے کہ میں نے فقہی جزئیات کا ایساماہر کوئی شخص نہیں دیکھا ۔ اور آپ کو فقیہ العصر قرار دیا۔

سیرت و اخلاق

ترمیم

علم و فضل کے با وجود آپ سراپا اخلاق ، پیکر شفقت ، متواضع اور حلیم الطبع شخصیت کے مالک تھے ، سحری کے وقت طلبہ کو درس دیتے اور نماز کے بعد ہل چلاتے ،آخر دم تک نماز با جماعت ادا کرتے رہے۔آپ کے تلامذہ میں یہ حضرات قابل ذکر ہیں :۔

  • مولانا سید غلام محی الدین مہتمم ضیاء العلوم جامعہ رضویہ سبز منڈی راولپنڈی ۔(صاحبزادے)
  • 2۔ مولانا سید عبد الرحمن شاہ خطیب رحمانیہ جامع مسجد ہری پور (صاحبزادے)
  • مولانا سید حسین الدین شاہ ناظم اعلیٰ ضیاء العلولم جامعہ رضویہ سبزی منڈی رالپنڈی۔(صاحبزادے)
  • 4۔ مولانا عبد الحق مہتمم مدرسہ مفتاح العلوم بنگئی( حضرو)
  • 5۔ مولانا حافظ عبد الغفور مہتمم جامعہ غوثیہ بھابڑہ بازار راولپنڈی

مولانا سید ضیاء الدین کے فرزندان گرامی کے افکار و کر دار کی بلندی کو دیکھ کر ان کے والد ماجد کی عظمت کا اعتراف کرنا پڑتا ہے جن کے فیض تربیت سے تینوں صاحبزادے آج دنیائے سنیت کے لیے سرمایۂ افتخار ہیں۔

جامعہ رضویہ ضیاء العلوم

ترمیم

راولپنڈی کی مشہور دینی درس گاہ جامعہ رضویہ ضیاء العلوم ( سبز منڈی) مولانا سید ضیاء الدین کے نام ہی کی طرف منسوب ہے۔

وفات

ترمیم

سید ضیاء الدین 17 جمادی الثانی 19 جولائی ( 1393ھ/1973ء) بروز جمعرات کا وصال ہوا، ،سلطان پور میں آپ کے آبائی قبرستان میں آخری آرام گاہ بنائی گئی ۔ [1]

حوالہ جات

ترمیم
  1. تذکرہ اکابر اہل سنت: محمد عبد‌الحکیم شرف قادری:صفحہ 193 نوری کتب خانہ لاہور