مالک بن تیہان رضی اللہ تعالیٰ عنہ غزوہ بدر میں شامل انصاری صحابی ابو الہیثم بن تیہان سے مشہور ہیں۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جان نثار صحابی مالک بن تیہان جنہیں لوگ ابو الہیثم بن تیہان کے نام سے جانتے ہیں۔آپ رضی اللہ تعالی عنہ نے غزوہ بدر میں شرکت فرمائی تھی ۔ آپ کا نام مالک ہے جبکہ آپ کی کنیت ابو الہیثم ہے ۔ آپ کا تعلق قبیلہ اوس سے ہے ۔ مالک بن تیہان کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جو زمانہ جاہلیت میں بھی توحید کے قائل تھے ۔ حضرت اسعد بن زرارہ رضی اللہ تعالی عنہ مکہ سے ہو کر مدینہ گئے تو وہاں جا کر انھوں نے ابو الہیثم کو بتایا کہ وہ مسلمان ہو گئے ہیں ۔ انھوں نے آپ رضی اللہ تعالی عنہ کو بھی اسلام کی دعوت دی ۔ جو آپ نے فورا قبول کرلی ۔ دوسرے سال جو وفد مدینہ سے مکہ اسلام قبول کرنے گیا تھا ابو الہیثم ان افراد میں شامل تھے۔ جب رشتہ اخوت قائم کیا جا رہا تھا تو حضرت عثمان بن مظعون رضی اللہ تعالی عنہ کو آپ کا بھائی بنایا گیا ۔ آپ نے تمام غزوات میں شرکت کی تھی ۔ حضرت مالک بن تیہان رضی اللہ تعالی عنہ نے بیس ہجری میں حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کے عہد خلافت میں وفات پائی ۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ آپ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کے عہد خلافت تک بھی زندہ رہے تھے ۔ آپ رضی اللہ تعالی عنہ سے کچھ احادیث بھی روایت کی گئی ہیں ۔[1]

ابو ہیثم بن تیہان
معلومات شخصیت
پیدائشی نام مالک بن تیہان
مقام وفات مدینہ منورہ   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
کنیت ابو الہیثم
عملی زندگی
نسب الاوسی الأنصاری
عسکری خدمات
لڑائیاں اور جنگیں غزوات نبوی

نام و نسب

ترمیم

مالک نام، ابوالہیثم کنیت، قبیلہ اوس سے ہیں، نسب نامہ یہ ہے مالک بن تیہان بن مالک بن عتیک بن عمرو بن عبد الاعلم بن عامر بن زعورا بن جثم بن حارث بن خزرع بن عمرو بن مالک بن اوس۔ زعورا، عبد الاشہل کا بھائی تھا، اس بنا پر ابو الہیثم اسید بن حضیر کے ابن عم ہیں، بعض لوگوں کا خیال ہے کہ عبد الاشہل سے محض حلیفانہ تعلق تھا، دراصل وہ خاندان بلی کے ایک فرد تھے، ابن سعد کی یہی رائے ہے، لیکن کثرت رائے پہلی روایت کی جانب ہے۔ [2]

اسلام

ترمیم

وہ جاہلیت ہی میں توحید کے قائل تھے، ابن سعد لکھتا ہے: وكان أسعد بن زرارة وأبو الهيثم بن التيهان يتكلمان بالتوحيد بيثرب[3] یعنی مدینہ منورہ میں اسعد بن زرارہؓ اور ابو الہیثم بن تیہان، توحید کا نظریہ رکھتے تھے۔[4]

اسعد بن زرارہ، بیعت عقبہ اولی میں 6 آدمیوں کے ساتھ جب مکہ مکرمہ سے مسلمان ہو کر آئے تو ابوالہیثم سے اپنا مسلمان ہونا بیان کیا اور اسلام کی تعلیم پیش کی، ابوالہیثم پہلے ہی دین فطرت کے متلاشی تھے فوراً اس صدا کو لبیک کہا۔

اس کے ایک سال بعد 12 آدمیوں کا جو وفد مکہ گیا، ابوالہیثم اس میں شامل تھے آنحضرت کے دست مقدس پر بیعت کی ، دوسرے سال بیعت عقبہ ثانیہ میں 70 آدمیوں کے ساتھ گئے اور بیعت حرب میں شریک ہوئے، کہتے ہیں کہ اس میں سب سے پہلے بیعت کے لیے جس شخص نے ہاتھ بڑھایا وہ ابوالہیثم تھے، بنو عبد الاشہل کا یہی بیان ہے اور موسیٰ بن عقبہ نے امام زہری سے یہی نقل کیا ہے۔

