ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2024/ہفتہ 12
استنبول جسے ماضی میں بازنطیوم اور قسطنطنیہ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا ترکی کا سب سے زیادہ آبادی والا شہر اور ملک کا معاشی، ثقافتی اور تاریخی مرکز ہے۔ استنبول یوریشیا کا بین براعظمی شہر بھی ہے جو بحیرہ مرمرہ اور بحیرہ اسود کے درمیان آبنائے باسفورس کے دونوں کناروں پر واقع ہے. یہ آبنائے ایشیا کو یورپ سے جدا کرتی ہے۔ اس کا تجارتی اور تاریخی مرکز یوروپی جانب ہے اور اس کی آبادی کا ایک تہائی حصہ آبنائے باسفورس کے ایشیائی کنارے کے مضافاتی علاقوں میں رہتا ہے۔ اس کے میٹروپولیٹن علاقہ میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ کی مجموعی آبادی ہے جس کی بنا پر استنبول کا شمار دنیا کے سب سے بڑے شہروں میں ہوتا ہے۔ عالمی طور پر یہ دنیا کا پانچواں سب سے بڑا شہر اور یورپ کا سب سے بڑا شہر ہے۔ نیز یہ استنبول میٹروپولیٹن بلدیہ کا انتظامی مرکز بھی ہے۔
سرائے بورنو کے مقام پر 600 ق م میں بازنطیوم کے نام سے آباد ہونے والے شہر کے اثر و رسوخ، آبادی اور رقبہ میں آہستہ آہستہ اضافہ ہوتا رہا اور یہ تاریخ کا سب سے اہم شہر بن گیا۔ 330ء میں قسطنطنیہ کے نام سے از سر نو آباد ہونے کے بعد یہ شہر تقریباً 16 صدیوں تک متعدد سلطنتوں کا دار الحکومت رہا جن میں رومی سلطنت/بازنطینی سلطنت (330ء–1204ء)، لاطینی سلطنت (1204ء–1261ء)، فالیولوجی بازنطین (1261ء–1453ء) اور سلطنت عثمانیہ (1453ء–1922ء) شامل ہیں۔ رومی سلطنت اور بازنطینی دور میں شہر نے مسیحیت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم 1453ء میں فتح قسطنطنیہ کے بعد یہ مسلمانوں کا مرکز اور خلافت عثمانیہ کا دارالخلافہ بن گیا اور قسطنطنیہ کے نام سے 1923ء تک یہ سلطنت عثمانیہ کا دار الحکومت رہا۔ اس کے بعد دار الحکومت کو انقرہ منتقل کرکے اس شہر کا نام استنبول رکھ دیا گیا۔