جھیل ملاوی
جھیل ملاوی (انگریزی: Lake Malawi)، جسے جھیل نیاسا (انگریزی: Lake Nyasa) بھی کہا جاتا ہے، عظیم وادی شق میں واقع افریقہ کی عظیم جھیلوں کے سلسلے کی سب سے جنوبی جھیل ہے۔ اسکاچستان کے معروف مہم جو ڈاکٹر ڈیوڈ لونگ اسٹون کے یہاں کے سفر کے باعث جھیل ملاوی کو کبھی کبھار انگریزی بولنے والے ممالک میں جھیل لونگ اسٹون بھی کہا جاتا ہے۔
یہ جھیل 560 کلومیٹر طویل اور زیادہ سے زیادہ 75 کلومیٹر عریض ہے۔ اس کا کل رقبہ 29 ہزار 600 مربع کلومیٹر ہے۔ جھیل کی اوسط گہرائی 292 میٹر اور زیادہ سے زیادہ گہرائی 706 میٹر ہے۔ جھیل سطح سمندر سے 500 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ جھیل ملاوی کی سرحدیں موزمبیق، ملاوی اور تنزانیہ سے ملتی ہیں۔ جھیل کا بیشتر حصہ ملاوی میں واقع ہے تاہم ملاوی اور تنزانیہ کے مابین علاقہ متنازع ہے۔ تنزانیہ کا دعویٰ ہے کہ جھیل کے اندر بین الاقوامی سرحد نو آبادیاتی دور میں 1914ء سے قبل کے جرمن اور برطانوی علاقوں کے مطابق ترتیب دی جائے۔ جبکہ ملاوی تنزانیہ کے ساحلوں کے بعد پوری جھیل پر دعویدار ہے جو 1919ء کی برطانوی انتظامیہ کے سنبھالنے کی بعد کی صورت حال ہے کیونکہ اس دور میں یہ پوری جھیل برطانوی نیاسالینڈ کا حصہ تھی۔ جھیل کا ایک چوتھائی حصہ موزمبیق کے پاس ہے۔
یورپیوں نے سب سے پہلے اس جھیل کو 1859ء میں دریافت کیا جب مشہور مہم جو اور مسیحی مبلغ ڈاکٹر ڈیوڈ لونگ اسٹون یہاں آئے تھے۔ نو آبادیاتی دور میں جھیل اور اس کے ارد گرد کا بیشتر علاقہ سلطنت برطانیہ کے زیر نگیں تھا جو نیاسالینڈ کہلاتا تھا۔ 1914ء میں اس جھیل میں ایک مختصر بحری جنگ ہوئی جس میں پہلی جنگ عظیم کے آغاز کا اعلان سن کر ایک برطانوی جہاز نے جرمن جہاز کو ڈبو دیا تھا۔
ویکی ذخائر پر جھیل ملاوی سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |