24 (فلم 2016ء)
24 (چوبیس) 2016ء میں جاری کی جانے والی بھارتی تمل زبان کی سائنس فکشن تجسس خیز فلم ہے، اس فلم کے مصنف اور ہدایت کار وکرم کمار ہیں۔ وقت میں سفر کے موضوع پر مبنی اس فلم میں سوریا نے تین کردار نبھائے، جبکہ دیگر اداکاروں میں سامنتھا روتھ پربھو، نتیا مینن اور سرنیا پوونن شامل ہیں۔
24 | |
---|---|
سنیما پر نمائش کا پوسٹر | |
ہدایت کار | وکرم کمار |
پروڈیوسر | سوریا |
تحریر | وکرم کمار |
ستارے | سوریا سامنتھا روتھ پربھو نتیا مینن سرنیا پوونن |
موسیقی | گیت اے آر رحمان پس پردہ موسیقی: اے آر رحمان قطب کڑپہ |
ایڈیٹر | پراون پوڈی |
پروڈکشن کمپنی | |
تقسیم کار | ایروز انٹرنیشنل اسٹوڈیو گرین |
تاریخ نمائش |
|
دورانیہ | 164 منٹ |
ملک | بھارت |
زبان | تمل |
بجٹ | ₹70 کروڑ |
باکس آفس | ₹100 کروڑ |
فلم پر کام کا آغاز 2009ء میں ہوا، جس میں مرکزی کردار وکرم اور الیانا ڈی کروز نے نبھانے تھے۔ تاہم ہدایت کار، پیش کار اور اداکاروں کے مابین اختلافِ رائے کے باعث فروری 2010ء میں مسودہ مسترد ہو گیا۔ اگست 2014ء میں، سوریا نے فلم میں کام کرنے اور پیش کار کی ذمہ داری نبھانے پر رضامندی ظاہر کی۔ چنانچہ اپریل 2015ء میں، پہلے ممبئی اور پھر ناسک، گڑگاؤں اور پونے میں عکس بندی کا آغاز ہوا۔ فلم بندی کا دوسرا مرحلہ ستمبر 2015ء کے اواخر میں پولینڈ میں مکمل ہوا اور نومبر 2015ء تک چنائی میں فلم بندی مکمل کرلی گئی۔
فلم کی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے، جبکہ ویرامتھو اور مدھن کرکے نے بول لکھے۔ فلم کا تمل اور تیلگو ورژن 6 مئی 2016ء کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ ہندی زبان میں یہ فلم ’’ٹائم اسٹوری‘‘ کے عنوان سے پیش کی گئی۔
کہانی
ترمیمڈاکٹر سیٹھورامن (سوریا) ایک معروف سائنس دان اور گھڑی ساز ہے جو اپنی بیوی، پریا (نتیاہ مینن) اور نومولد بیٹے، منی کے ساتھ ایک گھر میں رہتا ہے، جہاں اس کی تجربہ گاہ بھی قائم ہے۔ جنوری 1990ء میں، وہ ایک ایسی گھڑی ایجاد کرتا ہے جو انسان کو ماضی میں زیادہ سے زیادہ 24 گھنٹے پیچھے لے جا سکتی ہے۔ تاہم، اسی وقت اس کا جڑواں بھائی، اتھریا (سوریا) وہاں پہنچ کر گھڑی چھیننے کی کوشش کرتا ہے جس دوران پریا ماری جاتی ہے۔ سیٹھورامن اپنے بیٹے کے ساتھ ایک ٹرین پر سوار ہوجاتا ہے اور منی کو ٹرین کی ایک مسافر خاتون ستھیاباما (سرنیا پوونن) کے سپرد کردیتا ہے۔ اتھریا سیٹھورامن کو قتل کردیتا ہے، لیکن خود بھی شدید زخمی ہوجاتا ہے۔ ستھیاباما کا باپ (گرش کرناڈ) منی کو ساتھ رکھنے کی مخالفت کرتا ہے، چنانچہ وہ اپنا وعدہ نبھانے کے لیے اپنا گھر چھوڑ کر چنئی روانہ ہوجاتی ہے۔
26 سال بعد، منی (سوریا) بھی گھڑی ساز بن جاتا ہے۔ وہ ستھیاباما ہی کو اپنی اصل ماں سمجھتا ہے۔ دوسری طرف فالج زدہ اتھریا طویل بے ہوشی سے جاگتا ہے اور اسی گھڑی کو تلاش کرنے کا فیصلہ کرتا ہے ؛ تاکہ وہ دوبارہ 1990ء میں جاکر خود کو اس حادثے سے محفوظ رکھ سکے۔ بعد ازاں، منی کو اپنے باپ کی تیار کردہ گھڑی مل جاتی ہے اور وہ اس کی طاقت سے واقف ہوجاتا ہے۔ اسے استعمال کرتے ہوئے وہ ستھیا (سامنتھا روتھ پربھو) کو متاثر کرتا ہے، جو اس کی گاہک ہے اور ستھیاباما کے آبائی علاقے ہی سے تعلق رکھتی ہے۔
اتھریا اپنی چالاکی سے وہ گھڑی حاصل کرنے میں کامیاب تو ہوجاتا ہے، لیکن اسے یہ جان کر صدمہ پہنچتا ہے کہ گھڑی صرف چوبیس گھنٹے پیچھے ہی جا سکتی ہے، چنانچہ وہ ایک منصوبے کے تحت خود کو منی کے باپ کے طور پر متعارف کرواتا ہے اور بتاتا ہے کہ اتھریا مرچکا ہے۔ اپنے باپ کی حالت دیکھ کر، منی گھڑی کو اس قابل بنادیتا ہے کہ وہ اسے اور اس کے باپ (حقیقتاً چچا) کو دوبارہ 1990ء میں لے جاسکے۔ لیکن یہ گھڑی وہ اتھریا کو دینے سے پہلے خود استعمال کرلیتا ہے اور جان جاتا ہے کہ خود کو اس کا باپ ظاہر کرنے والا درحقیقت اس کا دشمن چچا ہے۔
اداکار
ترمیم- سوریا بطور منی کندن سیٹھورامن ’’منی‘‘ یا سوبرامنی/ سیٹھورامن/اتھریا، تین کرداروں میں
- سامنتھا روتھ پربھو بطور ستھیابما
- نتیا مینن بطور پریا، منی کی حقیقی ماں
- اجے بطور متھران، اتھریا کا دست راست
- سارنیا پونونن بطور ستھیابما، منی کی منھ بولی ماں
- گیریش کرناڈ بطور ستھیا کا دادا
- موہن وی رامن بطور ستھیا کا باپ
- سودھا بطور ستھیا کی ماں
- ستھین بطور سراونن، منی کی دوست
- چارلی بطور ریڈیار
- ہرشا وردھان بطور کالائی، اتھریا کے ہاں کام کرنے والا الیکٹریشن
- اپوکٹے بطور ریڈیار کا عملہ
پروڈکشن
ترمیمتیاری
ترمیماگست 2009ء میں، ہدایت کار وکرم کمار نے اعلان کیا کہ وہ ’24‘ کے عنوان سے ایک فلم بنانے جا رہے ہیں، جس کے پروڈیوسر موہن ناتاراجن ہوں گے، جبکہ مرکزی کردار وکرم نبھائیں گے۔ فلم کی موسیقی ترتیب دینے کے لیے ہیرس جیراج اور عکاسی کا شعبہ دیکھنے کے لیے پی سی سری رام کے ناموں کی بھی تصدیق کی گئی۔ 2009ء کے اواخر میں، چینائی کے اے وی ایم اسٹوڈیو میں فلم بندی کا آغاز ہوا۔ گھنے جنگلات اور غاروں سے مشابہت رکھنے والا سیٹ تیار کیا گیا۔ دی ٹائمز آف انڈیا کو ایک انٹرویو میں ہدایت کار وکرم نے بیان دیا کہ ’’ہم نے فلم 24 میں کام کرنے کے لیے الیانا ڈی کروز کو سائن کر لیا ہے اور یہ تمل سنیما میں ان کا تعارفِ نو ثابت ہوگا۔ وہ ہمیں فلم کے دوسرے شیڈیول کے لیے فروری 2010ء کی تاریخیں دے چکی ہیں۔ ‘‘
فروری 2010ء میں وکرم نے اعلان کیا کہ اس فلم پر کام منسوخ کیا جا رہا ہے کیونکہ انھوں نے فلم کی کہانی کو بہتر کرنے کے لیے تبدیلیاں کی تھیں تاہم اداکار وکرم اور فلم پروڈیوسر نے انھیں مسترد کر دیا۔ ایک اور وجہ یہ بھی بیان کی گئی کہ فلم پروڈکشن کے اخراجات شروع ہوجانے کے باوجود ہدایت کار فلم کی مکمل کہانی فراہم کرنے میں ناکام رہے تھے۔
اگست 2014ء میں سوریا کی پروڈکشن کمپنی، 2ڈی انٹرٹینمنٹ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اس منصوبے پر کام کے آغاز کا اعلان کیا۔ فلم کے گیتوں کی دھن اور پس پردہ موسیقی ترتیب دینے کے لیے، اکتوبر 2014ء میں اے آر رحمان کے نام کا اعلان کیا گیا۔ کہانی کا مرکزی خاکہ وہی تھا تاہم اس عرصے کے دوران ہدایت کار وکرم کمار نے اسکرین پلے میں بعض تبدیلیاں کی تھی۔ ایک انٹرویو میں سوریا نے کہانی کا خاکہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’دنیا میں ایک چیز ہے جس پر انسانوں کا اختیار نہیں اور وہ ہے ’’وقت‘‘، لیکن اگر کسی کو یہ طاقت مل جائے تو کیا ہوگا۔ یہی فلم ’24‘ کا موضوع ہے۔ ‘‘
حوالہ جات
ترمیمروابط
ترمیم- 24 آئی ایم ڈی بی پر