بلیک فرائیڈے (خریداری)
کالا جمعہ یا بلیک فرائیڈے (انگریزی: Black Friday) سے مراد ریاست ہائے متحدہ میں یوم شکرانہ (نومبر کی چوتھی جمعرات) کے بعد آنے والا جمعہ ہے۔ 2000ء دہائی کے اوائل سے، ریاست ہائے متحدہ میں یہ دن کرسمس کی خریداری کرنے کے آغاز کے طور پر منایا جانے لگا ہے۔ اس موقع پر، خریداری کے بیشتر مراکز صبح سویرے سے رات گئے تک کھلے رہتے ہیں اور خریداری کی اشیا پر خصوصی رعایت کی پیش کش بھی کرتے ہیں۔ بلیک فرائیڈے کو اگرچہ سرکاری تعطیل نہیں ہوتی، تاہم کیلیفورنیا اور بعض دیگر ریاستوں میں سرکاری ملازمین کسی دوسری وفاقی تعطیل (مثلاً یوم کولمبس) کے بدلے ’’یومِ شکرانہ سے اگلا دن‘‘ چھٹی کے طور پر مناتے ہیں۔ بیشتر اسکولوں میں یومِ شکرانہ اور اس سے اگلے دن جمعہ کو بھی چھٹی ہوتی ہے، یوں وہ چار چھٹیوں پر مشتمل طویل ویکینڈ مناتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خریداروں کی تعداد میں قابل قدر اضافہ ہوجاتا ہے۔ 2005ء سے یہ دن خریداری کے اعتبار سے سال کا سب سے مصروف ترین دن بنتا جا رہا ہے۔
بلیک فرائیڈے | |
---|---|
نومبر 2008ء میں ٹارگٹ کارپوریشن کے اسٹور پر بلیک فرائیڈے کی خریداری کا منظر | |
منانے والے | ریاستہائے متحدہ، برطانیہ، کینیڈا، میکسیکو، برازیل، بھارت، پاناما، کوسٹاریکا، رومانیہ، ڈنمارک، سویڈن، جنوبی افریقا، فرانس، ناروے، ہنگری، اسپین، پاکستان |
قسم | Commercial |
تقریبات | خریداری |
تاریخ | امریکی یوم شکرانہ کے بعد اگلا دن |
تکرار | سالانہ |
منسلک | یوم شکرانہ، یوم نا خریداری، مختصر کاروباری سنیچر، سائبر پیر، گیونگ ٹیوزڈے، کرسمس اور یوم باکسنگ |
2014ء میں، بلیک فرائیڈے کے چار تعطیلات پر مشتمل ویکینڈ میں خریداری پر 50.9 بلین ڈالر خرچ کیے گئے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 11 فی صد کم تھے۔ جب کہ اس عرصے کے دوران، ریاست ہائے متحدہ کے 133 ملین صارفین نے خریداری کی، جو پچھلے سال کے 144 ملین کے مقابلے میں 5.2 فی صد کم تھے۔
نام کی وجہ
ترمیماس دن کو یہ نام فلاڈیلفیا سے ملا، جہاں یومِ شکرانہ سے اگلے دن سڑکوں پر پاپیادہ چلنے والوں اور گاڑیوں کے بے پناہ اژدھام کے باعث اس دن کو بلیک فرائیڈے کہا جانے لگا۔ اس اصطلاح کا استعمال 1961ء سے بھی قبل ہوا اور 1975ء کے لگ بھگ اسے فلاڈیلفیا سے باہر بھی جانے لگا۔ بعد ازاں، اس کی ایک دوسری توجیہ بھی پیش کی گئی: پرچون فروشوں کو عموماً جنوری سے نومبر تک مالیاتی خسارے کا سامنا رہتا تھا (جسے ’سرخ‘ رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے) اور ’’بلیک فرائیڈے ‘‘ اس نقطے کی طرف اشارہ کرتا ہے جب وہ منافع کمانا شروع کرتے ہیں (جو ’’سیاہ‘‘ رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے)۔ 1951 اور 1952 میں بھی اس اصطلاح کو استعمال کیا گیا ہے۔ عام طور پر یوم تشکر کی چھٹیوں کے بعد مزدور بیمار ہوجاتے تھے، جس کی وجہ سے اس دن کو بلیک فرائیڈے کہنے لگے۔