فاتح سلطان محمد پل

(فاتح پل سے رجوع مکرر)

فاتح سلطان محمد پل (ترکی زبان: Fatih Sultan Mehmet Köprüsü) استنبول، ترکی میں آبنائے باسفورس پر واقع ایک پل ہے۔ یہ پل 15 ویں صدی کے عثمانی سلطان محمد ثانی المعروف محمد فاتح سے موسوم ہے جنھوں نے 1453ء میں استنبول فتح کیا تھا۔ یہ پل استنبول کے یورپی علاقے حصارشتو اور ایشیائی علاقے کاواجک کے درمیان واقع ہے۔ یہ پل 1510 میٹر طویل ہے اور اس کے عرشے کا عرض 39 میٹر ہے۔ برجوں کے درمیان فاصلہ 1090 میٹر ہے اور سڑک کی سطح سے اس کی بلندی 105 میٹر ہے۔ یہ پل سطح سمندر سے 64 میٹر بلند ہے۔ فاتح پل کو 1988ء میں اپنی تکمیل کے بعد دنیا کے چھٹے طویل ترین سسپنشن پل کا اعزاز ملا۔

فاتح سلطان محمد پل (1988) اور آبنائے باسفورس

تعمیر

ترمیم

تین جاپانی، ایک اطالوی اور ایک ترک ادارے کے مشترکہ بین الاقوامی منصوبے سے اس پل کی تعمیرات کا کام انجام دیا۔ اس کا نقشہ فری مین فاکس اینڈ پارٹنرز نے بنایا۔ پل 3 جولائی 1988ء کو مکمل ہوا اور اس کا افتتاح اس وقت کے ترک وزیر اعظم ترغت اوزال نے کیا جو اپنی گاڑی کے ذریعے اس پل کو پار کرنے والے پہلے شخص بھی تھے۔ پل پر 130 ملین امریکی ڈالر کی لآگت آئی۔

آمدورفت

ترمیم

یہ پل ادرنہ اور انقرہ کے درمیان "ٹرانس یورپین موٹر وے" پر واقع ہے۔ آج کل روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ گاڑیاں اس پل کو استعمال کر کے یورپ اور ایشیا پہنچتی ہیں۔ اس پل کو استعمال کرنے کے لیے محصول ادا کرنا پڑتا ہے اور محصول کی ادائیگی صرف ان گاڑیوں کو کرنا پڑتی ہے جو یورپ سے ایشیا کی جانب سفر کرتی ہیں مخالف سمت میں سفر کرنے والی گاڑیاں محصول سے مستثنٰی ہیں۔

اضافی معلومات

ترمیم

پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی ایک عام رحجان ہے۔ 2001ء میں 146 افراد نے باسفورس پر واقع دونوں پلوں سے کود کر خود کشی کی کوشش کی جس میں سے 24 اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 2002ء میں 190 اقدامات خود کشی میں 38 افراد ہلاک ہوئے۔

متعلقہ مضامین

ترمیم
  • باسفورس پل، آبنائے باسفورس پر تعمیر کیا جانے والا پہلا پل جو فاتح سلطان محمد پل سے تقریباً 5 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے
  • مرمرے، باسفورس کے آر پار ریلوے سرنگ کا زیر تعمیر منصوبہ