بریدہ بن حصیب
بریدہ بن حصیب رضی اللہ عنہ(وفات: 63ھ) رسول اللہ ﷺ کے مخلص صحابہ میں شمار ہوتے ہیں۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ہجرت سے پہلے اسلام قبول کیا ۔6ھ میں آپ نے ہجرت کی۔سب سے پہلے غزوہ خیبر میں شامل ہوئے۔غزوہ خیبر کے بعد تمام غزوات میں شرکت کی ۔ یزید کے عہد حکومت میں سن 63ھ میں آپ نے وفات پائی ۔
بریدہ بن حصیب | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
وفات | 680ء کی دہائی خراسان |
اولاد | عبد اللہ بن بریدہ ، سلیمان بن بریدہ |
عملی زندگی | |
پیشہ | جنگجو |
عسکری خدمات | |
لڑائیاں اور جنگیں | غزوہ خیبر ، فتح مکہ |
درستی - ترمیم |
نام و نسب
ترمیمبُرَیْدَہْ نام ، ابو عبد اللہ کنیت، نسب نامہ یہ ہے کہ بریدہ بن حصیب بن عبد اللہ بن حارث بن اعرج بن سعد بن زراح بن عدی بن سہم بن مازن بن حارث بن سلامان بن اسلم اسلمی۔
اسلام
ترمیمبریدہ بن حصیب عین زمانہ ہجرت میں مشرف باسلام ہوئے، اسلام کے واقعہ یہ ہے کہ جب مرکز نبوت مکہ کے ستم کدہ سے مدینہ کے بیت الامن میں مدینہ میں منتقل ہونے لگا اور کوکب نبوی غمیم پہنچا تو یہ آنحضرت ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے، آپ نے اسلام پیش کیا، بریدہ نے بلا پس و پیش قبول کر لیا، ان کے ساتھ بنو اسلم کے اسی خانوادے حلقہ بگوشہ اسلام ہوئے، پھر کچھ دنوں قرآن کی تعلیم حاصل کرکے گھر لوٹ گئے۔[1]
کاتب وحی
ترمیممتعدد موٴرخین نے آپ کا نام کاتبینِ دربار رسالت میں شمار کیا ہے، مثلا: ابن سیدا لناس، عراقی اور انصاری وغیرہ [2]
ہجرت اور غزوات
ترمیمغزوہ بدر اور غزوہ واحد کے معرکے ان کے وطن کے قیام کے زمانہ میں ختم ہو چکے تھے، غالباً 6ھ یا اس سے کچھ پہلے ہجرت کا شرف حاصل کیا، 7ھ میں غزوۂ خیبر پیش آیا، اس میں یہ پیش پیش تھے؛ چنانچہ بیان کرتے ہیں کہ ہم لوگوں نے خیبر کا محاصرہ کیا، پہلے دن ابوبکرؓ نے علم لیا؛ لیکن فتح نہ کر سکے دوسرے دن پھر یہی ہوا، لوگ بہت تھک چکے تھے، آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ کل میں ایسے شخص کو علم دوں گا، جس کو اللہ اور اس کا رسول محبوب رکھتا ہے اور وہ بھی اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہے وہ فتح کرکے لوٹے گا، لوگ بہت خوش ہوئے کہ کل یہ مہم سر ہوگی، دوسرے دن صبح کو آنحضرت ﷺ نے فجر کی نماز پڑھ کر علم منگوایا، لوگ اپنی اپنی صفوں میں تھے، پھر حضرت علی بن ابی طالب کو طلب فرمایا، ان کو آشوب چشم کی شکایت تھی، آنحضرت ﷺ نے لعاب دہن لگا کر علم مرحمت فرمایا اور انھی کے ہاتھوں خیبر فتح ہوا۔ 8ھ میں آنحضرت صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مکہ پر چڑھائی کی، اس میں بھی یہ ہمرکاب تھے؛ چنانچہ بیان کرتے تھے کہ فتح کے دن آنحضرت ﷺ نے کئی نمازیں ایک وضو سے پڑھیں۔