اعجاز عبید

اردو کمپیوٹنگ کے حوالہ سے معروف بھارتی شخصیت

اعجاز اختر (پیدائش: 1950ء) جو اپنے قلمی نام اعجاز عبید سے مشہور ہیں، ورلڈ وائڈ ویب پر اردو زبان کی ہمہ جہت ترقی کے لیے بھارت کی انتہائی معروف شخصیت، سہ ماہی مجلہ سمت کے مدیر اور بزم اردو لائبریری کے بانی ہیں۔ بچپن سے ہی بچوں کی نظمیں اور مضامین لکھنے شروع کیے، جو زیادہ تر "نور، رامپور" اور "پیام تعلیم، نئی دہلی" میں شائع ہوئے۔ پہلی بار کسی معیاری رسالے میں بالغ کلام ماہنامہ کتاب جولائی 1968ء میں شائع ہوا۔[1] سنہ 2015ء میں اردو کی برقی یونیکوڈ کتابوں پر مشتمل بزم اردو لائبریری کے نام سے ایک ویب گاہ قائم کی۔

اعجاز اختر
پیدائش1950ء
رتلام، مدھیہ پردیش
رہائشحیدرآباد، تلنگانہ
اسمائے دیگراعجاز عبید
پیشہادب سے وابستگی
وجہِ شہرتاردو کمپیوٹنگ
مذہباسلام

تعلیم

ترمیم

علی گڑھ، مسلم یونیورسٹی سے سنہ 1971ء میں بی اس سی اور سنہ 1974ء میں ارضیات میں ایم ایس سی کیا اور دونوں بار یونیورسٹی میں ممتاز مقام حاصل کیا۔ بعد ازاں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہی میں بطور لیکچرار تقرر ہو گیا جہاں 1974ء تا 1975ء خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد بطور ماہر ارضیات جیالوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی) میں مستقل ملازمت اختیار کی اور سنہ 2010ء میں اسی محکمہ سے وظیفہ یاب ہوئے۔

کمپیوٹر کے میدان میں

ترمیم

کمپیوٹر میں شوق 1993ء سے شروع ہوا، 1996ء میں پہلا ذاتی کمپیوٹر خریدا۔ ڈی بیس میں اپنے ارضیاتی (جیو کیمیکل ڈاٹا) نمونوں کا ڈاٹا بیس بنانا شروع کیا اور اس کے لیے ڈی بیس میں ایک پروگرام بھی لکھا۔ سنہ 1997ء میں سفر حج کے دوران میں سفرنامہ لکھا۔ اور پہلی بار خیال آیا کہ اردو میں بھی کوئی سافٹ ویئر موجود ہے یا نہیں۔ اشہر فرحان، جیلانی بانو کے صاحب زادے سے صفحہ ساز حاصل کیا، لیکن کام کرنے میں مشکل ہوئی، اس لیے چھوڑ دیا۔ سنہ 1999ء میں انٹرنیٹ لیا تو اردو کا سافٹ ویئر ڈھونڈھا اور ان پیج حاصل ہوا۔ اور کسی طرح اپنا سفر نامہ حج خود ٹائپ کیا (جس کا عنوان اللہ میاں کے مہمان رکھا)۔ اس عرصے میں دفتر میں بھی بطور ہندی افسر یا محض بطور ہندی افسر کے معاون کے ہندی زبان کی اشاعت میں تعاون کیا۔ اس ضرورت کے تحت پہلی بار فانٹ بنانا سیکھا اور کئی فانٹ بنائے جس میں دوسرے فانٹس کے گلفس کو استعمال کر کے اپنا نقشہ استعمال کیا تاکہ ان کو صوتی بنایا جا سکے۔

