ڈنمارکی زبان
ڈنمارکی زبان (ڈنمارکی: dansk sprog، ڈینسک اسپو؛ انگریزی: Danish، ڈینش) شمالی جرمانی زبانوں میں سے ایک ہے، جو ہند یورپی زبانوں کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ زبان تقریباً چھ ملین افراد بولتے ہیں، بنیادی طور پر ڈنمارک اور اس کے اطراف کے علاقوں میں۔ ڈنمارکی بولنے والی برادریاں گرین لینڈ، جزائر فارو، اور آلمانیا کے شمالی علاقے جنوبی شلسویگ میں بھی موجود ہیں، جہاں اسے اقلیتی زبان کی حیثیت حاصل ہے۔ چھوٹے پیمانے پر ڈنمارکی بولنے والے افراد ناروے، سویڈن، ریاست ہائے متحدہ، کینیڈا، برازیل، اور ارجنٹائن میں بھی پائے جاتے ہیں۔
| ||||
---|---|---|---|---|
ذاتی نام | (ڈنمارکی میں: dansk)[1] | |||
متکلمین | 6000000 5520860 (2012)[2] 5621380 (2012)[3] |
|||
کتابت | لاطینی حروفِ تہجی | |||
آیزو 639-1 | da[4] | |||
آیزو 639-2 | dan | |||
آیزو 639-3 | dan | |||
درستی - ترمیم |
ڈنمارکی نے دیگر شمالی جرمانی زبانوں کی طرح قدیم نورس زبان کے بطن سے جنم لیا ہے، جو وائکنگ دور کے دوران اسکینڈینیویا میں بسنے والے جرمانی اقوام کی مشترکہ زبان تھی۔ سویڈنی زبان کی طرح ڈنمارکی بھی مشرقی نورس لہجہ سے ماخوذ ہے، جبکہ وسطی ناروی (مڈل نارویجن) زبان (ڈنمارکی کے اثرات سے پہلے) اور ناروی بوکمول کو مغربی نورس میں شامل کیا جاتا ہے، جن میں فاروی زبان اور آئس لینڈی زبان بھی شامل ہیں۔ ایک حالیہ درجہ بندی جو باہمی تفہیم (mutual intelligibility) پر مبنی ہے، جدید بولی جانے والی ڈنمارکی، ناروی، اور سویڈنی کو "براعظمی اسکینڈینیویائی" کے طور پر جدا کرتی ہے، جبکہ آئس لینڈی اور فاروی کو "جزیراتی اسکینڈینیویائی" میں شمار کیا جاتا ہے۔ اگرچہ تحریری زبانیں ہم آہنگ ہیں، لیکن بولی جانے والی ڈنمارکی ناروی (نارویجن) اور سویڈنی سے واضح طور پر مختلف ہے، اور اسی وجہ سے ان زبانوں کے درمیان باہمی تفہیم کی سطح علاقوں اور بولنے والوں کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے۔