متحدہ قومی موومنٹ پاکستان

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ایک پاکستانی سیاسی جماعت ہے۔ یہ اختلافات کی بنا پر متحدہ قومی موومنٹ سے علاحدہ ہوئی تھی۔[1]


متحدہ قومی موومنٹ-پاکستان
کنوینرخالد مقبول صدیقی
سینئر وائس چیئرمینڈاکٹر فاروق ستار
وائس چیئرمینمصطفیٰ کمال
وائس چیئرمیننسرین جلیل
سیکریٹری جنرلفروغ نسیم
تاسیس23 اگست 2016ء (2016ء-08-23)
تقسیم ازمتحدہ قومی موومنٹ
صدر دفتربہادر آباد، کراچی
نظریاتپاکستانی قومیت
ایوان بالا
5 / 104
قومی اسمبلی
7 / 342
سندھ اسمبلی
21 / 168
انتخابی نشان
پتنگ
جماعت کا پرچم
ویب سائٹ
www.mqmpakistan.org

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان دراصل الطاف حسین کی جانب سے بنائی گئی ایم کیو ایم سے الگ ہونے والا ہی ایک دھڑا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کو 23 اگست 2016ء کو اس وقت بنایا گیا جب ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بانی متحدہ الطاف حسین اور ان کی لندن کی پارٹی سے تمام تر تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اس پارٹی کو اس وقت بنایا گیا، جب 22 اگست 2016 کو الطاف حسین نے پاکستان اور ریاست مخالف تقریر کی تھی، جس کے بعد ایم کیو ایم کارکنان نے ایک نجی نیوز چینل پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ شروع کردی تھی۔

انہی ہنگاموں اور کشیدگی کے بعد پیراملٹری فورس نے ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کو گرفتار کر لیا تھا، جنہیں بعد ازاں رہا کر دیا گیا، جب کہ ساتھ ہی اس تنظیم کے ہیڈ کوارٹر نائن زیرو اور تمام یونٹ دفاتر کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔

اہم رہنما

  • خالد مقبول صدیقی
  • ڈاکٹر فاروق ستار
  • خواجہ اظہار الحسن

سیاست کے اہم نکات

  • کراچی
  • شہری سندھ
  • اردو بولنے والے افراد (مہاجر)
  • سماجی بہتری
  • کوٹا سسٹم کا خاتمہ

اہم سیاسی معاملات

اگرچہ اس سیاسی دھڑے کے رہنماؤں کے اندرونی اختلافات کی وجہ سے پارٹی کی کمزوریاں کھل کر سامنے آئیں، تاہم پھر بھی پارٹی رہنماؤں نے شہری سندھ کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کرکے اپنی پارٹی کو برقرار رکھنے کی جدوجہد جاری رکھی۔

اختلافات اور مسائل کے باعث اس دھڑے کے کم سے کم ڈیڑھ درجن قانون ساز پارٹی سے علاحدہ ہوکر ایم کیو ایم سے ہی جنم لینے والی نئی سیاسی جماعت ’پاک سر زمین پارٹی‘ (پی ایس پی) سمیت دیگر جماعتوں میں چلے گئے۔

اس دھڑے کی قیادت نے کسی کا نام لیے بغیر متعدد مواقع پر دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پارٹی رہنماؤں کو جماعت چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، ساتھ ہی اس دھڑے کی قیادت نے مختلف سیاسی جماعتوں پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ بھی ان کے رہنما توڑنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

تنازعات

یہ دھڑا جس دن سے وجود میں آیا ہے تب سے ہی تنازعات چلے آ رہے ہیں۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس دھڑے کی مرکزی قیادت نے مبینہ طور پر سندھ رینجرز کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر اس گروپ کی تشکیل کی، ساتھ ہی مختلف سیاسی پارٹیاں اور سیاسی مبصرین بھی یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ اس گروپ کو بنانے میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار ہے، لیکن دوسری طرف ایسے بیانات اور دعوے سامنے آنے کے بعد سندھ رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل محمد سعید ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کرچکے ہیں کہ ایم کیو ایم لندن کی تقسیم ان کے اندرونی اختلافات کے باعث ہوئی۔