سنہ 2003ء میں کمپیوٹر میں اردو کے استعمال کے لیے کیا کچھ دستیاب ہے، اس کی معلومات حاصل کرنے کی غرض سے یاہو اردو کمپیوٹنگ گروپ تشکیل دیا۔ اسی کے ذریعے یونیکوڈ سے تعارف ہوا اور اردو کا صوتی کی بورڈ غالباً 2003ء میں بنایا۔ اس عرصے میں اسی اردو کمپیوٹنگ گروپ کے ایک رکن نبیل نقوی سے ای میل کے ذریعے کافی عرصے تک ای میل خط کتابت رہی، نبیل چاہتے تھے کہ جاوااسکرپٹ کے استعمال سے ایسا نظم کیا جائے کہ اردو کے تکنیکی استعمال نہ جاننے والے بھی بغیر اردو سپورٹ اور کی بورڈ نصب کیے اردو لکھ سکیں اور اس طرح کوئی فورم بنائی جائے تو اردو کی بہتر ترقی ممکن ہو سکے گی۔ اس خط کتابت کے گروپ میں جہانزیب اور زکریا اجمل نے بھی حصہ لیا۔ سب کے مشورے سے اس کا نام اردو ویب طے ہوا۔ اس طرح اردو کا پہلا فورم "اردو محفل- بزم دوستاں، محفل یاراں " شروع ہوئی۔

اسی دوران میں اعجاز عبید نے ہندی کا کی بورڈ بھی بنایا اور کچھ دیوناگری فانٹ بھی بنائے۔ یاہو کا ہی ایک اور گرپ انڈک کمپیوٹنگّ تشکیل دیا جو اردو کمپیوٹنگ گروپ کی طرح خاصا فعال رہا۔ پھر اردو محفل کے تعاون سے مزید فانٹ بھی بنائے، لیکن یہ سب نسخ فانٹ تھے۔ اسی دوران میں ایم مبین کے مشورے سے اردو محفل کی لائبریری شروع کی نیز کچھ ادبی قسم کے بلاگ بھی بنائے۔

اسی عرصے میں، یعنی 2006ء اور 2007ء کے درمیان میں مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کے کئی شہروں میں اور لکھنؤ، اتر پردیش میں، جہاں جی ایس آئی کے دفاتر تھے، ہندی کے ورک شاپ منعقد کیے جہاں "یونی کوڈ کیا ہے " اور "ہندی ٹائپنگ کس طرح ممکن ہے کہ بغیر سافٹ ویئر اور بغیر ان فانٹس کے پڑھنے میں آ سکے " موضوعات پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ بنگالی، گجراتی، تیلگو، ٹامل، کنڑ اور ملیالم کے کی بورڈ بھی بنائے۔ علاوہ ازیں اپنی کتابوں کی لائبریری کے لیے اعجاز عبید نے فری ہوسٹ استعمال کر کے آئی فاسٹ نیٹ پر اردو اور 250 فری پر انگریزی ویب گاہ بنائیں۔ سمت بھی آئی فاسٹ نیٹ ڈاٹ کام پر ہی ہوسٹیڈ تھا۔ جب سعود عالم اردو ویب کے منتظم بنے، تو پہلے انھوں نے سمت کے لیے ایک اطلاقیہ بنایا اور ہیروکو کی سائٹ پر اس کی ہوسٹنگ کا انتظام کیا۔ اس کے بعد انھوں نے اردو لائبریری کے ڈومین پر (جو اردو ویب کا ہی ڈومین ہے) برقی کتابوں کو مہیا کرنے کا نظم کیا۔ اس کی روز افزوں ترقی کی وجہ سے سمت کو بیس شمارے نکالنے کے بعد بند کرنا پڑا۔ سنہ 2015ء میں سیف قاضی کے مشورے سے بزم اردو نامی ویب گاہ شروع کی اور اب سمت اور برقی لائبریری کا اجرا یہاں سے کیا جا رہا ہے۔

سمت کا اجرا

ترمیم

نومبر 2005ء میں سمت کا پہلا شمارہ شائع کیا جو بلاگ سپاٹ پر بلاگ کی شکل میں ہی تھا۔

مزید دیکھیے

ترمیم

حوالہ جات

ترمیم
  1. ماہنامہ اردو دنیا، نئی دہلی اکتوبر 2015ء میں اعجاز عبید کا شائع شدہ انٹرویو