سیر نبی
سیر نبی عثمانی ترک زبان میں حیات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر تحریر کی گئی ترکی مصنف مصطفیٰ ابن یوسف کی تصنیف ہے۔ کتاب چودہویں صدی عیسوی کے اختتامی عشروں میں پایہ تکمیل کو پہنچی۔[1]
سیر نبی | |
---|---|
مصنف | مصطفیٰ ابن یوسف |
ملک | ترکی |
زبان | عثمانی ترک زبان |
معلومات طباعت | |
جلدیں | 5 |
مصطفیٰ ابن یوسف کی دیگر کتابیں | |
درستی - ترمیم |
تفصیلات
ترمیمیہ کتاب سیرت نبوی کے ضمن میں لکھی گئی ہے۔ مصنف مصطفی ابن یوسف ارض روم کے رہنے والے تھے۔ کتاب عثمانی ترک زبان میں تحریر کی گئی جو ابتدائے سلطنت عثمانیہ کی گفتگو اور روزمرہ کی زبان تھی۔ اِس کتاب کو قلمبند کرنے کے لیے برجی مملوک کے سلطان سیف الدین برقوق نے مصطفی ابن یوسف کو معاوضہ فراہم کیا تھا تاکہ سیرت نبوی پر ایک نئی اور محققانہ کتاب نظم و نثر کی صورت میں سامنے آسکے۔ کتاب کا مواد زیادہ تر الواقدی کی کتاب المغازی سے ماخوذ ہے اور مقامات حجاز کے لیے ابو عبید البکری کی تصنیف المسالک و الممالک سے مواد اخذ کیا گیا ہے۔ یہ کتاب پانچ جلدوں پر مشتمل ہے اور 790ھ / 1388ء میں مکمل ہوئی۔ اِس کتاب کی پہلی اور چوتھی جلد توپ قاپی محل میں محفوظ ہے، جبکہ تیسری جلد نیو یارک عوامی کتب خانہ میں اور چوتھی جلد کا بیشتر حصہ ڈبلن کی چیسٹر بیٹی کتب خانہ میں عدد نمبر 419 کے تحت محفوظ ہے۔ پانچویں جلد گمشدہ ہے جس کے آثار امتدادِ زمانہ کے باعث ناپید ہو گئے۔ کل کتاب میں مصورانہ تصاویر کی تعداد 200 سے زائد ہے۔ مارچ 1984ء میں اِس کتاب کی چوتھی جلد فرانس میں فروخت کردی گئی تھی۔ سترہویں صدی عیسوی میں چوتھی جلد کی ایک نقل استنبول کے توپ قاپی محل میں تیار کی گئی تھی۔ یہ نقل 1862ء میں والدہ سلطان پرتیونیال سلطان نے اکسرائے، استنبول کی جامع مسجد کو عطیہ کی تھی۔
اشاعت
ترمیمسیر نبی کی پہلی اشاعت 1832ء میں استنبول، سلطنت عثمانیہ سے ہوئی۔
مزید دیکھیے
ترمیمحوالہ جات
ترمیم- ↑ فشر، کیرل گیریٹ، "A Reconstruction of the Pictorial Cycle of the "Siyar-i Nabī" of Murād III", Ars Orientalis، جلد 14، (1984)، صفحات 75-94