بدنام زمانہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار 16 ستمبر 2016 کو ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما خواجہ اظہار الحسن کو ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کا ساتھ دینے کے الزام میں گرفتار بھی کرچکے ہیں، دوسری جانب یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ اس گرفتاری کے پیچھے ڈاکٹر فاروق ستار کا ہاتھ تھا، کیوں کہ خواجہ اظہار نے ان سے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر شپ کے عہدے سمیت دیگر مطالبات کیے تھے۔

8 نومبر 2017 کو متحدہ لندن سے الگ ہونے والے دونوں سیاسی گروپوں یعنی پی ایس پی اور ایم کیو ایم پاکستان نے اختلافات بھلا کر اتحاد قائم کرنے اور 2018 کے انتخابات ایک ہی نام اور ایک ہی منشور کے ساتھ لڑنے کا اعلان کیا، تاہم یہ اعلان حقیقت کا روپ دھار نہ سکا اور یہ اتحاد چند ہی گھنٹوں میں ٹوٹ گیا اور کئی اہم رہنماؤں جن میں علی رضا عابدی بھی شامل تھے، انھوں نے پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

اگلے ہی دن ایم کیو ایم کا مخصوص انداز ایم کیو ایم پاکستان میں بھی دیکھنے کو ملا اور حیران کن طور پر پارٹی سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پارٹی کی سربراہی سے استعفیٰ کا اعلان کیا، تاہم اپنی والدہ اور پارٹی کارکنان کی مداخلت اور فرمائش کے بعد چند ہی گھنٹوں میں انھوں نے یہ اعلان واپس بھی لیا۔

نئے سال میں بھی تنازعات نے ایم کیو ایم کے دامن کو نہیں چھوڑا اور 2018 کے ماہ فروری کے پہلے ہی ہفتے میں 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے اعلان پر پارٹی رہنماؤں میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے اور کئی رہنماء پہلی بار کھل کر فاروق ستار کی مخالفت کرنے لگے۔

پارٹی رہنماؤں نے فاروق ستار سے مطالبہ کیا کہ وہ سینیٹ انتخابات کے لیے اپنے پسندیدہ امیدوار کامران ٹیسوری کی نامزدگی کا اعلان واپس لیں، ساتھ ہی پارٹی کی رابطہ کمیٹی نے ان کا نام مسترد کرتے ہوئے ان کی رکنیت بھی 6 ماہ کے لیے معطل کردی۔

بات یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو بھی پارٹی سربراہی سے ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ خالد مقبول صدیقی کو نیا سربراہ مقرر کر دیا، جس کے ردِ عمل میں فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو ہی توڑ کر انٹرا انتخابات کے ذریعے خود کو نیا سربراہ منتخب کروالیا۔

انہی اختلافات کے باعث ایم کیو ایم پاکستان 2 گروپوں یعنی ایم کیو ایم ’پیر الاہی بخش‘ (پی آئی بی) کالونی اور ایم کیو ایم بہادر آباد میں تقسیم ہو گئی۔ پی آئی بی دھڑے کی قیادت فاروق ستار نے سنبھال لی جبکہ بہادر آباد کی قیادت خالد مقبول صدیقی کے پاس رہی۔

12 فروری کو ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ رابطہ کمیٹی کے کچھ ارکان نے انھیں کنوینر شپ کے عہدے سے اس لیے ہٹایا، کیوں کہ وہ ارکان ان کی جگہ سابق آرمی چیف (ریٹائرڈ) جنرل پرویز مشرف کو لے آنا چاہتے ہیں، تاہم بعد ازاں پرویز مشرف نے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پیش کش کے باوجود اس پارٹی کے کسی بھی دھڑے کی سربراہی سے انکار کر دیا ہے

مزید دیکھیے

حوالہ جات

  1. "Farooq Sattar's MQM struggles to step out of Altaf's shadow - The Express Tribune"۔ The Express Tribune (بزبان امریکی انگریزی)۔ 2017-10-15۔ 26 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 17 جنوری 2018