[3] فتح مکہ کے بعد آنحضرت ﷺ نے خالد کی ماتحتی میں جو سریہ یمن بھیجا تھا، بریدہ بھی اس میں ساتھ تھے، بعد کو پھر اسی مقام پر علی کی ماتحتی میں مسلمانوں کی ایک جماعت بھیجی گئی اور پوری فوج کی امارت حضرت علی ؓ کو تفویض ہوئی، جنگ کے بعد انھوں نے مال غنیمت میں سے ایک لونڈی خمس میں اپنے لیے مخصوص کرلی، حضرت بریدہؓ کو یہ بات پسند نہ آئی، انھوں نے لوٹ کر یہ واقعہ آنحضرت ﷺ سے بیان کیا، آپ نے سن کر فرمایا، بریدہؓ کیا تم کو علیؓ سے کینہ ہے، انھوں نے صفائی سے اس کا اقرار کیا، فرمایا ان سے کینہ نہ رکھو، ان کو خمس میں سے اس سے زیادہ کا حق ہے، [4] حضرت بریدہؓ کہتے ہیں کہ آنحضرت کی زبان مبارک سے یہ لفظ سن کر میری ساری شکایت حضرت علیؓ سے جاتی رہی اور ان سے اتنی محبت ہو گئی جو کسی دوسرے سے نہیں تھی۔[5] آنحضرت ﷺ کی زندگی میں جس قدر غزوات بھی ہوئے، بریدہؓ تقریباً سب میں شریک تھے، ان کے غزوات کی مجموعی تعداد سولہ ہے، [6] آنحضرت ﷺ نے اپنے مرض الموت میں اسامہؓ کی زیر سرکردگی جو سریہ شام بھیجا تھا، اس میں بھی یہ شریک اور سریہ کے علمبردار تھے۔ابن حجر کے مطابق ابوبکر سے بیعت نہیں کی تھی۔ آنحضرت ﷺ کی زندگی بھر دیار حبیب میں رہے، آپ کی وفات کے بعد جب حضرت عمرؓ کے زمانہ میں بصرہ آباد ہوا تو دوسرے صحابہ کے ساتھ یہاں منتقل ہو گئے اور یہیں مستقل گھر بنالیا۔ ان کی رگ رگ میں جہاد کا خون دوڑتا تھا، لوگوں سے کہا کرتے تھے کہ زندگی کا مزہ گھوڑے کدانے میں ہے، اسی جذب و ولولہ کی بنا پر خلفاء کے زمانہ میں بھی مجاہدانہ شریک ہوتے تھے، حضرت عثمانؓ کے عہدِ خلافت میں خراسان پر فوج کشی ہوئی، اس میں آپ کی تلوار نے اپنے جوہر دکھائے۔ مگر مسلمانوں کے مقابلہ میں ان کی تلوار ہمیشہ نیام میں رہی، چنانچہ شیخین کے بعد جس قدر خانہ جنگیاں ہوئیں ان میں سے کسی میں شریک نہیں ہوئے؛ بلکہ شدت احتیاط کی بنا پر ان لوگوں کے بارہ میں جو اس میں شریک تھے کوئی رائے بھی نہ قائم کرتے تھے، ایک شخص نے حضرت علیؓ، عثمانؓ، طلحہؓ اور زبیر کے بارہ میں ان کی رائے معلوم کرنے کے لیے ان کے سامنے ان بزرگوں کا تذکرہ کیا، بریدہؓ فوراً قبلہ رو ہوکر دست بدعا ہو گئے کہ خدایا علیؓ کی مغفرت فرما، عثمانؓ کی مغفرت فرما اور زبیرؓ کی مغفرت فرما، پھر اس شخص سے مخاطب ہوکر کہا کہ تو مجھ کو میرا قاتل معلوم ہوتا ہے، اس نے کہا حاشا میں قاتل کیوں ہونے لگا، اس استفسار سے میرا یہ مقصد تھا، فرمایا ان لوگوں کا معاملہ اللہ کے ہاتھ میں ہے اگر وہ چاہے گا تو ان کی نیکیوں کے بدلہ میں بخش دے گا اور اگر چاہے گا تو ان کی غلطیوں کی سزا میں عذاب دے گا۔[7] [8]
وفات
ترمیمحضرت بریدہ بن حصیب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے یزید کے عہد حکومت میں 63ھ میں وفات پائی، دو لڑکے یادگار چھوڑے عبد اللہ اور سلیمان۔
فضل و کمال
ترمیمفضل و کمال کے اعتبار سے بھی عام صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم کی جماعت میں ممتاز ہیں، احادیث نبوی کی کافی تعداد ان کے حافظہ میں محفوظ تھی، ان کی مرویات کا شمار 164 حدیثوں تک پہنچتا ہے، اس میں ایک متفق علیہ ہے اور 2 میں بخاری اور 11 میں مسلم منفرد ہیں، [9] ان کی مرویات تمامتربراہ راست زبان نبوت سے منقول ہیں، ان کے تلامذہ میں ان کے صاحبزادہ عبد اللہ اور سلیمان اور دوسرے لوگوں میں عبد اللہ بن عوس خزاعی، شعبی اور ملیح بن اسامہ قابل ذکر ہیں۔ [10]
عام حالات