اس بارہ میں بیانات مختلف ہیں، بنو نجار، اسعد ؓ بن زرارہ کے تاج عظمت پر طرہ لگاتے ہیں، بنو سلمی کعبؓ بن مالک کو پیش کرتے ہیں اور بعض لوگ ان سب کے علاوہ براء ابن معرور کا نام لیتے ہیں۔ [5] بیعت کے بعد نقیبوں کا انتخاب ہوا، بنو عبدالاشہل میں اسید بن حضیر اور ابو الہیثم اس منصب کے لیے پیش کیے گئے۔ [6]

غزوات

ترمیم

عثمان بن مظعون رضی اللہ تعالیٰ عنہ جو بڑے پایہ کے مہاجر تھا، ان سے رشتہ اخوت قائم ہوا، غزوات عہد نبوت میں کسی غزوہ کی شرکت سے محروم نہیں رہے۔

وفات

ترمیم

حضرت عمرؓ کے زمانہ خلافت 20ھ میں وفات پائی، بعض لوگوں کا قول ہے کہ حضرت علیؓ کے عہدِ خلافت تک زندہ تھے اور صفین میں ان کی طرف سے لڑ کر شہید ہوئے۔[7][8]

اختلاف

ترمیم
  • پہلا قول: جنگ صفین میں شہادت صحیح نہیں، واقدی نے صاف تصریح کی ہے کہ صفین میں ان کی شرکت کی خبر بے بنیاد ہے، اس کے ماسوا 20ھ میں فوت ہونے پر زہری، صالح بن کسان اور حاکم جیسے جلیل القدر محدثین کی روایتیں موجود ہیں، ان کے مقابلہ میں ایک مشکوک اور بے سند روایت کہاں تک قابل اعتبار ٹھہر سکتی ہے؟
  • دوسرا قول: یہ مسلم ہے کہ آپ صفین کی جنگ لڑے اور اس میں عمار یاسر کے بعد شہید ہوئے۔ مولا علی ایک خطبے میں عمار یاسر، خزیمہ ذو الشہادتین اور ابو الہیثم کو یاد کرتے ہیں۔ کہ کہاں کیے یہ با وفا ساتھی۔
  • تیسرا قول: آپ صفین میں شریک تھے مگر وفات بعد میں ہوئی۔[7]

فضل و کمال

ترمیم

حدیث کی بعض کتابوں میں چند روایتیں مذکور ہیں، لیکن ان کی صحت پر مشکل سے یقین کیا جا سکتا ہے، امام ابن عسقلانی رحمہ اللہ علیہ لکھتے ہیں:

الروايات عن أبي الهيثم كلها فيها نظر وليست تأتي من وجه يثبت وذلك لتقدم موته۔[9] [2]