ترمیمحضرت بریدہؓ بن حصیب کو بارگاہ نبوی ﷺ میں پزیرائی حاصل تھی، حضور ﷺ انور ان سے بے تکلفانہ ملتے تھے، کبھی کبھی آنحضرت ﷺ ان کے ہاتھ میں ہاتھ دیے ہوئے نکلتے تھے، ایک مرتبہ یہ کسی ضرورت سے کہیں جا رہے تھے، راستہ میں آنحضرت ﷺ سے ملاقات ہو گئی، آپ نے ان کا ہاتھ پکڑلیا اور آگے بڑھے۔ [11]
حق گوئی
ترمیمحق گوئی ان کا خاص وصف تھا اور وہ بڑی سے بڑی شخصیت کے مقابلہ میں بھی کلمہ حق کے اظہار سے باز نہ رہتے تھے، ایک مرتبہ امیر معاویہؓ کے پاس گئے، ایک شخص بیٹھا ہوا ان سے باتیں کررہا تھا، بریدہؓ نے کہا میں بھی کچھ کہہ سکتا ہوں، معاویہؓ سمجھے یہ بھی پہلے شخص کی طرح مجھے سراہیں گے، کہا شوق سے، فرمایا :میں نے آنحضرت ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ مجھ کو امید ہے کہ قیامت کے دن میں روئے زمین کے کنکر، پتھر اور درختوں کی تعداد کے برابر لوگوں کی شفاعت کروں گا، معاویہ !کیا اس عام شفاعت کے تم مستحق ہو اور علی نہیں ہیں [12] (غالباً پہلا شخص حضرت علیؓ کی مذمت کررہا تھا اور معاویہ بریدہؓ کی زبان سے بھی یہی سننا چاہتے تھے) [13][14]
فرمان نبوی پر عمل
ترمیمآنحضرت صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زبان مبارک سے ایک مرتبہ جو سن لیا، وہ حرزجان بن گیا، ایک مرتبہ آنحضرت صل اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے تھے، آپ نے فرمایا کہ میری امت کو ڈھال کی طرح چوڑے چوڑے اور چھوٹی آنکھ والی قوم تین مرتبہ ہنکائے گی؛ یہاں تک کہ اس کو ہنکاتے ہنکاتے جزیرۃ العرب کے اندر محدود کر دے گی، اس کے پہلے ہلہ میں جو لوگ بھاگ جائیں گے، وہ بچ جائیں گے، دوسرے ہلہ میں بعض بچیں گے اور بعض ہلاک ہوجائیں گے، تیسرے ہلہ میں سب کے سب اس آگ میں پڑ جائیں گے، لوگوں نے پوچھا یا نبی اللہ ﷺ وہ کون ہیں؟ فرمایا ترک، پھر فرمایا اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے وہ لوگ اپنے گھوڑوں کو مسلمانوں کی مسجدوں کے ستونوں سے باندھیں گے، اس ہولناک پیشین گوئی کے بعد بریدہؓ ہمیشہ دو تین اونٹ زادسفر اورپانی پینے کا برتن ساتھ رکھتے تھے کہ جیسے ہی یہ وقت آئے فوراً اس عذاب سے بھاگ نکلیں۔ [15]
حوالہ جات
ترمیم- ↑ ابن سعدجز 4،ق1:178 ، استیعاب:1/69
- ↑ عیون الاثر 2/ 316 العجالة السنیہ شرح الفیہ 246، المصباح المضئی 7/ ب
- ↑ مسند احمد بن حنبل:5/353
- ↑ (صحیح بخاری، جلد2 باب بعث علی الی الیمن ومسند احمد بن حنبل:5/350)
- ↑ صحیح بخاری، جلد2 باب بعث علی الی الیمن ومسند احمد بن حنبل:5/350
- ↑ (بخاری کتاب المغازی باب کم غز النبی ﷺ )
- ↑ طبقات ابن سعد، جز4،ق1:176۔ تذکرہ بریدہ بن حصیب
- ↑ تهذيب الأسماء واللغات للنووي ج1 ص132 العلمية بيروت. آرکائیو شدہ 2020-04-14 بذریعہ وے بیک مشین
- ↑ (تہذیب الکمال:47)
- ↑ (تہذیب التہذیب:1/433)
- ↑ (مسند احمدبن حنبل:5/350)
- ↑ (ایضا:347)
- ↑ الأنساب للسمعاني ج3 ص525 دار الجنان ط1 الأنساب للسمعاني آرکائیو شدہ 2020-02-23 بذریعہ وے بیک مشین
- ↑ أبو نعيم الأصبهاني۔ معرفة الصحابة۔ الأول۔ دار الوطن۔ صفحہ: 430
- ↑ (مسند احمد بن حنبل:5/349)