اخلاق

ترمیم

حب رسول پر ذیل کا واقعہ شاہد عدل ہے۔ ایک روز محمد صل للہ علیہ والہ وسلم خلاف معمول باہر تشریف لائے ،حضرت ابوبکرؓ صدیق بھی پہنچے،پوچھا ابوبکر اس وقت کیسے آئے، عرض کی حضور کی زیارت کو،تھوڑی دیر میں حضرت عمر بھی آ گئے،ان سے بھی یہی سوال ہوا، انھوں نے کہا یا رسول اللہ ﷺ اس وقت بھوک یہاں لائی ارشاد ہوا میں بھوکا ہوں ،یہ تینوں بزرگ ابولہثیم کے یہاں چلے ابو الہیثم کے پاس کھجور کے باغات اور بکریوں کے ریوڑ تھے،لیکن کوئی نوکر نہ تھا اور تمام کام خود انجام دیتے تھے، اس وقت وہ گھر میں موجود نہ تھے، مکان پہنچ کر آواز دی ان کی بیوی نے کہا پانی بھرنے گئے ہیں،تھوڑی دیر میں مشک لیے ہوئے آتے دکھائی دیے محمد صل للہ علیہ والہ وسلم کو دیکھ کر مشک رکھ دی اور آپ سے لپٹ کر نہایت ذوق و شوق سے کہنے لگے میرے ماں باپ آپ پر فدا، اس کے بعدا پنے باغ میں لے گئے بیٹھنے کے لیے کوئی چیز بچھادی اور خود چھوہاروں کی ایک شاخ کاٹ لائے،محمد صل للہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا پکے چھوہارے لائے ہوتے،عرض کیا اس میں پکے،گدر ہر قسم کے ہیں، جو مرغوب خاطر ہوں، آپ اس کو نوش فرمائیں، چھوہارے کھانے کے بعد پانی پلایا ،پانی نہایت صاف اور شیریں تھا، محمد صل للہ علیہ والہ وسلم نے کھانے کے بعد فرمایا، دیکھو، کتنی نعمتیں ہیں، سایہ ،عمدہ چھوہارے، ٹھنڈا پانی، خدا کی قسم ان کا قیامت کے دن سوال ہوگا، ابو الہیثم اپنے معزز مہمانوں کو باغ میں چھوڑ کر مکان آئے اور کھانے کا سامان کیا، محمد صل اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا تھا کہ دودھ دینے والی بکری ذبح نہ کرنا، انھوں نے ایک بچہ ذبح کرایا اور اس کو بریاں کرکے حضور کی خدمت میں لائے، محمد صل للہ علیہ وآلہ وسلم نے کھانے کے بعد پوچھا تمھارے پاس نوکر ہے، عرض کیا نہیں، فرمایا جب میرے پاس قیدی آئیں تو آنا اس اثنامیں دو قیدی آئے، ابو الہیثم سے ارشاد ہوا کہ ایک کو پسند کرلو، انھوں نے محمد صل للہ علیہ والہ وسلم پر چھوڑا، آپ نے ایک کو اس بنا پر منتخب کیا کہ وہ نماز پڑھتا تھا، ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ اس سے اچھا برتاؤ کرنا غلام کو لے کر گھر آئے اور بیوی سے یہ قول نقل کیا۔ بیوی بھی نہایت سمجھدار ملی تھی بولیں فرمان نبوی کی تعمیل منظور ہے، تو ان کو آزاد کر دو، انھوں نے ایسا ہی کیا ،محمد صل للہ علیہ والہ وسلم کو خبر ملی تو نہایت مسرور ہوئے اور میاں بیوی کی مدح فرمائی۔[10][11][12] [13][14][15]

حوالہ جات

ترمیم
  1. البداية والنهاية» كتاب سيرة رسول الله صلى الله عليه وسلم» باب بدء إسلام الأنصار رضي الله عنهم آرکائیو شدہ 2017-09-06 بذریعہ وے بیک مشین
  2. ^ ا ب الطبقات الكبرى لابن سعد - أَبُو الْهَيْثَمِ بْنُ التَّيِّهَانِ (2) آرکائیو شدہ 2016-12-20 بذریعہ وے بیک مشین
  3. (طبقات الکبری لابن سعد، باب ذكر دعا رسول الله، صلى الله عليه وسلم ، الأوس والخزرج:/218)
  4. (طبقات،جلد1، قسم1، صفحہ:146)
  5. (اسد الغابہ:4/174)
  6. سير أعلام النبلاء» الصحابة رضوان الله عليهم» ابن التيهان آرکائیو شدہ 2017-12-04 بذریعہ وے بیک مشین
  7. ^ ا ب الإصابة في تمييز الصحابة - أبو الهيثم بن التّيّهان (2) آرکائیو شدہ 2017-09-06 بذریعہ وے بیک مشین
  8. المازندراني، شرح أصول الكافي، ج 11، ص 297.؛ الكوفي، الفتوح، ج 3، ص 173.؛ البحراني، نهج البلاغة، ج 3، ص 394.
  9. (الاصابۃ فی معرفۃ الصحابۃ،القسم الاول،جزء3،صفحہ:424)
  10. جامع ترمذی:391
  11. اسد الغابہ جلد 3 صفحہ 80 حصہ ہشتم مؤلف: ابو الحسن عز الدين ابن الاثير ،ناشر: المیزان ناشران و تاجران کتب لاہور
  12. اصحاب بدر، صفحہ 189، قاضی محمد سلیمان منصور پوری، مکتبہ اسلامیہ اردو بازار لاہور
  13. الطبقات الكبرى لابن سعد - أَبُو الْهَيْثَمِ بْنُ التَّيِّهَانِ (1) آرکائیو شدہ 2016-12-20 بذریعہ وے بیک مشین
  14. أسد الغابة في معرفة الصحابة - مالك بن التيهان آرکائیو شدہ 2020-04-26 بذریعہ وے بیک مشین
  15. الإصابة في تمييز الصحابة - أبو الهيثم بن التّيّهان (1) آرکائیو شدہ 2020-05-11 بذریعہ وے بیک مشین

لوا خطا ماڈیول:Navbox_with_columns میں 228 سطر پر: bad argument #1 to 'inArray' (table expected, got nil)۔